اپنی محنت سے خوش ہوں۔
۱. مُنادی کے کام کے لئے ہمارا جوش کس وجہ سے ٹھنڈا پڑ سکتا ہے؟
۱ خدا نے انسان کو اِس طرح سے بنایا ہے کہ وہ ”اپنی محنت کے پھل سے اپنے جی کو خوش کرے۔“ (واعظ ۲:۲۴، کیتھولک ترجمہ) لیکن جب ہمیں مُنادی کے کام کے اچھے نتائج نظر نہیں آتے تو ہماری خوشی ختم ہو سکتی ہے اور ہمارا جوش ٹھنڈا پڑ سکتا ہے۔ ہم کیا کر سکتے ہیں تاکہ مُنادی کے کام میں ہماری خوشی برقرار رہے؟
۲. ہمیں مُنادی کے کام میں اچھے نتائج کی حد سے زیادہ توقع کیوں نہیں کرنی چاہئے؟
۲ حد سے زیادہ توقعات نہ کریں: یاد رکھیں کہ کم ہی لوگ ایسے تھے جنہوں نے یسوع مسیح کے پیغام کو قبول کِیا تھا۔ لیکن اِس کا یہ مطلب نہیں تھا کہ وہ مُنادی کے کام میں ناکام رہے ہیں۔ (یوح ۱۷:۴) یسوع مسیح نے بیج بونے والے کی تمثیل دی جس میں اُنہوں نے بتایا کہ بیج، بادشاہت کا پیغام ہے جسے زیادہتر لو گ قبول نہیں کریں گے۔ (متی ۱۳:۳-۸، ۱۸-۲۲) اِس کے باوجود ہماری محنت رائیگاں نہیں جاتی۔
۳. چاہے لوگ ہمارے پیغام کو قبول کریں یا نہیں، ہم کن معنوں میں پھل لاتے ہیں؟
۳ ہم زیادہ پھل کیسے لاتے ہیں؟ یسوع مسیح نے کہا کہ جو لوگ بادشاہت کے پیغام کو قبول کرتے ہیں، وہ ’پھل بھی لاتے ہیں۔‘ (متی ۱۳:۲۳) ہم کن معنوں میں پھل لاتے ہیں؟ جب گندم کی فصل پک جاتی ہے تو اُس کا پھل نئے بیج ہوتے ہیں نہ کہ نئے پودے۔ اِسی طرح جب ہم لوگوں کو بادشاہت کی خوشخبری سناتے ہیں تو یہ ضروری نہیں کہ وہ شاگرد بھی بنیں۔ ہم اُس صورت میں بھی پھل لاتے ہیں جب ہم لوگوں کو خدا کی بادشاہت کا پیغام سناتے ہیں۔ اِس لئے چاہے لوگ ہمارے پیغام کو قبول کریں یا نہیں، ہم اپنی محنت سے خوشی حاصل کر سکتے ہیں۔ مُنادی کے کام کے ذریعے ہم یہوواہ خدا کے نام کی بڑائی کرتے ہیں۔ (یسع ۴۳:۱۰-۱۲؛ متی ۶:۹) ہم اِس بات سے خوش ہیں کہ ہمیں یہوواہ خدا کے ساتھ کام کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ (۱-کر ۳:۹) اِس کے علاوہ ہمارے ’ہونٹوں کے پھل‘ سے یہوواہ خدا خوش ہوتا ہے۔—عبر ۱۳:۱۵، ۱۶۔
۴. ہماری محنت کے کونسے ایسے نتائج نکل سکتے ہیں جو شاید ہمیں نظر نہ آئیں؟
۴ ہماری محنت کے ایسے نتائج بھی نکل سکتے ہیں جو شاید ہمیں نظر نہ آئیں۔ ممکن ہے کہ جن لوگوں نے یسوع مسیح کا پیغام سنا، اُن میں سے کچھ اُن کے آسمان پر جانے کے بعد شاگرد بنے۔ اِسی طرح جب ہم بادشاہت کا بیج بوتے ہیں تو شاید یہ فوراً ایک شخص کے دل میں جڑ نہ پکڑے بلکہ کچھ وقت کے بعد بڑھنا شروع کرے۔ شاید ہمیں پتہ بھی نہ ہو اور وہ شخص سچائی کو قبول کر لے۔ واقعی ہمارے مُنادی کرنے کے اچھے نتائج نکلتے ہیں۔ اِس لئے آئیں، ”بہت سا پھل“ لاتے رہیں اور یوں خود کو یسوع مسیح کا شاگرد ثابت کرتے رہیں۔—یوح ۱۵:۸۔