سلاطین کی پہلی کتاب
9 جب سلیمان نے یہوواہ کا گھر، اپنا محل اور وہ سب کچھ بنا لیا جو وہ بنانا چاہتے تھے تو اُس کے فورا بعد 2 یہوواہ دوسری بار اُن پر ظاہر ہوا جیسے وہ جِبعون میں اُن پر ظاہر ہوا تھا۔ 3 یہوواہ نے سلیمان سے کہا: ”مَیں نے تمہاری دُعا اور رحم کی وہ اِلتجا سنی ہے جو تُم نے مجھ سے کی ہے۔ مَیں نے اِس گھر کو پاک* ٹھہرایا ہے جو تُم نے بنایا ہے اور میرا نام سدا اِس میں رہے گا اور میری نظریں اور میرا دل ہمیشہ اِس کی طرف لگا رہے گا۔ 4 اگر تُم میرے ہر حکم پر عمل کرو گے اور میرے معیاروں اور فیصلوں کو مانو گے اور اِس طرح اپنے باپ داؤد کی طرح سچے دل اور راستی سے میری راہوں پر چلو گے 5 تو مَیں تمہاری بادشاہت کا تخت اِسرائیل پر ہمیشہ کے لیے قائم کروں گا جیسے مَیں نے تمہارے باپ داؤد سے وعدہ کِیا تھا کہ ”تمہاری نسل میں ہمیشہ کوئی ایسا شخص رہے گا جو اِسرائیل کے تخت پر بیٹھے گا۔“ 6 لیکن اگر تُم اور تمہارے بیٹے میری راہ پر چلنا چھوڑ دو گے اور میرے حکموں اور میرے قوانین پر عمل نہیں کرو گے جو مَیں نے تمہیں دیے ہیں اور جا کر دوسرے خداؤں کی پرستش کرو گے اور اُن کے سامنے جھکو گے 7 تو مَیں اِسرائیل کو اُس ملک سے مٹا دوں گا جو مَیں نے اُسے دیا ہے اور اُس گھر کو جسے مَیں نے اپنے نام کے لیے پاک* ٹھہرایا ہے، اپنی نظروں سے دُور کر دوں گا اور اِسرائیل سب قوموں کے لیے مذاق* بن جائے گا اور وہ اُس کا تمسخر اُڑائیں گی۔ 8 یہ گھر کھنڈر بن جائے گا اور جو بھی اِس کے پاس سے گزرے گا، وہ حیرت سے اِسے دیکھے گا اور سیٹی بجا کر کہے گا: ”یہوواہ نے اِس ملک اور اِس گھر کے ساتھ ایسا کیوں کِیا؟“ 9 پھر وہ کہیں گے: ”ایسا اِس لیے ہوا کیونکہ اُنہوں نے اپنے خدا یہوواہ کو چھوڑ دیا جو اُن کے باپدادا کو مصر سے نکال کر لایا تھا اور اُنہوں نے دوسرے خداؤں کو اپنا لیا اور اُن کے سامنے جھکے اور اُن کی پرستش کی۔ اِسی لیے یہوواہ اُن پر یہ ساری تباہی لایا۔““
10 سلیمان کو دو گھر یعنی یہوواہ کا گھر اور اپنا محل بنانے میں 20 سال لگے۔ 11 اِس کے بعد سلیمان نے صُور کے بادشاہ حِیرام کو گلیل کے علاقے میں 20 شہر دیے کیونکہ حِیرام نے سلیمان کو دیودار اور صنوبر کی لکڑی اور جتنا سونا اُنہوں نے مانگا تھا، دیا تھا۔ 12 حِیرام صُور سے وہ شہر دیکھنے گئے جو سلیمان نے اُنہیں دیے تھے لیکن اُنہیں وہ شہر پسند نہیں آئے۔* 13 اِس پر اُنہوں نے کہا: ”میرے بھائی! آپ نے مجھے یہ کیسے شہر دیے ہیں؟“ اِس لیے اُن شہروں کو آج کے دن تک کابُول کی سرزمین* کہا جاتا ہے۔ 14 اِس دوران حِیرام نے بادشاہ سلیمان کو 120 قِنطار* سونا بھیجا۔
15 یہ اُن لوگوں کی تفصیل ہے جنہیں بادشاہ سلیمان کی خدمت کے لیے بُلایا گیا تاکہ وہ یہوواہ کا گھر، بادشاہ کا محل، ٹیلا،* یروشلم کی دیوار، حصور، مجِدّو اور جِزر کو بنائیں۔ 16 (مصر کے بادشاہ فِرعون نے آ کر جِزر پر قبضہ کر لیا تھا اور اُسے آگ سے جلا دیا تھا۔ اُس نے شہر میں رہنے والے کنعانیوں کو بھی قتل کروا دیا تھا۔ پھر اُس نے یہ شہر اپنی بیٹی یعنی سلیمان کی بیوی کو رُخصتی کے تحفے* کے طور پر دے دیا تھا۔) 17 سلیمان نے جِزر اور نشیبی بیتحورون بنوائے۔* 18 اُنہوں نے بعلات اور ملک کے اندر ویرانے میں تَمر 19 اور سلیمان کے گوداموں والے سب شہر، رتھوں والے شہر اور گُھڑسواروں کے لیے شہر بنوائے۔ اُنہوں نے یروشلم، لبنان اور اپنی سلطنت کے سارے علاقوں میں وہ سب کچھ بنوایا جو وہ بنوانا چاہتے تھے۔ 20 جہاں تک اموریوں، حِتّیوں، فِرِزّیوں، حِویوں اور یبوسیوں کے سب بچے ہوئے لوگوں کی بات ہے جو بنیاِسرائیل کا حصہ نہیں تھے 21 اور جنہیں اِسرائیلی ہلاک نہیں کر پائے تھے تو ملک میں اُن کی بچی ہوئی اولاد کو غلاموں کے طور پر سلیمان کی خدمت کرنے کے لیے بُلایا گیا اور وہ آج تک ایسا کرتے ہیں۔ 22 لیکن سلیمان نے کسی بھی اِسرائیلی کو غلام نہیں بنایا کیونکہ وہ اُن کے جنگجو، خادم، حاکم، فوجی افسر اور رتھبانوں اور گُھڑسواروں کے سربراہ تھے۔ 23 سلیمان کا کام کرنے کے لیے نگرانوں پر 550 سربراہ تھے جو کام کرنے والوں کی نگرانی کرتے تھے۔
24 لیکن فِرعون کی بیٹی داؤد کے شہر سے اپنے محل میں آ گئی جو سلیمان نے اُس کے لیے بنوایا تھا۔ پھر سلیمان نے ٹیلا* بنوایا۔
25 سال میں تین بار سلیمان اُس قربانگاہ پر جو اُنہوں نے یہوواہ کے لیے بنوائی تھی، بھسم ہونے والی قربانیاں اور صلح* والی قربانیاں پیش کرتے تھے۔ وہ اُس قربانگاہ پر جو یہوواہ کے سامنے تھی، قربانیاں پیش کرتے تھے تاکہ اُن کا دُھواں اُٹھے۔ اِس طرح اُنہوں نے خدا کے گھر کی تعمیر مکمل کی۔
26 بادشاہ سلیمان نے عِصیونجابر میں بہت سے جہازبھی بنائے۔ عِصیونجابر ادوم کے علاقے میں بحیرۂاحمر* کے کنارے اِیلوت کے پاس ہے۔ 27 حِیرام نے اُن جہازوں کے ساتھ اپنے خادموں کو بھیجا جو ماہر ملاح تھے تاکہ وہ سلیمان کے خادموں کے ساتھ کام کریں۔ 28 وہ لوگ اوفیر گئے اور وہاں سے 420 قِنطار سونا بادشاہ سلیمان کے پاس لائے۔