باب نمبر ۴۰
ہم خدا کو کیسے خوش کر سکتے ہیں؟
ہم خدا کو کیسے خوش کر سکتے ہیں؟ کیا ہم اُس کو کچھ دے سکتے ہیں؟ ...... یہوواہ خدا کہتا ہے: ”جنگل کا ایکایک جانور میرا ہی ہے۔“ وہ یہ بھی کہتا ہے: ”چاندی میری ہے اور سونا میرا ہے۔“ (زبور ۲۴:۱؛ ۵۰:۱۰؛ حجی ۲:۸) ہم یہوواہ خدا کو کوئی چیز نہیں دے سکتے ہیں۔ تو پھر آپ کے خیال میں ہم یہوواہ خدا کو کیسے خوش کر سکتے ہیں؟ ...... آئیں، مَیں آپ کو بتاتا ہوں۔
یہوواہ خدا ہمیں اِس بات پر مجبور نہیں کرتا کہ ہم اُس کی مرضی پر چلیں۔ وہ ہمیں خود فیصلہ کرنے دیتا ہے کہ ہم اُس کا کہنا مانیں گے یا نہیں۔ اُس نے ہمیں اِس طرح بنایا ہے کہ ہم اپنی مرضی سے اُس کی خدمت کرنے کا فیصلہ کر سکتے ہیں۔
کیا آپ کو پتہ ہے کہ روبوٹ کسے کہتے ہیں؟ روبوٹ ایک مشین ہے۔ روبوٹ صرف وہی کام کر سکتا ہے جو اِس کا بنانے والا چاہتا ہے۔ وہ کوئی اَور کام نہیں کر سکتا۔ اِس کی اپنی کوئی مرضی نہیں ہوتی۔ اگر یہوواہ خدا چاہتا تو وہ ہمیں بھی روبوٹ جیسا بنا سکتا تھا۔ پھر ہم صرف وہی کام کر سکتے جو وہ چاہتا۔ لیکن اُس نے ہمیں روبوٹ جیسا نہیں بنایا۔ کیا آپ جانتے ہیں کہ اِس کی کیا وجہ ہے؟ ...... کچھ کھلونے ریموٹ سے چلتے ہیں۔ بٹن دبانے پر وہ مختلف کام کرتے ہیں۔ لیکن وہ صرف ایسے کام کر سکتے ہیں جن کے لئے اُن کو بنایا گیا ہے۔ کیا آپ نے کبھی اِس طرح کا کھلونا دیکھا ہے؟ ...... بچے کچھ دن تک ایسے کھلونوں کے ساتھ کھیلتے ہیں۔ لیکن پھر وہ بور ہو جاتے ہیں کیونکہ یہ کھلونے صرف وہی کام کر سکتے ہیں جن کے لئے اُن کو بنایا گیا ہے۔ وہ اپنی مرضی سے کچھ نہیں کر سکتے۔ یہوواہ خدا نے ہمیں روبوٹ کی طرح نہیں بنایا ہے۔ وہ چاہتا ہے کہ ہم اپنی مرضی سے اُس کی خدمت کریں۔ وہ چاہتا ہے کہ ہم اِس لئے اُس کا کہنا مانیں کیونکہ ہم اُس سے پیار کرتے ہیں۔
آپ کے خیال میں جب ہم اپنی مرضی سے یہوواہ خدا کی خدمت کرتے ہیں تو اُسے کیسا لگتا ہے؟ ...... جب آپ کوئی اچھا یا بُرا کام کرتے ہیں تو آپ کے امیابو کو کیسا لگتا ہے؟ ...... بائبل میں لکھا ہے کہ ایک سمجھدار بیٹا ”اپنے باپ کو خوش کرتا ہے“ لیکن بےوقوف بیٹا ”اپنی ماں کو غمگین کرتا ہے۔“ (امثال ۱۰:۱) جب آپ کے امیابو آپ کو کوئی کام کرنے کے لئے کہتے ہیں اور آپ اِسے کرتے ہیں تو وہ خوش ہوتے ہیں، ہے نا؟ ...... لیکن جب آپ اُن کا کہنا نہیں مانتے ہیں تو پھر اُن کو کیسا لگتا ہے؟ ......
اب ذرا سوچیں کہ ہم یہوواہ خدا کو کیسے خوش کر سکتے ہیں؟ اُس نے یہ بات بائبل میں بتائی ہے۔ ذرا اپنی بائبل میں امثال ۲۷ باب کھولیں اور اِس کی ۱۱ آیت پڑھیں۔ اِس میں لکھا ہے: ”اَے میرے بیٹے! دانا بن اور میرے دل کو شاد کر تاکہ مَیں اپنے ملامت کرنے والے کو جواب دے سکوں۔“ اِس کا مطلب ہے کہ اگر ہم سمجھداری سے کام لیں گے تو ہم یہوواہ خدا کے دل کو خوش کریں گے۔ یوں وہ شیطان کو جواب دے سکے گا کیونکہ شیطان، یہوواہ خدا کو ملامت کرتا ہے۔ کیا آپ کو پتہ ہے کہ ملامت کرنے کا کیا مطلب ہے؟ ...... اِس کا مطلب ہے: کسی کے بارے میں بُری باتیں کہنا۔ شیطان نے یہوواہ خدا کے بارے میں کون سی بُری باتیں کہی ہیں؟ ...... آئیں، دیکھیں۔
یاد ہے کہ ہم نے باب نمبر ۸ میں پڑھا تھا کہ شیطان سب سے بڑا بننا چاہتا ہے۔ وہ چاہتا ہے کہ سب اُس کا کہنا مانیں۔ شیطان کہتا ہے کہ لوگ صرف اِس لئے یہوواہ خدا کی عبادت کرتے ہیں کیونکہ یہوواہ خدا اُن کو بدلے میں ہمیشہ کی زندگی دے گا۔ شیطان نے آدم اور حوا کو خدا کی نافرمانی کرنے پر اُکسایا۔ چونکہ وہ اِس میں کامیاب ہو گیا اِس لئے اُس نے یہوواہ خدا سے کہا: ”لوگ صرف اِس لئے تیری عبادت کرتے ہیں کیونکہ تُو اُن کو اچھیاچھی چیزیں دیتا ہے۔ مجھے موقع دے تو مَیں سب لوگوں کو گمراہ کر دوں گا۔“
یہ لفظ بائبل میں نہیں لکھے ہیں۔ تو پھر ہم کیسے جانتے ہیں کہ شیطان نے خدا سے یہ بات کہی تھی؟ جب ہم بائبل میں خدا کے خادم ایوب کی کہانی پڑھتے ہیں تو ہم جان جاتے ہیں کہ شیطان نے خدا سے ایسی ہی بات کہی تھی۔ شیطان نے کہا کہ ایوب خدا کے وفادار نہیں رہیں گے۔ لیکن خدا کو یقین تھا کہ ایوب اُس کے وفادار رہیں گے۔ ذرا بائبل میں ایوب کی کتاب کو کھولیں۔ اِس کے پہلے اور دوسرے باب میں ہم دیکھیں گے کہ کیا ہوا تھا۔
پہلے باب میں بتایا گیا ہے کہ جب فرشتے آسمان پر یہوواہ خدا کے سامنے حاضر ہوئے تو شیطان بھی وہاں گیا۔ یہوواہ خدا نے شیطان سے پوچھا: ”تُم کہاں سے آئے ہو؟“ شیطان نے جواب دیا کہ ”مَیں زمین سے آیا ہوں۔“ پھر یہوواہ خدا نے اُس سے پوچھا: ”کیا تُم نے دیکھا ہے کہ میرا خادم ایوب کتنا اچھا ہے؟ وہ کوئی بُرا کام نہیں کرتا۔“—ایوب ۱:۶-۸۔
شیطان نے یہوواہ خدا کو جواب دیا: ”ایوب صرف اِس لئے تیری خدمت کرتا ہے کیونکہ اُس کے پاس سب کچھ ہے۔ لیکن اگر تُو اُس کی مدد کرنا چھوڑ دے تو وہ تجھے بُرابھلا کہے گا۔“ اِس پر یہوواہ خدا نے کہا: ”ٹھیک ہے، تُم جو چاہے اُس کے ساتھ کر سکتے ہو لیکن اُس کے جسم کو ہاتھ نہ لگانا۔“—ایوب ۱:۹-۱۲۔
کیا آپ جانتے ہیں کہ شیطان نے پھر کیا کِیا؟ ...... اُس نے کچھ لوگوں کو اُکسایا اور اِن لوگوں نے ایوب کے بیل اور گدھے چوری کر لئے اور اُن نوکروں کو قتل کر دیا جو اِن جانوروں کا خیال رکھتے تھے۔ پھر آسمان سے بجلی گِری اور ایوب کی سب بھیڑیں اور چرواہے جل کر راکھ ہو گئے۔ اِس کے بعد کچھ لوگوں نے ایوب کے اُونٹوں کو چوری کر لیا اور اُن نوکروں کو مار ڈالا جو اُونٹوں کا خیال رکھتے تھے۔ آخرکار شیطان نے بڑی تیز آندھی چلائی اور وہ گھر گِر گیا جس میں ایوب کے دس بچے تھے اور وہ سب کے سب مر گئے۔ اِن مصیبتوں کے باوجود ایوب خدا کے وفادار رہے۔—ایوب ۱:۱۳-۲۲۔
اِس کے بعد شیطان پھر سے خدا کے پاس گیا۔ یہوواہ خدا نے شیطان سے کہا: ”دیکھو، ایوب ابھی بھی میرا وفادار ہے۔“ شیطان نے کہا: ”ذرا مجھے اُس کے جسم کو تکلیف پہنچانے دے۔ پھر وہ ضرور تجھے بُرابھلا کہے گا۔“ اِس پر یہوواہ خدا نے شیطان کو اِس بات کی بھی اجازت دے دی۔ لیکن خدا نے اُسے ایوب کو مار ڈالنے کی اجازت نہیں دی۔
شیطان نے ایوب کو بیمار کر دیا۔ ایوب کے جسم پر سر سے پاؤں تک بڑےبڑے پھوڑے نکل آئے۔ اِن پھوڑوں سے اِتنی بدبُو آتی تھی کہ کوئی بھی ایوب کے پاس بیٹھنا نہیں چاہتا تھا۔ یہاں تک کہ اُن کی بیوی نے اُن سے کہا: ”آخر آپ کب تک خدا کے وفادار رہیں گے؟ خدا کو بُرابھلا کہیں اور مر جائیں۔“ پھر ایوب کے کچھ دوست اُن کا حال پوچھنے کے لئے آئے۔ اُنہوں نے ایوب کو تسلی دینے کی بجائے اُن سے کہا: ”تُم نے ضرور بہت ہی بُرے کام کئے ہیں اِسی لئے تُم پر یہ ساری مصیبتیں آئی ہیں۔“ حالانکہ شیطان نے ایوب کو بڑی تکلیف پہنچائی لیکن پھر بھی ایوب خدا کے وفادار رہے۔—ایوب ۲:۱-۱۳؛ ۷:۵؛ ۱۹:۱۳-۲۰۔
جب یہوواہ خدا نے دیکھا کہ ایوب مشکلات کے باوجود اُس کے وفادار ہیں تو اُس نے کیسا محسوس کِیا ہوگا؟ آپ کا کیا خیال ہے؟ ...... یہوواہ خدا بہت ہی خوش ہوا۔ اب وہ شیطان سے کہہ سکتا تھا: ”دیکھو، میرا خادم ایوب کسی چیز کے بدلے میں میری خدمت نہیں کرتا۔ وہ اپنی مرضی سے میری خدمت کرتا ہے۔“ اِس طرح ایوب نے شیطان کو جھوٹا ثابت کر دیا۔ کیا آپ شیطان کو جھوٹا ثابت کرنا چاہتے ہیں؟ ...... یاد ہے، شیطان نے کہا تھا کہ وہ سب لوگوں کو گمراہ کر سکتا ہے۔ لیکن اگر ہم گمراہ نہیں ہوں گے تو ہم شیطان کو جھوٹا ثابت کریں گے۔ یہ ایک بہت بڑا شرف ہے۔ عظیم اُستاد یسوع مسیح بھی اِس کو بہت بڑا شرف خیال کرتے تھے۔
یسوع مسیح کبھی شیطان کے کہنے میں نہیں آئے اور اُنہوں نے کوئی غلط کام نہیں کِیا۔ یہوواہ خدا اُن سے بہت خوش ہوا ہوگا، ہے نا؟ یہوواہ خدا، شیطان سے کہہ سکتا تھا کہ ”میرے بیٹے کو دیکھو۔ وہ ہر حال میں میرا وفادار ہے کیونکہ وہ مجھ سے پیار کرتا ہے۔“ ذرا سوچیں کہ یسوع مسیح کو اپنے باپ یہوواہ خدا کو خوش کرنے سے کتنی خوشی ملی ہوگی۔ وہ خدا کو خوش کرنے کے لئے سُولی پر اپنی جان دینے کو بھی تیار تھے۔—عبرانیوں ۱۲:۲۔
کیا آپ بھی عظیم اُستاد یسوع مسیح کی طرح یہوواہ خدا کو خوش کرنا چاہتے ہیں؟ ...... پھر یہوواہ خدا کی مرضی کے بارے میں سیکھیں اور اِس پر چلیں۔
یسوع مسیح نے خدا کو کیسے خوش کِیا؟ اور ہم خدا کو کیسے خوش کر سکتے ہیں؟ اِس سلسلے میں اِن آیتوں کو پڑھیں: امثال ۲۳:۲۲-۲۵؛ یوحنا ۵:۳۰؛ یوحنا ۶:۳۸؛ یوحنا ۸:۲۸؛ اور ۲-یوحنا ۴۔