یُوناہ
2 پھر یُوناہ نے مچھلی کے پیٹ میں اپنے خدا یہوواہ سے دُعا کی 2 اور کہا: ”مَیں نے پریشانی کی حالت میں یہوواہ کو پکارا اور اُس نے مجھے جواب دیا۔
مَیں نے قبر* کی گہرائیوں* سے مدد کی دُہائی دی
اور تُو نے میری آواز سنی۔
3 جب تُو نے مجھے گہرائیوں میں، ہاں، کُھلے سمندر کے بیچ میں پھینک دیا
تو پانیوں نے مجھے گھیر لیا؛
تیری طاقتور موجوں اور لہروں نے مجھے دبوچ لیا۔
4 تب مَیں نے کہا: ”مجھے تیری نظروں سے دُور کر دیا گیا ہے!
اب مَیں تیری مُقدس ہیکل کو دوبارہ کیسے دیکھ پاؤں گا؟“
5 پانیوں نے مجھے گھیر لیا اور موت کے مُنہ میں دھکیل دیا؛
مَیں گہرے سمندر میں ڈوبتا چلا گیا؛
سمندری پودے میرے سر کے گِرد لپٹ گئے۔
6 مَیں ڈوبتے ڈوبتے پہاڑوں کی بنیادوں تک پہنچ گیا؛
زمین کے دروازے ہمیشہ کے لیے مجھ پر بند ہونے لگے؛
لیکن اَے یہوواہ میرے خدا! تُو نے مجھے اِس گڑھے سے نکال کر میری جان بچائی۔
7 جب میری زندگی* ختم ہو رہی تھی تو مَیں نے یہوواہ کو یاد کِیا۔
پھر میری دُعا تیرے حضور تیری مُقدس ہیکل میں پہنچی۔
8 جو لوگ بےجان بُتوں کو پوجتے ہیں، وہ اُس ہستی کو ترک کر دیتے ہیں جو اُن سے اٹوٹ محبت کرتی ہے۔*
9 لیکن مَیں تیرا شکرگزار ہوں گا اور تیرے حضور قربانی پیش کروں گا۔
مَیں اُس منت کو پورا کروں گا جو مَیں نے مانی ہے۔
نجات یہوواہ کی طرف سے ہے۔“
10 آخرکار یہوواہ کے حکم پر مچھلی نے یُوناہ کو خشکی پر اُگل دیا۔