عزرا
7 اِس سب کے بعد فارس کے بادشاہ ارتخششتا کی حکمرانی کے دوران عزرا* واپس آئے۔ وہ سِرایاہ کے بیٹے تھے جو عزریاہ کے بیٹے تھے جو خِلقیاہ کے بیٹے تھے 2 جو سلّوم کے بیٹے تھے جو صدوق کے بیٹے تھے جو اخیطُوب کے بیٹے تھے 3 جو امریاہ کے بیٹے تھے جو عزریاہ کے بیٹے تھے جو مِرایوت کے بیٹے تھے 4 جو زِراخیاہ کے بیٹے تھے جو عُزّی کے بیٹے تھے جو بُقّی کے بیٹے تھے 5 جو ابیسُوع کے بیٹے تھے جو فینحاس کے بیٹے تھے جو اِلیعزر کے بیٹے تھے جو کاہنِاعظم ہارون کے بیٹے تھے۔ 6 عزرا بابل سے آئے تھے۔ وہ ایک نقلنویس تھے اور موسیٰ کی شریعت کا بڑا علم رکھتے تھے* جو اِسرائیل کے خدا یہوواہ نے دی تھی۔ بادشاہ نے اُن کی ہر درخواست پوری کی کیونکہ اُن کے خدا یہوواہ کا ہاتھ اُن پر تھا۔
7 بادشاہ ارتخششتا کی حکمرانی کے ساتویں سال میں کچھ اِسرائیلی، کاہن، لاوی، گلوکار، دربان اور ہیکل کے خدمتگار* یروشلم کے لیے روانہ ہوئے۔ 8 اور عزرا، بادشاہ ارتخششتا کی حکمرانی کے ساتویں سال کے پانچویں مہینے میں یروشلم پہنچے۔ 9 اُنہوں نے پہلے مہینے کے پہلے دن بابل سے سفر شروع کِیا اور وہ پانچویں مہینے کے پہلے دن یروشلم پہنچے۔ اِس پورے سفر کے دوران اُن کے خدا کا شفقت بھرا ہاتھ اُن پر تھا۔ 10 عزرا نے اپنے دل کو تیار کِیا ہوا تھا* کہ وہ یہوواہ کی شریعت سے رہنمائی حاصل کریں گے، اِس پر عمل کریں گے اور اِسرائیلیوں کو اِس میں لکھے معیاروں اور فیصلوں کی تعلیم دیں گے۔
11 یہ اُس خط کی ایک نقل ہے جو بادشاہ ارتخششتا نے کاہن عزرا کو دیا جو نقلنویس تھے اور اُن حکموں اور معیاروں کی اچھی سمجھ رکھتے تھے* جو یہوواہ نے اِسرائیل کو دیے تھے:
12 * ”بادشاہوں کے بادشاہ ارتخششتا کی طرف سے کاہن عزرا کے نام جو آسمان کے خدا کی شریعت کا نقلنویس ہے: تُم پر سلامتی ہو! 13 مَیں یہ فرمان جاری کرتا ہوں کہ میری سلطنت میں رہنے والے جو اِسرائیلی اور اُن کے کاہن اور لاوی تمہارے ساتھ یروشلم جانا چاہتے ہیں، وہ جائیں۔ 14 تمہیں بادشاہ اور اُس کے سات مُشیروں کی طرف سے بھیجا جا رہا ہے تاکہ تُم جا کر پتہ لگاؤ کہ یہوداہ اور یروشلم میں تمہارے خدا کی اُس شریعت پر عمل کِیا جا رہا ہے یا نہیں جو تمہارے سپرد کی گئی ہے۔* 15 وہ چاندی اور سونا لے کر جاؤ جو بادشاہ اور اُس کے مُشیروں نے اپنی خوشی سے اِسرائیل کے خدا کے لیے دیا ہے جس کی رہائش یروشلم میں ہے 16 اور وہ ساری چاندی اور سونا بھی جو تمہیں بابل کے پورے صوبے* میں ملے اور وہ ہدیے بھی جو لوگ اور کاہن اپنی خوشی سے اپنے خدا کے گھر کے لیے دیں جو یروشلم میں ہے۔ 17 تُم اِن پیسوں سے فوراً بیل، مینڈھے، میمنے اور اِن کے ساتھ نذرانے کے طور پر پیش کِیا جانے والا اناج اور مے خریدنا اور اِنہیں یروشلم میں موجود اپنے خدا کے گھر کی قربانگاہ پر پیش کرنا۔
18 اور جو چاندی اور سونا باقی بچے گا، اُس کے حوالے سے جیسے تمہیں اور تمہارے بھائیوں کو مناسب لگے اور جیسے تمہارے خدا کی مرضی ہو ویسے ہی کرنا۔ 19 تمہیں تمہارے خدا کے گھر میں اِستعمال کرنے کے لیے جو برتن دیے جا رہے ہیں، اُن سب کو یروشلم میں اپنے خدا کے سامنے رکھ دینا۔ 20 اِس کے علاوہ اگر تمہیں تمہارے خدا کے گھر کے لیے کسی اَور چیز کی ضرورت ہو تو اُس کا خرچہ شاہی خزانے سے دے دینا۔
21 مَیں بادشاہ ارتخششتا بڑے دریا کے پار* کے علاقے کے سب خزانچیوں کے لیے یہ فرمان جاری کرتا ہوں کہ کاہن عزرا جو آسمان کے خدا کی شریعت کا نقلنویس ہے، تُم سے جو بھی مانگے، وہ اُسے فوراً دیا جائے 22 یعنی 100 قِنطار* تک چاندی، 100 کور* تک گندم، 100 بت* تک مے، 100 بت تک تیل اور بےحساب نمک۔ 23 آسمان کے خدا کے گھر کے لیے وہ سب کچھ جوش سے کِیا جائے جس کا حکم آسمان کے خدا نے دیا ہے تاکہ اُس کا قہر بادشاہ کی سلطنت اور اُس کے بیٹوں پر نہ بھڑکے۔ 24 اور تمہیں یہ ہدایت بھی کی جاتی ہے کہ کاہنوں، لاویوں، موسیقاروں، دربانوں، ہیکل کے خدمتگاروں* اور خدا کے اِس گھر میں کام کرنے والوں میں سے کسی سے بھی ٹیکس، خراج یا راستے کا محصول نہ لیا جائے۔
25 اور عزرا! تُم اُس دانشمندی کے مطابق جو تمہیں تمہارے خدا سے ملی ہے،* بڑے دریا کے پار کے علاقے میں منصف اور قاضی مقرر کرو تاکہ وہ سب لوگوں کا اِنصاف کریں یعنی اُن سب لوگوں کا جو تمہارے خدا کے قوانین کو جانتے ہیں۔ اور اُن میں سے جو اِن قوانین کو نہیں جانتے، تُم اُنہیں یہ قوانین سکھاؤ۔ 26 جو کوئی تمہارے خدا کی شریعت یا بادشاہ کے قوانین پر عمل نہ کرے، اُسے فوراً سزا دی جائے۔ اُسے یا تو سزائےموت دی جائے یا جلاوطن کر دیا جائے یا قید میں ڈال دیا جائے یا اُس پر جُرمانہ عائد کِیا جائے۔“
27 ہمارے باپدادا کے خدا یہوواہ کی بڑائی ہو جس نے بادشاہ کے دل میں یہ بات ڈالی کہ وہ یروشلم میں موجود یہوواہ کے گھر کی خوبصورتی بڑھائے! 28 اُس نے بادشاہ، اُس کے مُشیروں اور اُس کی سلطنت کے سب طاقتور حاکموں کے سامنے میرے لیے اٹوٹ محبت ظاہر کی ہے۔ میرے خدا یہوواہ کا ہاتھ مجھ پر تھا اِس لیے مَیں نے ہمت پکڑی* اور اِسرائیلیوں میں سے پیشوائی کرنے والے کچھ آدمیوں کو اِکٹھا کِیا تاکہ وہ میرے ساتھ یروشلم جائیں۔