سبق نمبر 10
یہوواہ کے گواہوں کے اِجلاسوں میں جانے سے آپ کو کیا فائدہ ہو سکتا ہے؟
کیا آپ کبھی یہوواہ کے گواہوں کے اِجلاس میں گئے ہیں؟ اگر آپ ابھی تک اُن کے کسی اِجلاس میں نہیں گئے تو شاید آپ پہلی بار وہاں جانے سے تھوڑا گھبرائیں۔ شاید آپ سوچیں: ”اِن اِجلاسوں میں کیا ہوتا ہے؟ اِن میں جانا کیوں ضروری ہے؟ مجھے اِن میں جانے سے کیا فائدہ ہوگا؟“ اِس سبق میں آپ سیکھیں گے کہ یہوواہ کے گواہوں کے اِجلاسوں میں شامل ہونے سے آپ خدا کے اَور قریب کیسے ہو سکتے ہیں اور آپ کو کیا فائدہ ہو سکتا ہے۔
1. یہوواہ کے گواہ اِجلاسوں کے لیے جمع کیوں ہوتے ہیں؟
اِس کی سب سے اہم وجہ بائبل لکھنے والے ایک شخص نے بتائی۔ اُس نے کہا: ”مَیں بڑے مجمع میں [یہوواہ] کی ستایش کروں گا۔“ (زبور 26:12، نیو اُردو بائبل ورشن) پُرانے زمانے کے خدا کے بندوں کی طرح آج یہوواہ کے گواہ بھی عبادت کے لیے جمع ہوتے ہیں اور اِس سے اُنہیں بڑی خوشی ملتی ہے۔ پوری دُنیا میں یہوواہ کے گواہ ہر ہفتے مل کر خدا کی عبادت کرتے ہیں، اُس کی حمد کرتے ہیں اور اُس سے دُعا کرتے ہیں۔ اِس کے علاوہ سال میں چند بار اُن کے بڑے اِجتماع بھی ہوتے ہیں۔
2. آپ ہمارے اِجلاسوں میں کیا سیکھیں گے؟
ہمارے اِجلاسوں میں خدا کے کلام کی ”تشریح کر کے اُس کے معانی بتائے“ جاتے ہیں۔ (نحمیاہ 8:8 کو فٹنوٹ سے پڑھیں۔a) ہمارے اِجلاسوں میں آپ یہوواہ خدا اور اُس کی شاندار خوبیوں کے بارے میں سیکھیں گے۔ جیسے جیسے آپ سیکھیں گے کہ یہوواہ خدا آپ سے کتنی محبت کرتا ہے، آپ اُس کے قریب ہوتے جائیں گے۔ آپ یہ بھی جانیں گے کہ خدا ایک اچھی زندگی گزارنے میں آپ کی مدد کیسے کر سکتا ہے۔—یسعیاہ 48:17، 18۔
3. جب آپ اِجلاسوں میں جا کر دوسروں سے باتچیت کریں گے تو آپ کو کیا فائدہ ہوگا؟
یہوواہ خدا چاہتا ہے کہ ہم ”ایک دوسرے کے بارے میں سوچتے رہیں تاکہ محبت اور اچھے کاموں کی ترغیب دے سکیں۔ اور ایک دوسرے کے ساتھ جمع ہونے میں ناغہ نہ کریں۔“ (عبرانیوں 10:24، 25) ہمارے اِجلاسوں میں آپ ایسے لوگوں سے ملیں گے جو دل سے ایک دوسرے سے پیار کرتے ہیں اور جو آپ کی طرح خدا کو اَور اچھی طرح جاننا چاہتے ہیں۔ وہ بائبل سے ایسی باتیں بتائیں گے جن سے آپ کا حوصلہ بڑھے گا۔ (رومیوں 1:11، 12 کو پڑھیں۔) وہاں آپ ایسے لوگوں سے بھی ملیں گے جو اُن مسئلوں سے بڑی اچھی طرح نمٹ رہے ہیں جن کا شادیشُدہ اور غیرشادیشُدہ لوگوں کو سامنا ہوتا ہے۔ یہ کچھ ایسی باتیں ہیں جن کی وجہ سے یہوواہ خدا چاہتا ہے کہ ہم باقاعدگی سے اُس کی عبادت کے لیے جمع ہوں۔
موضوع کی گہرائی میں جائیں
جانیں کہ یہوواہ کے گواہوں کے اِجلاسوں میں کیا ہوتا ہے اور ہمیں اِن میں جانے کی پوری کوشش کیوں کرنی چاہیے۔
4. یہوواہ کے گواہوں کے اِجلاس
پہلی صدی عیسوی میں مسیحی یہوواہ خدا کی عبادت کے لیے باقاعدگی سے جمع ہوتے تھے۔ (رومیوں 16:3-5) کُلسّیوں 3:16 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر باتچیت کریں:
پہلی صدی عیسوی کے مسیحی یہوواہ خدا کی عبادت کیسے کرتے تھے؟
آج یہوواہ کے گواہ بھی باقاعدگی سے یہوواہ کی عبادت کے لیے جمع ہوتے ہیں۔ یہ جاننے کے لیے کہ اُن کے اِجلاسوں میں کیا ہوتا ہے، ویڈیو چلائیں۔ پھر اِجلاس کی تصویر دیکھیں اور اِن سوالوں پر باتچیت کریں:
آج یہوواہ کے گواہوں کے اِجلاسوں میں جو کچھ ہوتا ہے اور کُلسّیوں 3:16 میں جو کچھ لکھا ہے، اُس میں کون سی باتیں ملتی جلتی ہیں؟
کیا آپ کو ویڈیو یا تصویر میں اِجلاسوں کے حوالے سے کوئی اَور بات اچھی لگی ہے؟
دوسرا کُرنتھیوں 9:7 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر باتچیت کریں:
یہوواہ کے گواہوں کے اِجلاسوں میں چندہ کیوں نہیں لیا جاتا؟
یہوواہ کے جس گواہ سے آپ بائبل کورس کر رہے ہیں، اُس کے ساتھ مل کر اُن باتوں پر غور کریں جو اِس ہفتے کے اِجلاس میں بتائی جائیں گی۔
آپ کو اِجلاس کا کون سا حصہ سب سے زیادہ فائدہمند یا دلچسپ لگ رہا ہے؟
کیا آپ جانتے ہیں؟
آپ ویبسائٹ کے ذریعے یہ پتہ لگا سکتے ہیں کہ پوری دُنیا میں ہمارے اِجلاس کب اور کہاں ہوتے ہیں۔
(1) ہمارے اِجلاسوں میں تقریریں ہوتی ہیں، منظر ہوتے ہیں اور ویڈیوز دِکھائی جاتی ہیں۔ ہر اِجلاس گیت اور دُعا سے شروع اور ختم ہوتا ہے۔
(2) اِجلاس کے کچھ حصے سوال و جواب کی صورت میں ہوتے ہیں جن میں اِجلاس پر آئے ہوئے لوگ جواب دے سکتے ہیں۔
(3) ہمارے اِجلاسوں میں بوڑھے، بچے، خاندان اور غیرشادیشُدہ لوگ سب آ سکتے ہیں۔
(4) ہمارے اِجلاسوں میں چندہ نہیں لیا جاتا اور داخلہ مُفت ہوتا ہے۔
5.اِجلاسوں میں جانے کے لیے کوشش کرنی پڑتی ہے
اِس سلسلے میں یسوع مسیح کے گھرانے کی مثال پر غور کریں۔ وہ ناصرت میں رہتے تھے اور اُنہیں ہر سال ایک خاص موقعے پر یروشلیم جانا ہوتا تھا۔ ناصرت سے یروشلیم جانے کے لیے اُنہیں تقریباً تین دن تک پہاڑی راستوں پر پیدل چلنا پڑتا تھا۔ لُوقا 2:39-42 کو پڑھیں اور پھر اِن سوالوں پر باتچیت کریں:
آپ کے خیال میں یسوع کے خاندان کو یروشلیم جانے کے لیے کتنی کوشش کرنی پڑتی ہوگی؟
آپ کو اِجلاسوں میں جانے کے لیے کوشش کیوں کرنی پڑ سکتی ہے؟
کیا آپ کو لگتا ہے کہ اِجلاسوں میں جانے کی پوری کوشش کرنے سے آپ کو فائدہ ہوگا؟ آپ نے جو جواب دیا ہے، اُس کی وجہ کیا ہے؟
بائبل میں بتایا گیا ہے کہ عبادت کے لیے جمع ہونا بہت ضروری ہے۔ عبرانیوں 10:24، 25 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر باتچیت کریں:
ہمیں باقاعدگی سے اِجلاسوں میں کیوں جانا چاہیے؟
کچھ لوگ کہتے ہیں: ”بائبل کی تعلیم تو مَیں گھر بیٹھ کر بھی حاصل کر سکتا ہوں۔ مجھے دوسروں کے ساتھ جمع ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔“
بائبل کی کون سی آیت یا مثال سے پتہ چلتا ہے کہ یہوواہ خدا چاہتا ہے کہ ہم دوسروں کے ساتھ مل کر اُس کی عبادت کریں؟
خلاصہ
اِجلاسوں میں جانے سے آپ یہوواہ خدا کو اَور اچھی طرح جان سکیں گے، اُس کے ساتھ اپنی دوستی مضبوط کر سکیں گے اور دوسروں کے ساتھ مل کر اُس کی عبادت کر سکیں گے۔
دُہرائی
یہوواہ خدا یہ کیوں کہتا ہے کہ ہم دوسروں کے ساتھ مل کر اُس کی عبادت کریں؟
آپ یہوواہ کے گواہوں کے اِجلاسوں میں کیا سیکھیں گے؟
آپ کے خیال میں آپ کو اِجلاسوں میں جانے سے اَور کیا فائدہ ہو سکتا ہے؟
مزید جانیں
اگر آپ یہوواہ کے گواہوں کے اِجلاسوں میں جانے سے گھبراتے ہیں تو آپ کیا کر سکتے ہیں؟ اِس ویڈیو میں دیکھیں کہ ایک آدمی کو ایسا ہی لگتا تھا لیکن پھر اُسے اِجلاسوں میں جانا اچھا لگنے لگا۔
اِس ویڈیو میں دیکھیں کہ ایک نوجوان کو یہوواہ کے گواہوں کے اِجلاس کیوں اچھے لگے اور اُس نے کیا کِیا تاکہ وہ باقاعدگی سے اِجلاسوں میں جا سکے۔
اِس مضمون میں پڑھیں کہ کچھ لوگوں کو اِجلاسوں میں جانا کیسا لگتا ہے۔
”مجھے یہوواہ کے گواہوں کی عبادتگاہ کیوں جانا چاہیے؟“ (ویبسائٹ پر مضمون)
اِس مضمون میں ایک ایسے شخص کے بارے میں پڑھیں جو پہلے ماردھاڑ کرنے والے ایک گینگ کا رُکن تھا۔ دیکھیں کہ یہوواہ کے گواہوں کے ایک اِجلاس میں جانے کے بعد اُس کی زندگی کیسے بدل گئی۔
”مَیں اپنی پستول کے بغیر کہیں نہیں جاتا تھا“ (”مینارِنگہبانی“ کا مضمون)
a نحمیاہ 8:8 (نیو اُردو بائبل ورشن): ”پہلے اُنہوں نے خدا کی شریعت میں سے صاف صاف پڑھا، پھر اُس کی تشریح کر کے اُس کے معنی بتائے تاکہ جو کچھ پڑھا جا رہا تھا، لوگ اُسے سمجھ سکیں۔“