کہانی نمبر ۲۹
موسیٰ مصر سے کیوں بھاگ گئے؟
تصویر کو دیکھیں۔ دو آدمی موسیٰ کا پیچھا کر رہے ہیں۔ وہ موسیٰ کو مار ڈالنا چاہتے ہیں۔ کیا آپ کو پتہ ہے کہ وہ موسیٰ کو کیوں مارنا چاہتے ہیں؟ آئیں، دیکھتے ہیں۔
یاد ہے کہ فرعون کی بیٹی نے موسیٰ کو اپنا بیٹا بنا لیا تھا۔ اِس لئے موسیٰ محل میں رہتے تھے۔ وہ بہت ذہین تھے اور جب وہ بڑے ہو گئے تو وہ بہت اہم آدمی بن گئے۔ موسیٰ کو پتہ تھا کہ وہ مصری نہیں بلکہ اسرائیلی ہیں۔ اُن کو یہ بھی پتہ تھا کہ اُن کے امیابو اور اُن کی قوم مصریوں کے غلام ہیں۔
جب موسیٰ ۴۰ سال کے تھے تو اُنہوں نے سوچا کہ ”مَیں جا کر دیکھتا ہوں کہ میری قوم کا کیا حال ہے۔“ اُنہوں نے دیکھا کہ مصری، اسرائیلیوں کے ساتھ بہت بُرا سلوک کر رہے ہیں۔ ایک مصری ایک اسرائیلی کو مار رہا تھا۔ موسیٰ نے اِدھراُدھر دیکھا۔ جب اُن کو لگا کہ کوئی دیکھ نہیں رہا تو اُنہوں نے مصری کو اِتنی زور سے مارا کہ وہ مر گیا۔ پھر موسیٰ نے مصری کی لاش کو ریت میں دبا دیا۔
موسیٰ نے سوچا کہ ”مَیں اپنے لوگوں کی مدد کروں گا۔ مَیں اُن کو مصریوں کی غلامی سے آزاد کروں گا۔“ اِس لئے وہ اگلے دن پھر اپنی قوم کے لوگوں کو دیکھنے گئے۔ اُنہوں نے دیکھا کہ دو اسرائیلی آپس میں لڑ رہے ہیں۔ جب موسیٰ کو پتہ چلا کہ غلطی کس آدمی کی ہے تو اُنہوں نے اُس آدمی سے کہا کہ ”تُم اپنے بھائی کو کیوں مار رہے ہو؟ تُم دونوں تو اسرائیلی ہو۔“
اُس آدمی نے موسیٰ سے کہا: ”تُم کون ہوتے ہو ہمیں روکنے والے؟ کیا تُم مجھے بھی مار دینا چاہتے ہو جس طرح تُم نے اُس مصری کو مار دیا تھا؟“
یہ سُن کر موسیٰ ڈر گئے کیونکہ لوگوں کو پتہ چل گیا تھا کہ اُنہوں نے ایک مصری کو مار ڈالا تھا۔ جب فرعون کو پتہ چلا کہ موسیٰ نے کیا کِیا ہے تو اُنہوں نے اپنے فوجیوں کو حکم دیا: ”موسیٰ کو مار ڈالو۔“ اِس لئے موسیٰ کو مصر سے بھاگنا پڑا۔
موسیٰ ملک مِدیان میں چلے گئے۔ یہ مصر سے بہت دُور تھا۔ مِدیان میں موسیٰ ایک آدمی سے ملے جن کا نام یترو تھا۔ وہ یترو کے ساتھ رہنے لگے اور اُن کی بھیڑوں کا خیال رکھنے لگے۔ بعد میں موسیٰ نے یترو کی بیٹی صفورہ سے شادی کرلی۔ موسیٰ ۴۰ سال مِدیان میں رہے۔ اب وہ ۸۰ سال کے ہو گئے تھے۔ پھر ایک دن جب وہ بھیڑیں چرا رہے تھے تو بڑی عجیب بات ہوئی اور موسیٰ کی زندگی بالکل بدل گئی۔ آئیں، اگلی کہانی میں دیکھتے ہیں کہ کونسی عجیب بات ہوئی۔
خروج ۲:۱۱-۲۵؛ اعمال ۷:۲۲-۲۹۔