بادشاہتی مُناد رپورٹ دیتے ہیں
”مَیں خدا کی خدمت کرنا چاہتا تھا“
”اَے میری اُمت کے لوگو! اُس میں سے نکل آؤ۔“ یوحنا رسول نے پہلی صدی س.ع. میں اس ملکوتی اعلان کو سنا تھا۔ ہمارے زمانہ میں لاکھوں خلوصدل لوگ اس کیلئے جوابیعمل دکھاتے ہوئے جھوٹے مذہب کی عالمگیر مملکت ’بڑے بابل‘ سے نکل آئے ہیں۔ (مکاشفہ ۱۸:۱-۴) ان میں ہیٹی سے تعلق رکھنے والا وِلنار بھی شامل ہے جو کہ اپنا تجربہ بیان کرتا ہے۔
”مَیں ۱۹۵۶ میں ہیٹی کے ایک چھوٹے سے قصبے سینٹ مارک میں ایک کٹر کیتھولک خاندان میں پیدا ہوا تھا۔ جب ہمارے قصبے سے میرے علاوہ، دو اَور اشخاص کو ہیٹی میں سینٹ مائیکل ڈی لاٹالے کی ایک سیمنری میں جانے کیلئے منتخب کِیا گیا تو میرے خاندان کی خوشی کا تصور کریں۔ پھر، ۱۹۸۰ میں ہمیں مزید تربیت کیلئے سٹیوولاٹ بیلجیئم بھیجا گیا۔ وہاں پر ہم نے ایک کیتھولک یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کی۔
”شروع شروع میں تو مَیں پادری بننے کیلئے بڑا پُرجوش تھا۔ ایک دن لنچ روم میں، ہمارے گروپ کے نگران پادری نے مجھے چند منٹ ٹھہرنے کیلئے کہا کیونکہ وہ مجھ سے اکیلے میں کچھ کہنا چاہتا تھا۔ مَیں تو دنگ رہ گیا جب اُس نے بِلاجھجھک یہ اقرار کِیا کہ وہ جنسی طور پر مجھ میں دلچسپی لیتا ہے! مَیں نے اُسکی پیشکش کی مذمت کی لیکن مَیں نہایت بیدل ہو گیا۔ خط کے ذریعے مَیں نے اپنے خاندان کو اس واقعے سے آگاہ کِیا اور اُنکی ناپسندیدگی کے باوجود کچھ ماہ بعد سیمنری چھوڑ دی۔ مَیں نے گاؤں میں رہائش تلاش کی اور ایک دوسرے پیشے کی تربیت حاصل کرنے لگا۔
”سینٹ مارک واپس لوٹنے پر کیتھولک چرچ سے میرا اعتماد اُٹھ چکا تھا۔ اسکے باوجود مَیں خدا کی خدمت کرنا چاہتا تھا لیکن مَیں نہیں جانتا تھا کہ کیا کروں۔ مَیں ایڈوینٹسٹ چرچ، ابینظر چرچ اور مورمن چرچ میں گیا۔ مَیں روحانی طور پر تِشنہ تھا۔
”بعدازاں مجھے یاد آیا کہ مَیں بیلجیئم کی سیمنری میں ایک کریمپون بائبل پڑھا کرتا تھا۔ اُس میں مَیں نے پڑھا تھا کہ خدا کا ایک نام ہے۔ لہٰذا خدا کا نام استعمال کرتے ہوئے مَیں نے خلوصدلی کیساتھ اُس سے دُعا کی کہ مجھے سچا مذہب تلاش کرنے میں مدد دے۔
”اسکے کچھ ہی عرصہ بعد، دو یہوواہ کے گواہ میرے پڑوس میں آ بسے۔ وہ پُرامن، معزز اور پُروقار لوگ تھے۔ مَیں اُنکی طرزِزندگی سے بہت متاثر ہوا۔ ایک دن اُن میں سے ایک گواہ نے مجھے مسیح کی موت کی سالانہ یادگار کیلئے مدعو کِیا۔ مَیں اُس اجلاس سے بہت لطفاندوز ہوا اور گواہوں کیساتھ باقاعدہ بائبل مطالعہ کرنے کیلئے تیار ہو گیا۔ تقریباً چھ ماہ کے اندر اندر مجھے یقین ہو گیا کہ مَیں نے خدا کی خدمت کرنے کی درست راہ کو تلاش کر لیا ہے۔ مَیں نے اپنی زندگی یہوواہ کیلئے مخصوص کر دی اور نومبر ۲۰، ۱۹۸۸ میں بپتسمہ لے لیا۔“
کچھ عرصہ بعد، وِلنار نے کُلوقتی خدمت شروع کر دی۔ آجکل وہ ایک کلیسیائی بزرگ کے طور پر خدمت انجام دےرہا ہے۔ وہ اور اُسکی بیوی اپنے دو بچوں سمیت اپنی کلیسیا میں خوشی سے خدمت کر رہے ہیں۔
[صفحہ ۹ پر تصویر]
وِلنار نے بائبل پڑھائی کے ذریعے سیکھا کہ خدا کا نام یہوواہ ہے