آپ کامیاب ہو سکتے ہیں
آپ سگریٹنوشی ترک کرنے میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔ اِس کے لئے ’ہمت باندھ کر کام کرنا‘ ضروری ہے۔ (۱-تواریخ ۲۸:۱۰) پچھلے مضامین میں جو تجاویز پیش کی گئی ہیں، اِن پر عمل کرنے کے علاوہ آپ مزید کیا کر سکتے ہیں؟
تاریخ مقرر کریں۔ امریکہ کے ایک صحت کے ادارے نے مشورہ دیا کہ سگریٹ چھوڑنے کا فیصلہ کرنے کے بعد دو ہفتوں کے اندراندر وہ تاریخ مقرر کر لیں جس پر آپ سگریٹ چھوڑیں گے۔ اِس طرح سگریٹنوشی ترک کرنے کا آپ کا عزم کمزور نہیں پڑے گا۔ کیلنڈر پر اُس دن پر نشان لگائیں۔ اِس تاریخ کے بارے میں اپنے دوستوں کو بتائیں۔ چاہے کچھ بھی ہو اِس تاریخ کو نہ بدلیں۔
عزم مضبوط کرنے کے لئے کارڈ بنائیں۔ ایک کارڈ پر کچھ ایسی معلومات لکھیں جن سے سگریٹ چھوڑنے کا آپ کا عزم مضبوط رہے گا، مثلاً:
● آپ وہ وجوہات لکھ سکتے ہیں جن کی بِنا پر آپ سگریٹنوشی ترک کرنا چاہتے ہیں
● ایسے لوگوں کے فوننمبر لکھیں جنہیں آپ اُس وقت فون کر سکتے ہیں جب آپ کو سگریٹ پینے کی بہت زیادہ طلب ہو
● آپ پاک صحائف کی کچھ آیات لکھ سکتے ہیں جن سے آپ کا عزم زیادہ مضبوط ہو جائے گا، مثلاً گلتیوں ۵:۲۲، ۲۳
اِس کارڈ کو ہمیشہ اپنے پاس رکھیں اور اِسے دن میں کئی بار پڑھیں۔ سگریٹ چھوڑنے کے بعد جب بھی آپ کو سگریٹ پینے کی طلب محسوس ہو تو اِس کو پڑھیں۔
اپنی عادات میں تبدیلی لائیں۔ جس تاریخ کو آپ سگریٹ چھوڑیں گے اُس سے پہلے اپنی اُن عادتوں میں تبدیلی لائیں جو سگریٹنوشی سے منسلک ہیں۔ مثال کے طور پر اگر آپ صبح اُٹھتے ہی سگریٹ پینے کے عادی ہیں تو اُس وقت نہ پئیں بلکہ ایک دو گھنٹے بعد پئیں۔ اگر آپ کھانے کے دوران یا اِس کے فوراً بعد سگریٹ پیتے ہیں تو اِس معمول میں بھی تبدیلی لائیں۔ ایسی جگہوں پر جانے سے گریز کریں جہاں لوگ سگریٹ پی رہے ہوں۔ اُونچی آواز میں اِس بات کو کہنے کی مشق کریں: ”نہیں، مَیں نہیں پیوں گا کیونکہ مَیں نے سگریٹ پینا چھوڑ دیا ہے۔“ ایسے اقدام اُٹھانے سے آپ خود کو اُس دن کے لئے تیار کر رہے ہوں گے جب آپ سگریٹنوشی ترک کریں گے۔
چند اَور اقدام: اپنے گھر میں چیونگم اور خشک میوے وغیرہ لا کر رکھیں تاکہ سگریٹنوشی ترک کرنے کے بعد اگر آپ کو سگریٹ پینے کی طلب ہو تو آپ اِن چیزوں کو کھا سکیں۔ اپنے گھروالوں اور دوستوں کو یاد دلائیں کہ آپ کس تاریخ کو سگریٹنوشی ترک کریں گے اور اُنہیں بتائیں کہ وہ کیسے آپ کی مدد کر سکتے ہیں۔ مقررہ تاریخ سے پہلے ایشٹرے، لائٹر وغیرہ پھینک دیں۔ اِس کے علاوہ اپنے گھر، گاڑی اور کام کی جگہ پر رکھے ہوئے سگریٹ کے پیکٹوں کو بھی پھینک دیں۔ اگر ایسی جگہوں پر سگریٹ موجود ہوں گے تو سگریٹ کی طلب ہونے پر آپ آسانی سے سگریٹ پی سکیں گے جبکہ کسی دوست سے سگریٹ مانگنے یا دُکان سے خریدنے کے لئے آپ کو تھوڑی کوشش کرنی پڑے گی۔ اِس کے علاوہ سگریٹنوشی کو ترک کرنے کے لئے خدا سے مدد کی التجا کرتے رہیں۔—لوقا ۱۱:۱۳۔
جیسا کہ ہم نے پہلے مضمون میں دیکھا تھا، سگریٹ ایک بُرے دوست کی طرح ہے۔ بہت سے لوگ اِس بُرے دوست سے ناطہ توڑنے میں کامیاب رہے ہیں۔ آپ بھی ایسا کر سکتے ہیں۔ ایسا کرنے سے آپ کی صحت پر بہت اچھا اثر پڑے گا اور آپ کی زندگی زیادہ خوشگوار ہو جائے گی۔
[صفحہ ۹ پر تصویر]
عزم مضبوط کرنے والے کارڈ کو ہمیشہ اپنے پاس رکھیں اور دن میں کئی بار پڑھیں