یسعیاہ
11 یسی کے مُڈھ* سے ایک ٹہنی اُگے گی
اور اُس کی جڑوں سے ایک کونپل پھوٹے گی جو پھل لائے گی۔
2 یہوواہ کی روح اُس پر رہے گی،
ہاں، دانشمندی اور سمجھداری کی روح،
ہدایت اور طاقت کی روح،
علم اور یہوواہ کے خوف کی روح۔
3 اُسے یہوواہ کے خوف کی وجہ سے خوشی ملے گی۔
وہ صرف اُس بات کی بِنا پر فیصلہ نہیں کرے گا جو وہ اپنی آنکھوں سے دیکھے گا
اور نہ ہی صرف اُس بات کی بِنا پر اِصلاح کرے گا جو وہ اپنے کانوں سے سنے گا۔
4 وہ بغیر طرفداری کیے* ادنیٰ لوگوں کا اِنصاف کرے گا
اور زمین کے حلیم لوگوں کی خاطر راستی سے اِصلاح کرے گا۔
وہ اپنے مُنہ کی لاٹھی سے زمین کو مارے گا
اور اپنے لبوں کے دم* سے بُرے لوگوں کو مار ڈالے گا۔
5 نیکی اُس کا کمربند ہوگی
اور وفاداری اُس کی پیٹی۔*
6 بھیڑیا میمنے کے ساتھ رہا کرے گا
اور تیندوا بکری کے بچے کے ساتھ لیٹے گا
اور بچھڑا اور شیر* اور موٹاتازہ جانور سب ساتھ ہوں گے*
اور چھوٹا لڑکا اُن کی پیشوائی کرے گا۔
7 گائے اور ریچھنی مل کر چریں گی
اور اُن کے بچے اِکٹھے لیٹیں گے۔
شیر بیل کی طرح بھوسا کھائے گا۔
8 دودھ پیتا بچہ ناگ کے بِل کے پاس کھیلے گا
اور جس بچے کا دودھ چھڑایا گیا ہوگا، وہ زہریلے سانپ کے بِل میں ہاتھ ڈالے گا۔
9 وہ میرے سارے مُقدس پہاڑ پر نہ تو کوئی نقصان پہنچائیں گے
اور نہ کوئی تباہی مچائیں گے
کیونکہ زمین یہوواہ کے علم سے بھر جائے گی
جیسے سمندر پانی سے بھرا ہے۔
10 اُس دن یسی کی جڑ قوموں کے لیے ایک جھنڈے کی طرح کھڑی ہوگی۔
قومیں رہنمائی کے لیے اُس سے رُجوع* کریں گی
اور اُس کی آرامگاہ عالیشان بن جائے گی۔
11 اُس دن یہوواہ دوسری بار اپنا ہاتھ بڑھائے گا اور اپنی قوم کے بچے ہوئے حصے کو اسور،مصر، فتروس، کُوش، عِیلام، سِنعار،* حمات اور سمندر کے جزیروں سے واپس لائے گا۔ 12 وہ قوموں کے لیے ایک جھنڈا کھڑا کرے گا اور اِسرائیل کے بکھرے ہوئے لوگوں کو جمع کرے گا۔ وہ زمین کے چاروں کونوں سے یہوداہ کے بکھرے ہوئے لوگوں کو اِکٹھا کرے گا۔
13 اِفرائیم کا حسد ختم ہو جائے گا
اور یہوداہ سے دُشمنی کرنے والوں کو مٹا دیا جائے گا۔
اِفرائیم یہوداہ سے حسد نہیں کرے گا
اور نہ ہی یہوداہ اِفرائیم سے دُشمنی کرے گا۔
14 وہ مغرب میں فِلسطینیوں کی ڈھلانوں* پر جھپٹیں گے؛
وہ مل کر مشرق کے لوگوں کو لُوٹیں گے۔
وہ ادوم اور موآب کے خلاف اپنا ہاتھ* بڑھائیں گے
اور عمونی اُن کی رعایا بن جائیں گے۔
15 یہوواہ مصر کے سمندر کی خلیج* کو تقسیم کر دے گا*
اور بڑے دریا* پر اپنا ہاتھ لہرائے گا۔
وہ اپنی جھلسا دینے والی سانس* سے اِس کی سات ندیوں کو مارے گا*
اور یہ ممکن بنائے گا کہ لوگ اپنے جُوتوں میں پار جائیں۔
16 اُس کی قوم کے بچے ہوئے حصے کے لیے اسور سے ایک شاہراہ نکلے گی
جیسی اُس دن اِسرائیلیوں کے لیے تھی جس دن وہ مصر سے نکلے تھے۔