مرقس
16 جب سبت کا دن گزر گیا تو مریم مگدلینی، سَلومی اور یعقوب کی ماں مریم نے یسوع کی لاش پر لگانے کے لیے خوشبودار مصالحے خریدے۔ 2 اور وہ ہفتے کے پہلے دن صبح سویرے جب سورج نکل چُکا تھا، قبر پر گئیں۔ 3 راستے میں وہ ایک دوسرے سے کہہ رہی تھیں کہ ”ہمارے لیے قبر کے آگے سے پتھر کون ہٹائے گا؟“ 4 لیکن وہاں پہنچ کر اُنہوں نے دیکھا کہ پتھر پہلے سے ہی ہٹا ہوا ہے حالانکہ وہ بہت بڑا تھا۔ 5 جب وہ قبر میں داخل ہوئیں تو اُنہوں نے دیکھا کہ دائیں طرف ایک جوان آدمی بیٹھا ہے جس نے سفید چوغہ پہنا ہوا ہے۔ وہ عورتیں بہت گھبرا گئیں۔ 6 اُس آدمی نے اُن سے کہا: ”گھبرائیں مت۔ آپ یسوع ناصری کو ڈھونڈ رہی ہیں جنہیں سُولی* دی گئی تھی۔ لیکن وہ زندہ ہو چکے ہیں۔ وہ یہاں نہیں ہیں۔ دیکھیں! یہ وہ جگہ ہے جہاں اُنہیں رکھا گیا تھا۔ 7 جا کر اُن کے شاگردوں اور پطرس کو بتائیں کہ ”یسوع آپ سے پہلے گلیل جا رہے ہیں۔ وہاں آپ اُنہیں دیکھیں گے جیسا کہ اُنہوں نے آپ کو بتایا تھا۔““ 8 جب وہ عورتیں باہر نکلیں تو وہ خوف اور حیرت کے مارے کانپتی ہوئی قبر سے بھاگیں۔ اور اُنہوں نے کسی کو اِن باتوں کے بارے میں نہیں بتایا کیونکہ وہ خوفزدہ تھیں۔*