اَمثال
21 بادشاہ کا دل یہوواہ کے ہاتھ میں پانی کی ندی کی طرح ہوتا ہے؛
وہ اِسے جہاں چاہتا ہے، موڑ دیتا ہے۔
2 اِنسان کو اپنی سب راہیں صحیح لگتی ہیں
لیکن یہوواہ دلوں* کو جانچتا ہے۔
3 یہوواہ کو قربانیوں سے زیادہ
نیک اور صحیح کام پسند ہیں۔
4 گھمنڈ سے بھری آنکھیں اور غرور سے بھرا دل گُناہ ہیں؛
یہ وہ چراغ ہیں جو بُرے شخص کو راستہ دِکھاتے ہیں۔
5 محنتی شخص کے منصوبے ضرور کامیاب* ہوتے ہیں
لیکن جلدبازی سے کام لینے والے سب لوگ کنگال ہو جاتے ہیں۔
6 جھوٹ بول کر حاصل کِیا گیا خزانہ
دُھند کی طرح غائب ہو جاتا ہے اور جانلیوا پھندا ثابت ہوتا ہے۔*
7 بُرے لوگوں کا ظلم اُن کا صفایا کر دے گا
کیونکہ وہ اِنصاف سے کام لینے سے اِنکار کر دیتے ہیں۔
8 گُناہگار شخص کی راہ ٹیڑھی ہوتی ہے
لیکن بےگُناہ شخص کی روِش سیدھی ہوتی ہے۔
9 گھر کی چھت پر ایک کونے میں رہنا
جھگڑالو* بیوی کے ساتھ گھر کے اندر رہنے سے بہتر ہے۔
10 بُرے شخص کو* بُرائی کی طلب ہوتی ہے؛
وہ اپنے پڑوسی پر ذرا بھی رحم نہیں کرتا۔
11 جب مذاق اُڑانے والے کو سزا دی جاتی ہے تو ناتجربہکار شخص سمجھدار بن جاتا ہے؛
جب دانشمند شخص کو گہری سمجھ حاصل ہوتی ہے تو اُس کا علم بڑھتا ہے۔*
12 نیک خدا بُرے شخص کے گھر کو غور سے دیکھتا ہے؛
وہ بُرے لوگوں کو گِرا کر اُنہیں تباہ کر دیتا ہے۔
13 جو ادنیٰ شخص کی دُہائی سُن کر اپنے کان بند کر لیتا ہے،
اُس کی اپنی دُہائی بھی نہیں سنی جائے گی۔
14 چوری چھپے دیا گیا تحفہ غصے کو ٹھنڈا کر دیتا ہے
اور چھپا کر دی گئی رشوت* قہر کو۔
15 نیک شخص کو اِنصاف سے کام لینے سے خوشی ملتی ہے
لیکن بُرائی کرنے والوں کو یہ سخت ناپسند ہوتا ہے۔
16 جو شخص گہری سمجھ کی راہ سے بھٹک جاتا ہے،
وہ مُردوں کے ساتھ آرام کرے گا۔
17 موج مستی سے پیار کرنے والے کنگال ہو جائیں گے؛
مے اور تیل سے پیار کرنے والے امیر نہیں ہوں گے۔
18 نیک شخص کی خاطر بُرے شخص کو فدیے میں دیا جاتا ہے
اور سیدھی راہ پر چلنے والے شخص کی جگہ دھوکےباز شخص کو لے لیا جاتا ہے۔
19 ویرانے میں رہنا جھگڑالو* اور چڑچڑی بیوی کے ساتھ رہنے سے بہتر ہے۔
20 دانشمند شخص کے گھر میں قیمتی خزانہ اور تیل ہوتا ہے
لیکن احمق اپنا سب کچھ اُڑا دیتا ہے۔*
21 جو شخص نیکی اور اٹوٹ محبت کی جستجو میں رہتا ہے،
وہ نیک بن جائے گا اور زندگی اور عزت پائے گا۔
22 دانشمند شخص زورآور لوگوں کے شہر کو فتح کر سکتا ہے*
اور جس طاقت پر اُنہیں بھروسا ہوتا ہے، اُسے مٹا سکتا ہے۔
23 جو شخص اپنے مُنہ اور زبان پر قابو رکھتا ہے،
وہ خود کو* پریشانی سے بچاتا ہے۔
24 جو شخص انجام کی پروا کیے بغیر اپنی حد پار کرتا ہے،
وہ مغرور،* گھمنڈی اور شیخیباز کہلاتا ہے۔
25 سُست شخص کی خواہش اُسے موت کے گھاٹ اُتار دیتی ہے
کیونکہ وہ اپنے ہاتھوں سے کام نہیں کرنا چاہتا۔
26 وہ دن بھر کسی نہ کسی چیز کا لالچ کرتا ہے
لیکن نیک شخص دل کھول کر دوسروں کو دیتا ہے۔
27 خدا بُرے شخص کی قربانی سے گِھن کھاتا ہے
اور اگر وہ بُری نیت سے* قربانی پیش کرتا ہے تو وہ اِس سے اَور بھی زیادہ گِھن کھاتا ہے!
28 جھوٹ بولنے والا گواہ مٹ جائے گا
لیکن جو شخص دھیان سے سنتا ہے، اُس کی گواہی قائم رہے گی۔*
29 بُرا شخص اپنے چہرے سے پُراِعتماد ہونے کا دِکھاوا کرتا ہے
لیکن سیدھی راہ پر چلنے والے شخص کی روِش صحیح ہوتی ہے۔*
30 یہوواہ کے سامنے نہ تو کوئی دانشمندی، نہ سُوجھبُوجھ اور نہ ہی کوئی اِرادہ ٹک سکتا ہے۔
31 جنگ کے دن کے لیے گھوڑا تیار کِیا جاتا ہے
لیکن نجات یہوواہ کی طرف سے ملتی ہے۔