یسعیاہ
50 یہوواہ یہ فرماتا ہے:
”تمہاری ماں کا طلاقنامہ کہاں ہے جسے مَیں نے دُور بھیج دیا؟
مَیں نے تمہیں کس ایسے شخص کے پاس بیچا جس کا مَیں نے قرض چُکانا تھا؟
دیکھو! تمہیں تمہارے اپنے گُناہوں کی وجہ سے بیچا گیا
اور تمہاری ماں کو تمہاری غلطیوں کی وجہ سے دُور بھیجا گیا۔
2 تو پھر جب مَیں آیا تو کوئی یہاں کیوں نہیں تھا؟
جب مَیں نے پکارا تو کسی نے جواب کیوں نہیں دیا؟
کیا میرا ہاتھ اِتنا چھوٹا ہے کہ تمہیں چھڑا نہ سکے؟
کیا مجھ میں اِتنی طاقت نہیں کہ تمہیں بچا سکوں؟
دیکھو! مَیں اپنی ڈانٹ سے سمندر کو سُکھا دیتا ہوں؛
مَیں دریاؤں کو ریگستان بنا دیتا ہوں۔
اُن کی مچھلیاں پانی کی کمی کی وجہ سے گلسڑ جاتی ہیں
اور پیاس کی وجہ سے مر جاتی ہیں۔
3 مَیں آسمان کو تاریکی کا لباس پہناتا ہوں
اور ٹاٹ سے اُسے ڈھک دیتا ہوں۔“
4 حاکمِاعلیٰ یہوواہ نے مجھے ایک شاگرد کی زبان* بخشی ہے
تاکہ مَیں جان سکوں کہ صحیح بات کے ذریعے تھکے ہوئے شخص کو جواب* کیسے دینا ہے۔
وہ مجھے ہر صبح جگاتا ہے؛
وہ میرے کان کھولتا ہے تاکہ مَیں ایک شاگرد کی طرح سُن سکوں۔
5 حاکمِاعلیٰ یہوواہ نے میرے کان کھولے
اور مَیں نے بغاوت نہیں کی۔
مَیں نے اُس سے مُنہ نہیں پھیرا۔
6 مَیں نے مارنے والوں کی طرف اپنی کمر کر دی
اور داڑھی نوچنے والوں کی طرف اپنے گال۔
مَیں نے بےعزتی اور تھوک سے بچنے کے لیے اپنا مُنہ نہیں چھپایا۔
7 لیکن حاکمِاعلیٰ یہوواہ میری مدد کرے گا۔
اِس وجہ سے مَیں بےعزتی محسوس نہیں کروں گا۔
اِس لیے مَیں نے اپنا چہرہ چقماق کی چٹان کی طرح بنا لیا ہے
اور مَیں جانتا ہوں کہ مجھے شرمندہ نہیں ہونا پڑے گا۔
8 مجھے نیک قرار دینے والا قریب ہے۔
کون مجھ پر اِلزام لگا* سکتا ہے؟
آؤ اِکٹھے کھڑے ہوں۔*
میرے خلاف مُقدمہ لڑنے والا کون ہے؟
وہ میرے پاس آئے۔
9 دیکھو! حاکمِاعلیٰ یہوواہ میری مدد کرے گا۔
کون مجھے قصوروار ٹھہرائے گا؟
دیکھو! وہ سب کپڑے کی طرح گِھس جائیں گے۔
کیڑا اُنہیں کھا جائے گا۔
10 تُم میں سے کون یہوواہ سے ڈرتا ہے
اور اُس کے خادم کی آواز سنتا ہے؟
کون کسی روشنی کے بغیر گہری تاریکی میں چلا ہے؟
وہ یہوواہ کے نام پر بھروسا کرے اور اپنے خدا کو اپنا سہارا بنائے۔
11 ”دیکھو! تُم سب جو آگ جلا رہے ہو
اور چنگاریاں اُڑا رہے ہو،
اپنی جلائی ہوئی آگ کی روشنی میں چلو،
ہاں، اُن چنگاریوں کے بیچ جو تُم نے بھڑکائی ہیں۔
تمہیں میرے ہاتھ سے یہ ملے گا:
تُم شدید تکلیف کا شکار ہو کر پڑے رہو گے۔