سبق نمبر 24
فرشتے کون ہیں اور وہ کیا کرتے ہیں؟
یہوواہ خدا چاہتا ہے کہ ہم اُس کے خاندان کے آسمانی حصے کے بارے میں جانیں۔ اِس میں فرشتے شامل ہیں جنہیں بائبل میں ’خدا کے بیٹے‘ کہا گیا ہے۔ (ایوب 38:7) بائبل میں فرشتوں کے بارے میں کیا بتایا گیا ہے؟ وہ لوگوں کی زندگی پر کیا اثر ڈالتے ہیں؟ اور کیا تمام فرشتے خدا کے خاندان کا حصہ ہیں؟
1. فرشتے کون ہیں؟
یہوواہ خدا نے زمین کو بنانے سے پہلے فرشتوں کو بنایا۔ فرشتے آسمان پر رہتے ہیں اور خدا کی طرح ہم فرشتوں کو بھی نہیں دیکھ سکتے۔ (عبرانیوں 1:14) فرشتوں کی تعداد لاکھوں میں ہے اور وہ سب ایک دوسرے سے فرق ہیں۔ (مکاشفہ 5:11) وہ ”[یہوواہ]کے کلام کی آواز سُن کر اُس پر عمل“ کرتے ہیں۔ (زبور 103:20) قدیم زمانے میں یہوواہ نے کبھی کبھی فرشتوں کو بھیجا تاکہ وہ اُس کے بندوں تک اُس کا پیغام پہنچائیں، اُن کی مدد کریں اور اُنہیں بچائیں۔ آج فرشتے سچے مسیحیوں کی مدد کرتے ہیں تاکہ وہ اُن لوگوں تک پہنچ سکیں جو خدا کے بارے میں سیکھنا چاہتے ہیں۔
2. شیطان اور بُرے فرشتے کون ہیں؟
کچھ فرشتے یہوواہ خدا کے وفادار نہیں رہے۔ سب سے پہلے جس فرشتے نے خدا کے خلاف بغاوت کی، اُسے ”اِبلیس اور شیطان کہا جاتا ہے . . . جو ساری دُنیا کو گمراہ کر رہا ہے۔“ (مکاشفہ 12:9) شیطان دوسروں پر حکومت کرنا چاہتا تھا۔ اِس لیے اُس نے آدم اور حوا کو بہکایا کہ وہ خدا کی نافرمانی کریں۔ بعد میں اُس نے اَور فرشتوں کو بھی اپنے ساتھ ملا لیا۔ اُن باغی فرشتوں کو بُرے فرشتے کہا جاتا ہے۔ یہوواہ خدا نے اُنہیں آسمان سے نکلوا کر زمین پر پھنکوا دیا اور بہت جلد اُنہیں ختم کر دیا جائے گا۔—مکاشفہ 12:9، 12 کو پڑھیں۔
3. شیطان اور بُرے فرشتے لوگوں کو گمراہ کیسے کرتے ہیں؟
شیطان اور بُرے فرشتے لوگوں کو ایسے کاموں میں اُلجھاتے ہیں جن میں بُرے فرشتوں سے رابطہ کِیا جاتا ہے۔ مثال کے طور پر کچھ لوگ نجومیوں، مستقبل کا حال بتانے والوں اور عاملوں کے پاس جاتے ہیں۔ اِس کے علاوہ کچھ لوگ ایسے علاج کرواتے ہیں جن میں بُرے فرشتوں سے رابطہ کِیا جاتا ہے۔ بُرے فرشتے لوگوں کو یہ یقین دِلانے کی کوشش بھی کرتے ہیں کہ وہ مُردوں سے بات کر سکتے ہیں۔ لیکن یہوواہ خدا نے ہمیں حکم دیا ہے: ”تُم ایسے لوگوں کے پاس نہ جانا جو مُردوں سے رابطہ کرنے کا دعویٰ کرتے ہیں اور نہ ہی ایسے لوگوں سے رُجوع کرنا جو مستقبل کا حال بتاتے ہیں۔“ (احبار 19:31، ترجمہ نئی دُنیا) اُس نے ہمیں یہ حکم اِس لیے دیا ہے تاکہ ہم شیطان اور بُرے فرشتوں سے بچ سکیں۔ شیطان اور بُرے فرشتے خدا کے دُشمن ہیں اور ہمیں نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔
موضوع کی گہرائی میں جائیں
جانیں کہ فرشتے کون سے اچھے کام کرتے ہیں، ہمیں ایسے کام کیوں نہیں کرنے چاہئیں جن میں بُرے فرشتوں سے رابطہ کِیا جاتا ہے اور ہم شیطان اور بُرے فرشتوں سے کیسے بچ سکتے ہیں۔
4. فرشتے یہوواہ خدا کے بارے میں سیکھنے میں لوگوں کی مدد کرتے ہیں
فرشتے خود لوگوں کے پاس جا کر اُنہیں یہوواہ خدا کے بارے میں نہیں بتاتے۔ لیکن وہ اُن لوگوں تک پہنچنے میں خدا کے بندوں کی مدد کرتے ہیں جو خدا کے بارے میں سیکھنا چاہتے ہیں۔ مکاشفہ 14:6، 7 کو پڑھیں اور پھر اِن سوالوں پر باتچیت کریں:
ہمیں مُنادی کا کام کرنے کے لیے فرشتوں کی مدد کی ضرورت کیوں ہے؟
کیا آپ کو یہ جان کر حوصلہ ملتا ہے کہ فرشتے اُن لوگوں تک پہنچنے میں آپ کی مدد کر سکتے ہیں جو بائبل کا پیغام سننا چاہتے ہیں؟ آپ نے جو جواب دیا ہے، اُس کی وجہ کیا ہے؟
5. ایسے کاموں سے دُور رہیں جن کا تعلق بُرے فرشتوں سے ہے
شیطان اور بُرے فرشتے یہوواہ خدا کے بھی دُشمن ہیں اور ہمارے بھی۔ لُوقا 9:38-42 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر باتچیت کریں:
بُرے فرشتے لوگوں کے ساتھ کیا کرتے ہیں؟
ہم کچھ بھی ایسا نہیں کرنا چاہتے جس کی وجہ سے ہم پر بُرے فرشتوں کا اثر ہو۔ اِستثنا 18:10-12 کو فٹنوٹ سے پڑھیںa اور پھر اِن سوالوں پر باتچیت کریں:
بُرے فرشتے کن طریقوں سے ہم پر اثر ڈالنے اور ہم سے رابطہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں؟ آپ کے علاقے میں کون سے کام عام ہیں جن کا تعلق بُرے فرشتوں سے ہے؟
آپ کے خیال میں یہوواہ نے ہمیں ایسے کاموں سے دُور رہنے کے لیے کیوں کہا ہے جن کا تعلق بُرے فرشتوں سے ہے؟
ویڈیو چلائیں اور پھر اِن سوالوں پر باتچیت کریں:
آپ کے خیال میں کیا وہ دھاگا نقصاندہ تھا جو پالیسا نے اپنی بیٹی کے ہاتھ پر باندھا تھا؟ آپ نے جو جواب دیا ہے، اُس کی وجہ کیا ہے؟
پالیسا کو بُرے فرشتوں سے بچنے کے لیے کیا کرنے کی ضرورت تھی؟
سچے مسیحی شروع سے ہی بُرے فرشتوں کا مقابلہ کرتے آئے ہیں۔ اعمال 19:19 اور 1-کُرنتھیوں 10:21 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر باتچیت کریں:
اگر آپ کے پاس کوئی بھی ایسی چیز ہے جس کا تعلق بُرے فرشتوں سے ہے تو یہ کیوں ضروری ہے کہ آپ اُسے ضائع کر دیں؟
6. آپ شیطان اور بُرے فرشتوں کے خلاف جنگ جیت سکتے ہیں
بُرے فرشتوں کا سردار شیطان ہے۔ لیکن جو فرشتے خدا کے وفادار ہیں، اُن کا سردار میکائیل ہے جو کہ یسوع مسیح کا ایک اَور نام ہے۔ میکائیل کتنے طاقتور ہیں؟ مکاشفہ 12:7-9 کو پڑھیں اور پھر اِن سوالوں پر باتچیت کریں:
کون زیادہ طاقتور ہے، میکائیل اور اُن کے فرشتے یا شیطان اور بُرے فرشتے؟
آپ کے خیال میں کیا یسوع مسیح کے پیروکاروں کو شیطان اور بُرے فرشتوں سے ڈرنا چاہیے؟
آپ شیطان اور بُرے فرشتوں کے خلاف جنگ جیت سکتے ہیں۔ یعقوب 4:7 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر باتچیت کریں:
آپ شیطان اور بُرے فرشتوں سے کیسے بچ سکتے ہیں؟
کچھ لوگ کہتے ہیں: ”جادوٹونے اور بدروحوں والی گیمز کھیلنے اور فلمیں دیکھنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔ یہ کام تو بس مزے کے لیے کیے جاتے ہیں۔“
ایسی سوچ خطرناک کیوں ہے؟
خلاصہ
خدا کے وفادار فرشتے ہماری مدد کرتے ہیں۔ شیطان اور بُرے فرشتے یہوواہ خدا کے دُشمن ہیں اور لوگوں کو گمراہ کرتے ہیں۔ وہ لوگوں کو ایسے کاموں میں اُلجھاتے ہیں جن میں بُرے فرشتوں سے رابطہ کِیا جاتا ہے۔
دُہرائی
یہوواہ خدا کے وفادار فرشتے اُس کے بارے میں سیکھنے میں لوگوں کی مدد کیسے کرتے ہیں؟
شیطان اور بُرے فرشتے کون ہیں؟
آپ ایسے کاموں سے کیوں دُور رہنا چاہتے ہیں جن کا تعلق بُرے فرشتوں سے ہے؟
مزید جانیں
اِس مضمون میں کچھ ایسے ثبوتوں پر غور کریں جن سے پتہ چلتا ہے کہ یسوع مسیح فرشتوں کے سردار میکائیل ہیں۔
اِس مضمون میں پڑھیں کہ شیطان ہمارے اندر موجود بُرائی کا نام نہیں ہے بلکہ ایک حقیقی ہستی ہے۔
اِس مضمون میں پڑھیں کہ ایک عورت بُرے فرشتوں کے اثر سے کیسے آزاد ہوئی۔
”اسے زندگی میں ایک مقصد حاصل ہو گیا“ (مینارِنگہبانی، 1 نومبر 1993ء)
اِس مضمون میں پڑھیں کہ شیطان لوگوں کو ایسے کاموں کے ذریعے کیسے گمراہ کرتا ہے جن کا تعلق بُرے فرشتوں سے ہے۔
”جادوٹونے کے بارے میں سچائی“ (کیا آپ کو ہمیشہ کی زندگی تک لے جانے والا راستہ مل گیا ہے؟ حصہ 5)
a اِستثنا 18:10-12 (ترجمہ نئی دُنیا): ”تُم میں سے کوئی بھی اپنے بیٹے یا بیٹی کو آگ میں قربان نہ کرے، غیبدانی نہ کرے، جادوٹونا نہ کرے، فال نہ نکالے، عامل نہ ہو، کسی پر منتر پھونک کر اُسے اپنے بس میں نہ کرے، مُردوں سے رابطہ کرنے کی کوشش نہ کرے یا ایسے لوگوں سے رُجوع نہ کرے جو مُردوں سے رابطہ کرنے کا دعویٰ کرتے ہیں یا مستقبل کا حال بتاتے ہیں کیونکہ جو شخص ایسے کام کرتا ہے، یہوواہ اُس سے گِھن کھاتا ہے اور اِن گھناؤنے کاموں کی وجہ سے ہی یہوواہ تمہارا خدا اُن قوموں کو تمہارے سامنے سے بھگانے والا ہے۔“