یہوواہ کی برکت دولت بخشتی ہے
۱ ایک شخص کی کامیابی کا حساب اکثر اُسکی تنخواہ سے لگایا جاتا ہے۔ اِسی لئے بیشتر لوگ پیسے والوں کو نہایت خوش اور مطمئن خیال کرتے ہیں۔ تاہم، پیسے سے خوشی خریدنے کا احساس رکھنے والے افسوسناک غلطی کرتے ہیں۔ (واعظ ۵:۱۲)جو مادی طور پر ”دولتمند ہونا چاہتے ہیں“ وہ دائمی خوشی سے محروم رہتے ہیں۔ (۱-تیم ۶:۹) اِسکے برعکس، یہوواہ کے خادم واقعی خوش اور دُنیا کے سب سے دولتمند لوگ ہیں۔ (امثا ۱۰:۲۲؛ مکا ۲:۹) وہ کیسے؟
۲ ہماری دولت کا ثبوت: ہم عمدہ روحانی بصیرت اور خدا کے کلام بائبل کی سمجھ رکھتے ہیں۔ اپنی زمینی تنظیم کے ذریعے، یہوواہ ہمارے دائمی فائدہ کیلئے اپنی اور اپنے بیٹے کی بابت تعلیم دینا جاری رکھتا ہے۔ صحیح سمجھ ہمارے لئے یہوواہ کے قریب جانے اور اُس کیساتھ ایک قریبی رشتے سے لطفاندوز ہونے کو ممکن بناتی ہے۔ (یعقو ۴:۸) نیکوبد کا امتیاز اور خدا کے آئین کی پابندی ہمیں بعض بیماریوں اور خطرات سے محفوظ رکھتی ہے۔ ہمیں اعتماد ہے کہ یہوواہ ہماری ضروریات پوری کریگا جو الہٰی اطمینان اور ذہنی سکون پر منتج ہوگا۔—متی ۶:۳۳۔
۳ ہم خدا کی رُوح کے پھل پیدا کرنے کی وجہ سے اپنی روحانی برادری میں امن اور اتحاد سے لطفاندوز ہوتے ہیں۔ محبت کے ایک مضبوط رشتے میں متحد ہونے کی بدولت ہمیں کسی مصیبت کے وقت کبھی بھی یہ محسوس کرنے کی ضرورت نہیں کہ خدا یا ہمارے بھائیوں نے ہمیں تنہا چھوڑ دیا ہے۔—گل ۶:۱۰۔
۴ ہماری زندگیاں حقیقی معنی اور مقصد رکھتی ہیں۔ ہم خوشخبری کی عالمگیر منادی میں حصہ لینے کو ایک شاندار شرف خیال کرتے ہیں۔ جب ہم خدا کیساتھ ایک اچھا رشتہ قائم کرتے اور اپنے ساتھ متحد ہوکر سچی پرستش میں حصہ لینے میں دوسروں کی مدد کرتے ہیں تو یہ دائمی خوشی کا باعث بنتا ہے۔ خدمتگزاری کے ہمارے بیشقیمت خزانے سے یہوواہ کی تمجید ہوتی ہے اور اُسکے نام کی تقدیس کرنے میں حصہ لینا ہمیں تسکین بخشتا ہے۔ ہم یہ جانتے ہوئے ایک مثبت ذہنی رُجحان برقرار رکھتے ہیں کہ مستقبل کی بابت ہماری اُمید بہت جلد بَر آئیگی۔
۵ قدردانی ظاہر کرنا: دُعا ہے کہ ہم ہمیشہ یہوواہ کی برکات کی قدر کرتے رہیں جن سے ہم واقعی زمین کے سب سے دولتمند لوگ بنتے ہیں۔ (امثا ۲۲:۴) ہمارے پاس جو کچھ ہے ہر روز تھوڑا وقت نکال کر اُس پر غوروخوض کرنے سے ہمیں یہوواہ کی بےلوث محبت کا شکر ادا کرنے اور اُس کیلئے اپنی بلاشرکتِغیرے عقیدت ظاہر کرتے رہنے کی تحریک ملتی ہے۔