کھجور کا درخت—نہایت سبقآموز
”لاثانی خوبصورتی اور وقار کا پیکر۔“ ایک بائبل انسائیکلوپیڈیا کھجور کے درخت کو یوں بیان کرتا ہے۔ بائبل وقتوں کے علاوہ آج بھی کھجور کے درخت مصر میں وادیِنیل کی خوبصورتی کو دوبالا کرتے اور صحرائےنجب کے نخلستانوں میں تازگیبخش سایہ فراہم کرتے ہیں۔
کھجور کا درخت مختلف اقسام کا ہوتا ہے اور اسکی طویل عمودی ساخت نہایت جاذبِتوجہ ہوتی ہے۔ بعض درخت ۱۰۰ فٹ اُونچے ہوتے ہیں اور ۱۵۰ سال تک پھل دیتے ہیں۔ جیہاں، کھجور کا درخت جاذبِنظر اور حیرانکُن حد تک پھلدار ہوتا ہے۔ ہر سال اِس سے کھجوروں کے کئی گچھے حاصل ہوتے ہیں۔ ایسے ایک گچھے میں ۱،۰۰۰ سے بھی زائد کھجوریں ہوتی ہیں۔ ایک مصنف نے کھجوروں کی بابت لکھا: ”دُکانوں میں کسی مخصوص لیبل والے ڈبے میں پڑی خشک کھجوریں کھانے والے لوگ تازہ کھجور کے ذائقے اور لذت کا تصور بھی نہیں کر سکتے۔“
موزوں طور پر بائبل بعض انسانوں کو کھجور کے درخت سے تشبِیہ دیتی ہے۔ کھجور کے درخت کی مانند خدا کی نظر میں مقبولیت حاصل کرنے کے خواہاں شخص کو اخلاقی طور پر بالکل راست ہونے کے علاوہ اچھا پھل پیدا کرتے رہنا چاہئے۔ (متی ۷:۱۷-۲۰) اسی وجہ سے سلیمان کی ہیکل اور حزقیایل کی رویتی ہیکل کی دیواروں کو کھجور کے درختوں کی صورتیں کندہ کرنے سے سجایا گیا تھا۔ (۱-سلاطین ۶:۲۹، ۳۲، ۳۵؛ حزقیایل ۴۰:۱۴-۱۶، ۲۰، ۲۲) پس خدا کی قابلِقبول پرستش کیلئے ایک شخص کو کھجور کے درخت جیسی عمدہ خصوصیات کا مالک ہونا چاہئے۔ خدا کا کلام واضح کرتا ہے: ”صادق کھجور کے درخت کی مانند سرسبز ہوگا۔“—زبور ۹۲:۱۲۔