کہانی نمبر ۱۹
یعقوب کے گھر والے
تصویر میں جو لڑکے نظر آ رہے ہیں، وہ کون ہیں؟ یہ یعقوب کے ۱۲ بیٹے ہیں۔ یعقوب کی بیٹیاں بھی تھیں۔ کیا آپ کو یعقوب کے بچوں کے نام آتے ہیں؟ آئیں، دیکھیں کہ یعقوب کے کچھ بچوں کے نام کیا تھے۔
لیاہ کے چار بیٹے ہوئے۔ اُن کے نام روبن، شمعون، لاوی اور یہوداہ تھے۔ لیکن راخل کے بچے نہیں تھے اور وہ بہت دُکھی تھیں۔ اِس لئے اُنہوں نے اپنی خادمہ یعقوب کو دی۔ اِس خادمہ کا نام بلہاہ تھا۔ بلہاہ کے دو بیٹے ہوئے جن کے نام دان اور نفتالی تھے۔ پھر لیاہ نے بھی اپنی خادمہ یعقوب کو دی۔ اُس خادمہ کا نام زِلفہ تھا۔ زِلفہ کے بھی دو بیٹے ہوئے جن کے نام جد اور آشر تھے۔ بعد میں لیاہ کے دو اَور بیٹے ہوئے جن کے نام اِشکار اور زبولون تھے۔
آخرکار راخل کا بھی ایک بیٹا ہوا۔ اُنہوں نے اُس کا نام یوسف رکھا۔ جب یوسف بڑے ہوئے تو وہ ایک اہم آدمی بن گئے۔ بعد میں ہم اُن کے بارے میں اَور بھی کہانیاں پڑھیں گے۔ جب تک یعقوب، لابن کے ساتھ حاران میں رہے، اُن کے ۱۱ بیٹے ہوئے۔
یعقوب کی کچھ بیٹیاں بھی تھیں۔ ایک بیٹی کا نام دینہ تھا۔ خدا کے کلام میں یعقوب کی باقی بیٹیوں کے نام نہیں بتائے گئے۔
پھر یعقوب ملک کنعان واپس جانا چاہتے تھے۔ اُنہوں نے اپنی بیویوں، بچوں اور مویشیوں کو لیا اور وہ کنعان کی طرف روانہ ہو گئے۔
یعقوب اور اُن کے گھر والے کنعان پہنچ گئے۔ کچھ سال بعد راخل کا ایک اَور بیٹا ہوا۔ جب یہ بیٹا پیدا ہو رہا تھا تو راخل کو بہت درد ہوئی اور وہ مر گئیں۔ لیکن اُن کے بیٹے کو کچھ نہیں ہوا۔ یعقوب نے اِس بیٹے کا نام بنیمین رکھا۔
ہمیں یعقوب کے ۱۲ بیٹوں کے نام یاد کر لینے چاہئیں کیونکہ اِن سے ایک قوم بنی۔ اِس قوم کو اسرائیل یا بنیاسرائیل کہتے ہیں۔ اسرائیل میں ۱۲ قبیلے تھے۔ اِن قبیلوں کے نام یعقوب کے دس بیٹوں اور یوسف کے دو بیٹوں کے نام پر رکھے گئے۔ اِضحاق اپنے پوتوں کو دیکھ کر بہت خوش ہوئے تھے۔ لیکن آئیں، دیکھیں کہ اِضحاق کی پوتی دینہ کے ساتھ کیا ہوا۔