”خداوند میں محنت کرنے والی عورتیں“
۱ پولس نے مذکورہبالا الفاظ کے ساتھ رومہ کی کلیسیا میں دو محنتی بہنوں، تروفینہ اور تروفوسہ کا ذکر کِیا۔ ایک دوسری بہن، پرسس کی بابت اُس نے کہا: ”[اُس] نے خداوند میں بہت محنت کی۔“ اسی طرح، اُس نے فیبے کی تعریف کی جو ”بہتوں کی مددگار“ تھی۔ (روم ۱۶:۲، ۱۲) صحائف تبیتا (ہرنی) کا ”نیک کام اور خیرات“ کرنے والی خاتون کے طور پر ذکر کرتے ہیں۔ (اعما ۹:۳۶) ایسی روحانی عورتیں کلیسیا کے لئے کیا ہی شاندار برکت ہیں!
۲ کیا ہم اپنی کلیسیا میں سخت محنت کرنے والی بہنوں کی قدر کرتے ہیں؟ وہ مُنادی کرنے، بائبل مطالعے کرانے اور نئے اشخاص کی مدد کرنے میں پیش پیش ہیں۔ وہ روحانی ترقی کرنے کیلئے بچوں کی مدد کرنے میں بھی خاصا وقت صرف کرتی ہیں۔ مسیحی خواتین کلیسیا میں محبت، خوشی، صلح اور جوشوجذبے کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرتی ہیں۔ وہ کئی طریقوں سے حمایتی کردار ادا کرتی ہیں تاکہ اُن کے شوہر اور خاندان کے دیگر افراد یہوواہ کی خدمت میں اَور زیادہ کام کر سکیں۔
۳ کُلوقتی خدمت انجام دینے والی بہنیں: خداوند میں محنت کرنے والوں میں ایسی مشنری بہنیں بھی شامل ہیں جنہوں نے دوسرے ممالک میں کام کو ترقی دینے میں حصہ لیا ہے۔ سفری نگہبان جن کلیسیاؤں میں خدمت انجام دیتے ہیں وہاں اُن کی بیویاں، بیشتر بہنوں کی حوصلہافزائی کرنے کیساتھ ساتھ میدانی خدمتگزاری میں بھی مشغول رہتی ہیں۔ بیتایل میں خدمت انجام دینے والی بہنوں کو بھی نظرانداز نہیں کِیا جا سکتا جو یہوواہ کی تنظیم کی حمایت کرتے ہوئے گرمجوشی کیساتھ پاک خدمت انجام دیتی ہیں۔ اس کے علاوہ ہماری ریگولر پائنیر بہنیں، خدا کی حمد کرنے میں اپنی وفادارانہ کاوشوں کے ذریعے ہزاروں لوگوں کو سچائی سیکھنے میں مدد دے رہی ہیں۔
۴ یہ وفادار بہنیں اپنی خودایثارانہ طرزِزندگی سے نہایت خوش ہیں۔ (۱-تیم ۶:۶، ۸) وہ ہماری طرف سے حوصلہافزائی، حمایت اور تعریف کی مستحق ہیں۔
۵ تمام مسیحی خواتین یہوواہ کی تنظیم کے لئے ایک قیمتی اثاثہ ہیں کیونکہ وہ ایسی وفادارانہ خدمت انجام دے رہی ہیں جو سب کیلئے برکت کا باعث ہے۔ خدا کرے کہ ہم ہمیشہ ایسی خواتین کی قدر کرتے رہیں، نیز ہماری دُعا ہے کہ ”خداوند میں محنت“ کرنے والی ان بہنوں پر یہوواہ کی برکت ہو۔