کہانی نمبر ۷۲
خدا نے بادشاہ حزقیاہ کو کیسے بچایا؟
ارے اِس آدمی نے قربانگاہ کے آگے خط کیوں رکھے ہیں؟ اور وہ دُعا کیوں کر رہا ہے؟ اِس آدمی کا نام حزقیاہ ہے اور وہ ملک یہوداہ کے بادشاہ ہیں۔ وہ بڑی مشکل میں ہیں۔ آئیں، دیکھیں کہ وہ کس مشکل میں ہیں۔
کچھ عرصہ پہلے ملک اسور کی فوج نے ملک اسرائیل کو تباہ کر دیا تھا۔ یہوواہ خدا نے ملک اسرائیل کے لوگوں کی مدد نہیں کی تھی کیونکہ وہ بہت بُرے تھے۔ اب اسوری فوج ملک یہوداہ پر حملہ کرنے آئی تھی۔
اسور کے بادشاہ نے بادشاہ حزقیاہ کو خط بھیجے۔ اِن خطوں میں اُس نے یہوواہ خدا کی توہین کی۔ اُس نے بادشاہ حزقیاہ کو یہ بھی لکھا کہ ”تُم مجھ سے جیت نہیں سکتے۔ چپچاپ ہار مان لو۔“ بادشاہ حزقیاہ نے ہیکل میں جا کر یہ خط قربانگاہ کے آگے رکھ دئے۔ پھر اُنہوں نے یہوواہ خدا سے دُعا کی کہ ”اَے یہوواہ خدا! ہمیں اسور کے بادشاہ سے بچا لے۔ اِس طرح سب قوموں کو پتہ چل جائے گا کہ تُو ہی سچا خدا ہے۔“ کیا یہوواہ خدا نے بادشاہ حزقیاہ کی دُعا سُن لی؟
حزقیاہ اچھے بادشاہ تھے۔ وہ ملک اسرائیل کے بادشاہوں کی طرح بُرے نہیں تھے۔ وہ اپنے ابو آخز کی طرح بھی نہیں تھے۔ آخز بہت بُرے بادشاہ تھے۔ لیکن بادشاہ حزقیاہ ہمیشہ یہوواہ خدا کا کہنا مانتے تھے۔ اِس لئے یسعیاہ نبی نے اُن کو یہوواہ خدا کا یہ پیغام بھیجا: ”اسور کا بادشاہ یروشلیم میں داخل نہیں ہوگا۔ اُس کے فوجی یروشلیم کے نزدیک بھی نہیں آئیں گے۔ وہ اِس شہر کی طرف ایک تیر بھی نہیں چلائیں گے۔“
اب اِس صفحے پر تصویر کو دیکھیں۔ یہ سارے آدمی مرے ہوئے ہیں۔ کیا آپ کو پتہ ہے کہ یہ کون ہیں؟ یہ ملک اسور کے فوجی ہیں۔ یہوواہ خدا نے ایک فرشتہ بھیجا تھا اور اُس نے ایک ہی رات میں ایک لاکھ ۸۵ ہزار فوجیوں کو مار دیا تھا۔ اِس کے بعد اسور کے بادشاہ نے ہار مان لی اور اپنے ملک واپس چلا گیا۔
اِس طرح یہوواہ خدا نے ملک یہوداہ کو بچا لیا اور وہاں کے لوگ کچھ عرصے کے لئے ہنسی خوشی رہے۔ لیکن پھر بادشاہ حزقیاہ مر گئے اور اُن کے بیٹے منسی، بادشاہ بنے۔ منسی بہت بُرے بادشاہ تھے۔ منسی کے بعد اُن کا بیٹا بادشاہ بنا۔ اُس کا نام امون تھا اور وہ بھی بہت بُرے تھے۔ اِس لئے ملک یہوداہ میں ہر طرف ظلم اور بُرائی پھیل گئی۔ پھر ایک دن بادشاہ امون کے خادموں نے اُن کو قتل کر دیا۔ اِس کے بعد اُن کے بیٹے یوسیاہ ملک یہوداہ کے بادشاہ بنے۔