سبق نمبر 42
بائبل میں غیرشادیشُدہ رہنے اور شادی کرنے کے بارے میں کیا بتایا گیا ہے؟
کچھ ثقافتوں میں لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ ایک شخص تب تک خوش نہیں رہ سکتا جب تک اُس کی شادی نہیں ہوتی۔ لیکن سچ تو یہ ہے کہ سب شادیشُدہ لوگ خوش نہیں ہوتے اور نہ ہی سب غیرشادیشُدہ لوگ ناخوش ہوتے ہیں۔ دراصل بائبل میں غیرشادیشُدہ زندگی اور شادیشُدہ زندگی دونوں کو ایک نعمت کہا گیا ہے۔
1. غیر شادیشُدہ رہنے کے کون سے فائدے ہیں؟
بائبل میں لکھا ہے: ”جو شخص شادی کرتا ہے، اُس کو بھی فائدہ ہوتا ہے مگر جو شخص شادی نہیں کرتا، اُسے زیادہ فائدہ ہوتا ہے۔“ (1-کُرنتھیوں 7:32، 33، 38 کو پڑھیں۔) جو شخص غیرشادیشُدہ رہتا ہے، اُسے زیادہ فائدہ کیسے ہوتا ہے؟ غیرشادیشُدہ مسیحیوں کو اپنے شریکِحیات کی ضرورتیں پوری کرنے کی فکر نہیں ہوتی۔ اِس لیے اُن کے پاس زیادہ آزادی ہوتی ہے۔ وہ خدا کی خدمت کے فرق فرق پہلوؤں میں زیادہ حصہ لے سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر وہ کسی دوسرے علاقے میں جا کر مُنادی کا کام کر سکتے ہیں۔ غیرشادیشُدہ لوگوں کو سب سے بڑا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ اُن کے پاس یہوواہ کے ساتھ اپنی دوستی مضبوط کرنے کے لیے زیادہ وقت ہوتا ہے۔
2. قانونی طور پر شادی کرنے کے کون سے فائدے ہوتے ہیں؟
جیسے غیرشادیشُدہ رہنے کے فائدے ہیں ویسے ہی شادی کرنے کے بھی فائدے ہیں۔ بائبل میں لکھا ہے کہ ”ایک سے دو بہتر ہیں۔“ (واعظ 4:9) یہ بات خاص طور پر اُن لوگوں کے سلسلے میں سچ ثابت ہوتی ہے جو اپنی شادیشُدہ زندگی میں بائبل کے اصولوں پر عمل کرتے ہیں۔ جو لوگ قانونی طور پر شادی کرتے ہیں، وہ ایک دوسرے سے عہد کرتے ہیں کہ وہ ساری زندگی ایک دوسرے سے پیار کریں گے، ایک دوسرے کا احترام کریں گے اور ایک دوسرے کی قدر کریں گے۔ اِس لیے اُن کا بندھن اُن لوگوں کی نسبت زیادہ محفوظ ہوتا ہے جو شادی کے بغیر اِکٹھے رہتے ہیں۔ جو لوگ شادیشُدہ ہوتے ہیں، اُن کے بچے بھی زیادہ محفوظ محسوس کرتے ہیں۔
3. یہوواہ شادی کے بندھن کو کیسا خیال کرتا ہے؟
جب یہوواہ نے پہلے مرد اور عورت کو شادی کے بندھن میں باندھا تو اُس نے کہا: ”مرد اپنے ماں باپ کو چھوڑے گا اور اپنی بیوی سے ملا رہے گا۔“ (پیدایش 2:24) یہوواہ خدا چاہتا ہے کہ ایک شوہر اور بیوی زندگی بھر ایک دوسرے سے پیار کریں اور ساتھ رہیں۔ اُس نے طلاق کی اِجازت صرف اُس صورت میں دی ہے جب شوہر یا بیوی میں سے کوئی زِنا کرتا ہے۔ ایسی صورت میں یہوواہ زِنا کرنے والے شخص کے شریکِحیات کو یہ فیصلہ کرنے کا حق دیتا ہے کہ وہ طلاق لے گا یا نہیں۔a (متی 19:9) اِس کے علاوہ یہوواہ خدا مسیحیوں کو ایک سے زیادہ شادیوں کی اِجازت نہیں دیتا۔—1-تیمُتھیُس 3:2۔
موضوع کی گہرائی میں جائیں
چاہے آپ شادیشُدہ ہوں یا غیرشادیشُدہ، جانیں کہ آپ خوش کیسے رہ سکتے ہیں اور یہوواہ کو خوش کیسے کر سکتے ہیں۔
4. غیرشادیشُدہ زندگی کی نعمت کو اچھی طرح اِستعمال کریں
یسوع مسیح غیرشادیشُدہ زندگی کو ایک نعمت خیال کرتے تھے۔ (متی 19:11، 12) متی 4:23 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر باتچیت کریں:
یسوع مسیح نے اپنی غیرشادیشُدہ زندگی کو یہوواہ کی خدمت کرنے اور دوسروں کی مدد کرنے کے لیے کیسے اِستعمال کِیا؟
آج مسیحی بھی یسوع مسیح کی طرح غیرشادیشُدہ زندگی سے خوشی حاصل کر سکتے ہیں۔ ویڈیو چلائیں اور پھر اِس سوال پر باتچیت کریں:
مسیحی غیرشادیشُدہ زندگی کو کیسے اِستعمال کر سکتے ہیں اور اِس سے اُنہیں کون سے فائدے ہو سکتے ہیں؟
کیا آپ جانتے ہیں؟
بائبل میں یہ نہیں بتایا گیا کہ ایک شخص کو کس عمر میں شادی کرنی چاہیے۔ لیکن اِس میں یہ نصیحت کی گئی ہے کہ ایک شخص کو تب شادی کرنی چاہیے جب وہ اُس عمر سے گزر چُکا ہو ”جب جوانی کی خواہشیں زوروں پر ہوتی ہیں۔“ (1-کُرنتھیوں 7:36) ایسی خواہشوں کی وجہ سے شاید ایک نوجوان سمجھداری سے فیصلہ نہ کر پائے۔
5. سوچ سمجھ کر شریکِحیات چُنیں
اپنا شریکِحیات چُننا زندگی کے سب سے اہم فیصلوں میں سے ایک ہے۔ متی 19:4-6، 9 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر باتچیت کریں:
ایک مسیحی کو جلدبازی میں شادی کرنے کا فیصلہ کیوں نہیں کرنا چاہیے؟
بائبل یہ سمجھنے میں آپ کی مدد کر سکتی ہے کہ آپ کو اُس شخص میں کون سی باتیں دیکھنی چاہئیں جس سے آپ شادی کرنا چاہتے ہیں۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ آپ کو ایسے شخص سے شادی کرنے کے بارے میں سوچنا چاہیے جو یہوواہ سے پیار کرتا ہو۔b 1-کُرنتھیوں 7:39 اور 2-کُرنتھیوں 6:14 کو پڑھیں اور پھر اِن سوالوں پر باتچیت کریں:
ہمیں صرف اپنے ہمایمان سے شادی کیوں کرنی چاہیے؟
اگر کوئی مسیحی کسی ایسے شخص سے شادی کرتا ہے جو یہوواہ سے پیار نہیں کرتا تو آپ کے خیال میں یہوواہ کو کیسا لگے گا؟
6. شادی کے بارے میں یہوواہ جیسی سوچ رکھیں
پُرانے زمانے میں کچھ اِسرائیلی مردوں نے اپنی غلط خواہشوں کو پورا کرنے کے لیے اپنی بیویوں کو طلاق دے دی۔ ملاکی 2:13، 14، 16 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر باتچیت کریں:
یہوواہ کو ایسی طلاق سے نفرت کیوں ہے جو کسی ناجائز وجہ سے دی جاتی ہے؟
ویڈیو چلائیں اور پھر اِس سوال پر باتچیت کریں:
اگر آپ کا شریکِحیات یہوواہ کی عبادت نہیں کرتا تو آپ اپنی شادیشُدہ زندگی کو کامیاب بنانے کے لیے کیا کر سکتے ہیں؟
7. شادی کے سلسلے میں یہوواہ کے معیاروں پر عمل کریں
ایک شخص کو شادی کے سلسلے میں یہوواہ کے معیاروں پر عمل کرنے کے لیے سخت کوشش کرنی پڑ سکتی ہے۔c لیکن یہوواہ ایسے لوگوں کی کوششوں میں برکت ڈالتا ہے۔ ویڈیو چلائیں۔
عبرانیوں 13:4 کو پڑھیں اور پھر اِن سوالوں پر باتچیت کریں:
آپ کے خیال میں یہوواہ نے شادی کے سلسلے میں جو معیار قائم کیے ہیں، کیا وہ جائز ہیں؟ اگر ہاں تو کیوں اور اگر نہیں تو کیوں نہیں؟
یہوواہ چاہتا ہے کہ جب کوئی مسیحی شادی کرتا ہے یا طلاق لیتا ہے تو وہ اُسے رجسٹر کرائے۔ بہت سے ملکوں میں قانونی طور پر ایسا کرنا لازمی ہوتا ہے۔ طِطُس 3:1 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر باتچیت کریں:
اگر آپ شادیشُدہ ہیں تو کیا آپ نے اپنی شادی کو قانونی طور پر رجسٹر کرایا ہوا ہے؟
شاید کوئی شخص پوچھے: ”شادی کرنے کی کیا ضرورت ہے؟ کیا ایک جوڑا شادی کے بغیر اِکٹھا نہیں رہ سکتا؟“
آپ اِس سوال کے جواب میں کیا کہیں گے؟
خلاصہ
غیرشادیشُدہ زندگی اور شادیشُدہ زندگی دونوں یہوواہ خدا کی طرف سے نعمتیں ہیں۔ اگر ایک شخص یہوواہ کے معیاروں کے مطابق زندگی گزارتا ہے تو وہ خوش رہ سکتا ہے پھر چاہے وہ شادیشُدہ ہو یا غیرشادیشُدہ۔
دُہرائی
ایک شخص اپنی غیرشادیشُدہ زندگی کو اچھے طریقے سے کیسے اِستعمال کر سکتا ہے؟
بائبل میں یہ کیوں کہا گیا ہے کہ ایک مسیحی کو صرف اپنے ہمایمان سے شادی کرنی چاہیے؟
خدا صرف کس صورت میں طلاق لینے کی اِجازت دیتا ہے؟
مزید جانیں
دیکھیں کہ ”صرف خداوند میں“ شادی کرنے کا کیا مطلب ہے۔
دو ویڈیوز کے ذریعے جانیں کہ آپ شادی کرنے کے سلسلے میں صحیح فیصلے کیسے کر سکتے ہیں۔
اِس ویڈیو میں دیکھیں کہ ایک بھائی کو یہ کیوں لگتا ہے کہ اُس نے یہوواہ کے لیے جو کچھ چھوڑا ہے، یہوواہ نے اُسے اُس سے کہیں زیادہ دیا ہے۔
ایک شخص کو طلاق لینے یا اپنے شریکِحیات سے علیٰحدہ ہونے کے بارے میں سوچنے سے پہلے کن باتوں پر غور کرنا چاہیے؟
”شادی کے بندھن کا احترام کریں“ (مینارِنگہبانی، دسمبر 2018ء)
a یہ جاننے کے لیے کہ زِناکاری کے علاوہ ایسی کون سی صورتحال ہو سکتی ہیں جن میں ایک مسیحی کو اپنے شریکِحیات سے علیٰحدہ ہونا پڑ سکتا ہے، کتاب کے آخر میں نکتہ نمبر 4 کو دیکھیں۔
b کچھ ثقافتوں میں ماں باپ بچوں کے لیے رشتہ دیکھتے ہیں۔ ایسی صورتوں میں ماں باپ کو پیسے یا معاشرے میں مقام سے زیادہ اِس بات کو اہمیت دینی چاہیے کہ وہ شخص یہوواہ سے پیار کرتا ہو۔
c اگر آپ شادی کے بغیر کسی شخص کے ساتھ رہ رہے ہیں تو یہ آپ کا فیصلہ ہے کہ آپ اُس سے شادی کریں گے یا اُسے چھوڑ دیں گے۔