سبق نمبر 14
خدا کس قسم کی عبادت کو قبول کرتا ہے؟
جیسے کہ پچھلے سبق میں بتایا گیا تھا، خدا کو تمام مذاہب پسند نہیں ہیں۔ لیکن ہم ایک ایسے طریقے سے خدا کی عبادت کر سکتے ہیں جو اُسے پسند ہے۔ خدا کس قسم کی ”عبادت [یا مذہب]“ کو قبول کرتا ہے؟ (یعقوب 1:27، فٹنوٹ) آئیں، دیکھیں کہ اِس حوالے سے بائبل میں کیا بتایا گیا ہے۔
1. ہماری عبادت کی بنیاد کیا ہونی چاہیے؟
ہماری عبادت کی بنیاد بائبل ہونی چاہیے۔ یسوع مسیح نے خدا سے کہا: ”تیرا کلام سچائی ہے۔“ (یوحنا 17:17) کچھ مذاہب اُن سچائیوں کو نظرانداز کر دیتے ہیں جو خدا کے کلام بائبل میں پائی جاتی ہیں۔ وہ اِن سچائیوں کی بجائے اِنسانوں کی تعلیمات اور روایتوں کے مطابق خدا کی عبادت کرتے ہیں۔ مگر یہوواہ اُن لوگوں سے خوش نہیں ہوتا جو ”خدا کے حکموں کو . . . نظرانداز“ کرتے ہیں۔ (مرقس 7:9 کو پڑھیں۔) لیکن جب ہم بائبل کے مطابق خدا کی عبادت کرتے ہیں اور اِس میں درج ہدایتوں پر عمل کرتے ہیں تو اُس کا دل خوش ہوتا ہے۔
2. ہمیں یہوواہ خدا کی عبادت کیسے کرنی چاہیے؟
یہوواہ خدا نے ہمیں بنایا ہے۔ اِس لیے وہ یہ حق رکھتا ہے کہ ہم صرف اُس کی بندگی کریں۔ (مکاشفہ 4:11) اِس کا مطلب ہے کہ ہمیں یہوواہ خدا سے محبت کرنی چاہیے، صرف اور صرف اُس کی عبادت کرنی چاہیے اور اُس کی عبادت میں بُتوں، تصویروں یا مورتیوں کو اِستعمال نہیں کرنا چاہیے۔—یسعیاہ 42:8 کو پڑھیں۔
ہماری عبادت یہوواہ خدا کی نظر میں”پاک اور . . . پسندیدہ“ ہونی چاہیے۔ (رومیوں 12:1) اِس کا مطلب ہے کہ ہمیں خدا کے معیاروں کے مطابق زندگی گزارنی چاہیے۔ مثال کے طور پر یہوواہ سے محبت کرنے والے لوگ شادی کے سلسلے میں اُس کے معیاروں کی قدر کرتے ہیں اور اِن پر عمل کرتے ہیں۔ اِس کے علاوہ وہ ایسے کاموں سے دُور رہتے ہیں جن سے اُنہیں نقصان ہو سکتا ہے جیسے کہ وہ تمباکونوشی نہیں کرتے، منشیات نہیں لیتے اور بےتحاشا شراب نہیں پیتے۔a
3. ہمیں اپنے ہمایمانوں کے ساتھ مل کر یہوواہ خدا کی عبادت کیوں کرنی چاہیے؟
جب ہم اپنے اُن اِجلاسوں میں جاتے ہیں جو ہر ہفتے ہوتے ہیں تو ہمیں ”جماعت میں“ یہوواہ کی ”حمد“ کرنے کا موقع ملتا ہے۔ (زبور 111:1، 2) یہوواہ کی حمد کرنے کا ایک طریقہ یہ ہے کہ ہم اُس کی تعریف میں گیت گائیں۔ (زبور 104:33 کو پڑھیں۔) یہوواہ ہمیں اِجلاسوں میں جانے کو اِس لیے کہتا ہے کیونکہ وہ ہم سے پیار کرتا ہے اور وہ جانتا ہے کہ ایسا کرنے سے ہم اب اور ہمیشہ تک خوشیوں بھری زندگی گزار سکیں گے۔ ہم اِجلاسوں میں جا کر دوسروں کا حوصلہ بڑھاتے ہیں اور دوسرے ہمارا۔
موضوع کی گہرائی میں جائیں
غور کریں کہ یہوواہ خدا کو یہ بات کیوں پسند نہیں ہے کہ عبادت میں بُتوں یا تصویروں کو اِستعمال کِیا جائے۔ خدا کی بڑائی کرنے کے کچھ خاص طریقوں کے بارے میں بھی جانیں۔
4. ہمیں عبادت میں بُتوں یا تصویروں کو اِستعمال نہیں کرنا چاہیے
ہم یہ کیوں کہہ سکتے ہیں کہ اگر ہم ایسا کریں گے تو خدا ناخوش ہوگا؟ ویڈیو چلائیں اور پھر اِس سوال پر باتچیت کریں:
قدیم زمانے میں جب خدا کے کچھ بندوں نے اُس کی عبادت کے لیے ایک بُت بنایا تو کیا ہوا؟
کچھ لوگوں کو لگتا ہے کہ اگر وہ عبادت میں بُت یا تصویریں اِستعمال کریں گے تو وہ خدا کے زیادہ قریب ہو جائیں گے۔ لیکن سچ تو یہ ہے کہ ایسا کرنے سے وہ خدا سے زیادہ دُور ہو جاتے ہیں۔ خروج 20:4-6 اور زبور 106:35، 36 کو پڑھیں اور پھر اِن سوالوں پر باتچیت کریں:
آپ نے لوگوں کو عبادت میں کون سی چیزیں اِستعمال کرتے دیکھا ہے؟
جب لوگ عبادت میں بُت یا تصویریں اِستعمال کرتے ہیں تو یہوواہ خدا کو کیسا لگتا ہے؟
آپ عبادت میں بُت یا تصویریں اِستعمال کرنے کو کیسا خیال کرتے ہیں؟
5. صرف یہوواہ خدا کی عبادت کرنے سے ہم جھوٹے عقیدوں سے آزاد ہو جاتے ہیں
جانیں کہ صحیح طریقے سے یہوواہ کی عبادت کرنے سے ہم جھوٹے عقیدوں سے کیسے آزاد ہو جاتے ہیں۔ ویڈیو چلائیں۔
زبور 91:14 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر باتچیت کریں:
جب ہم صرف یہوواہ کی عبادت کرتے ہیں اور اِس طرح اُس کے لیے محبت ظاہر کرتے ہیں تو وہ ہمارے لیے کیا کرتا ہے؟
6. ہم اِجلاسوں میں خدا کی عبادت کرتے ہیں
جب ہم اِجلاسوں میں گیت گاتے ہیں اور جواب دیتے ہیں تو ہم یہوواہ خدا کی بڑائی کرتے ہیں اور ایک دوسرے کا حوصلہ بڑھاتے ہیں۔ زبور 22:22 کو پڑھیں اور پھر اِن سوالوں پر باتچیت کریں:
کیا آپ کو اِجلاسوں میں دوسروں کے جواب سننا اچھا لگتا ہے؟
کیا آپ بھی کوئی جواب تیار کرنا چاہتے ہیں؟
7. جب ہم دوسروں کو وہ باتیں بتاتے ہیں جو ہم سیکھتے ہیں تو یہوواہ خدا خوش ہوتا ہے
ہم بہت سے طریقوں سے دوسروں کو بائبل میں پائی جانے والی سچائیاں بتا سکتے ہیں۔ زبور 9:1 اور 34:1 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر باتچیت کریں:
آپ نے بائبل سے جو باتیں سیکھی ہیں، اُن میں سے کون سی بات آپ دوسروں کو بتانا چاہتے ہیں؟
کچھ لوگ کہتے ہیں: ”خدا تو دلوں کو دیکھتا ہے اِس لیے ہم جیسے چاہیں، اُس کی عبادت کر سکتے ہیں۔“
آپ کا کیا خیال ہے؟
خلاصہ
جب ہم صرف اور صرف خدا کی عبادت کرتے ہیں، اِجلاسوں میں اُس کی بڑائی کرتے ہیں اور دوسروں کو وہ باتیں بتاتے ہیں جو ہم سیکھتے ہیں تو خدا خوش ہوتا ہے۔
دُہرائی
ہم کیسے جان سکتے ہیں کہ خدا کی عبادت کرنے کا صحیح طریقہ کیا ہے؟
ہمیں صرف اور صرف یہوواہ خدا کی عبادت کیوں کرنی چاہیے؟
ہمیں ایسے لوگوں کے ساتھ مل کر خدا کی عبادت کیوں کرنی چاہیے جو اُسے خوش کرنا چاہتے ہیں؟
مزید جانیں
مضمون ”اب مَیں بُتوں کی غلامی نہیں کر رہی“ میں پڑھیں کہ ایک عورت اِس بات سے خوش کیوں ہے کہ اُس نے بُتوں کی عبادت کرنی چھوڑ دی ہے۔
”پاک کلام کی تعلیم زندگی سنوارتی ہے“ (”مینارِنگہبانی“ کا مضمون)
اِس مضمون میں پڑھیں کہ آپ اِجلاسوں میں جواب دینے کے لیے کیا کر سکتے ہیں۔
”کلیسیا میں یہوواہ کی ستائش کریں“ (مینارِنگہبانی، جنوری 2019ء)
اِس ویڈیو میں دیکھیں کہ ایک جوان شخص کو اِجلاسوں میں جانے سے کیا فائدہ ہوا حالانکہ اُس کے لیے ایسا کرنا آسان نہیں تھا۔
بہت سے لوگوں کو لگتا ہے کہ صلیب مسیحی مذہب کی پہچان ہے۔ لیکن کیا ہمیں عبادت میں صلیب اِستعمال کرنی چاہیے؟
”یہوواہ کے گواہ صلیب کیوں نہیں اِستعمال کرتے؟“ (ویبسائٹ پر مضمون)
a اِن کاموں کے بارے میں آگے چل کر بات کی جائے گی۔