اپنےآپ کو خدا کی محبت میں قائم رکھیں!
”اَے پیارو! . . . اپنےآپ کو خدا کی محبت میں قائم رکھو اور ہمیشہ کی زندگی . . . کے منتظر رہو۔“—یہوداہ ۲۰، ۲۱۔
۱، ۲. آپ خدا کی محبت میں کیسے قائم رہ سکتے ہیں؟
یہوواہ خدا انسانوں سے اسقدر محبت رکھتا ہے کہ اُس نے اُن کے لئے اپنا اکلوتا بیٹا بخش دیا تاکہ جو کوئی اُس پر ایمان لائے ہمیشہ کی زندگی پائے۔ (یوحنا ۳:۱۶) ایسی محبت کا تجربہ کرنا کسقدر شاندار ہے! اگر آپ یہوواہ خدا کے خادم ہیں تو آپ یقیناً ہمیشہ تک اس محبت سے لطف اُٹھانا چاہیں گے۔
۲ شاگرد یہوداہ نے خدا کی محبت میں قائم رہنے کا طریقہ بیان کِیا۔ اُس نے لکھا: ”اپنے پاکترین ایمان میں اپنی ترقی کرکے اور رُوحاُلقدس میں دُعا کرکے۔ اپنے آپ کو خدا کی محبت میں قائم رکھو اور ہمیشہ کی زندگی کے لئے ہمارے خداوند یسوؔع مسیح کی رحمت کے منتظر رہو۔“ (یہوداہ ۲۰، ۲۱) خدا کے کلام کا مطالعہ کرنے اور خوشخبری کی منادی کرنے سے آپ کو ”پاکترین ایمان“ یعنی مسیحی تعلیمات میں ترقی کرنے میں مدد ملے گی۔ خدا کی محبت میں قائم رہنے کے لئے آپ کو ”رُوحاُلقدس میں“ یعنی اس کے زیرِاثر دُعا کرنی چاہئے۔ ہمیشہ کی زندگی کی برکت حاصل کرنے کے لئے ہمیں یسوع مسیح کے فدیے کی قربانی پر ایمان بھی لانا چاہئے۔—۱-یوحنا ۴:۱۰۔
۳. بعض اشخاص اب یہوواہ کے گواہ کیوں نہیں ہیں؟
۳ بعض اشخاص ایمان رکھنے کے باوجود خدا کی محبت میں قائم نہیں رہ سکے۔ اِسلئےکہ وہ گنہگارانہ روش میں پڑ گئے اور اب وہ یہوواہ کے گواہ نہیں رہے۔ آپ ایسی صورتحال میں پڑنے سے کیسے بچ سکتے ہیں؟ مندرجہذیل نکات پر غوروخوض کرنا آپکی گُناہ سے بچنے اور خدا کی محبت میں قائم رہنے کیلئے مدد کر سکتا ہے۔
خدا کے لئے محبت ظاہر کریں
۴. خدا کی فرمانبرداری کرنا کتنا اہم ہے؟
۴ خدا کی فرمانبرداری کرنے سے اُسکے لئے محبت دکھائیں۔ (متی ۲۲:۳۷) یوحنا رسول نے لکھا: ”خدا کی محبت یہ ہے کہ ہم اُس کے حکموں پر عمل کریں اور اُسکے حکم سخت نہیں۔“ (۱-یوحنا ۵:۳) خدا کی فرمانبرداری کرنا آپ کو آزمائش کا مقابلہ کرنے کیلئے تقویت دے سکتا اور آپ کو خوشی بخش سکتا ہے۔ زبورنویس نے لکھا: ”مبارک ہے وہ آدمی جو شریروں کی صلاح پر نہیں چلتا . . . بلکہ [یہوواہ] کی شریعت میں اُس کی خوشنودی ہے۔“—زبور ۱:۱، ۲۔
۵. یہوواہ خدا کے لئے محبت آپ کو کیا کرنے کی تحریک دے گی؟
۵ یہوواہ خدا کیلئے محبت آپکو اُسکے نام پر رسوائی لانے والے سنگین گُناہ سے بچنے کی تحریک دے گی۔ امثال کی کتاب میں اجور نے دُعا کی: ”مجھ کو نہ کنگال کر نہ دولتمند۔ میری ضرورت کے مطابق مجھے روزی دے۔ ایسا نہ ہو کہ مَیں سیر ہوکر انکار کروں اور کہوں [یہوواہ] کون ہے؟ یا مبادا محتاج ہوکر چوری کروں اور اپنے خدا کے نام کی تکفیر کروں۔“ (امثال ۳۰:۱، ۸، ۹) پس، ’خدا کے نام کی تکفیر نہ کرنے‘ کا عزم کریں۔ نیز ہمیشہ اچھے کام کرنے کی کوشش کریں تاکہ خدا کے نام کو جلال ملے۔—زبور ۸۶:۱۲۔
۶. اگر آپ جانبوجھ کر گُناہ کرتے ہیں تو کیا واقع ہو سکتا ہے؟
۶ گُناہ کی آزمائش کا مقابلہ کرنے کے لئے باقاعدگی سے اپنے پُرمحبت آسمانی باپ سے دُعا کریں۔ (متی ۶:۱۳؛ رومیوں ۱۲:۱۲) خدا کی مشورت پر عمل کریں تاکہ آپ کی دُعائیں رُک نہ جائیں۔ (۱-پطرس ۳:۷) جانبوجھ کر گُناہ میں پڑ جانے کے نتائج افسوسناک ہو سکتے ہیں۔ اِسلئےکہ یہوواہ خدا سرکش لوگوں سے دُور چلا جاتا ہے گویا وہ بادلوں میں مستور ہو جاتا ہے تاکہ اُن کی دُعائیں اُس تک نہ پہنچ سکیں۔ (نوحہ ۳:۴۲-۴۴) پس فروتن رُجحان ظاہر کریں اور یہ دُعا کریں کہ آپ کوئی ایسا کام نہ کریں جس کی وجہ سے آپ کی دُعا خدا تک پہنچنے سے رُک جائے۔—۲-کرنتھیوں ۱۳:۷۔
خدا کے بیٹے کے لئے محبت دکھائیں
۷، ۸. یسوع مسیح کی مشورت پر دھیان دینا کسی شخص کی گنہگارانہ روش سے باز رہنے میں کیسے مدد کر سکتا ہے؟
۷ یسوع مسیح کے حکموں پر عمل کرنے سے اُس کیلئے محبت ظاہر کریں۔ ایسا کرنے سے آپ کی گنہگارانہ روش سے باز رہنے میں مدد ہوگی۔ یسوع مسیح نے کہا: ”اگر تُم میرے حکموں پر عمل کرو گے تو میری محبت میں قائم رہو گے جیسے مَیں نے اپنے باپ کے حکموں پر عمل کِیا ہے اور اُس کی محبت میں قائم ہوں۔“ (یوحنا ۱۵:۱۰) یسوع مسیح کے اِن الفاظ پر عمل کرنا یہوواہ خدا کی محبت میں قائم رہنے میں آپ کی مدد کیسے کر سکتا ہے؟
۸ یسوع کے الفاظ پر دھیان دینا اخلاقی پاکیزگی برقرار رکھنے میں آپ کی مدد کر سکتا ہے۔ اسرائیلیوں کو دی جانے والی خدا کی شریعت میں بیان کِیا گیا تھا: ”تُو زنا نہ کرنا۔“ (خروج ۲۰:۱۴) لیکن یسوع مسیح نے اس حکم کے پیچھے دئے گئے اُصول کو بیان کرتے ہوئے کہا: ”جس کسی نے بُری خواہش سے کسی عورت پر نگاہ کی وہ اپنے دل میں اُس کے ساتھ زنا کر چکا۔“ (متی ۵:۲۷، ۲۸) پطرس رسول نے بیان کِیا کہ پہلی صدی کی مسیحی کلیسیا میں بعض اشخاص کی ’آنکھوں میں زناکار عورتیں بسی تھیں اور وہ بےقیام دلوں کو پھنساتے تھے۔‘ (۲-پطرس ۲:۱۴) اُن کے برعکس، یہوواہ خدا اور یسوع مسیح کے ساتھ محبت رکھنے، اُن کی فرمانبرداری کرنے اور اُن کے ساتھ اپنے رشتے کو محفوظ رکھنے کا عزم کرنے سے آپ جنسی بداخلاقی میں پڑنے سے بچ سکتے ہیں۔
یہوواہ خدا کی پاک رُوح کی راہنمائی میں چلیں
۹. اگر ایک شخص گُناہ کرتا رہتا ہے تو خدا کی پاک رُوح کے سلسلے میں کیا واقع ہو سکتا ہے؟
۹ خدا کی پاک رُوح کے لئے دُعا کریں اور اس کی راہنمائی میں چلیں۔ (لوقا ۱۱:۱۳؛ گلتیوں ۵:۱۹-۲۵) اگر آپ گُناہ کرتے رہتے ہیں تو خدا کی پاک رُوح آپ سے جُدا ہو سکتی ہے۔ بتسبع کے ساتھ گُناہ کرنے کے بعد، داؤد نے خدا سے درخواست کی: ”مجھے اپنے حضور سے خارج نہ کر اور اپنی پاک رُوح کو مجھ سے جُدا نہ کر۔“ (زبور ۵۱:۱۱) اسرائیلی بادشاہ ساؤل نے سموئیل نبی کی بجائے خود سوختنی قربانی گزراننے اور خدا کے حکم کی خلافورزی کرتے ہوئے عمالیقیوں کے بادشاہ اور اچھی اچھی بھیڑبکریوں اور گائےبیلوں کو جیتا چھوڑ دینے سے گُناہ کِیا۔ اپنے گُناہوں سے توبہ نہ کرنے کی وجہ سے یہوواہ خدا کی رُوح اُس سے جُدا ہو گئی۔—۱-سموئیل ۱۳:۱-۱۴؛ ۱۵:۱-۳۵؛ ۱۶:۱۴-۲۳۔
۱۰. آپ کو گُناہ کرنے کے خیال ہی کو کیوں اپنے دل سے دُور کر دینا چاہئے؟
۱۰ گُناہ کرنے کے خیال ہی کو اپنے دل سے دُور کر دیں۔ پولس رسول نے لکھا: ”حق کی پہچان حاصل کرنے کے بعد اگر ہم جانبوجھ کر گُناہ کریں تو گُناہوں کی کوئی اَور قربانی باقی نہیں رہی۔“ (عبرانیوں ۱۰:۲۶-۳۱) پس اگر آپ جانبوجھ کر گُناہ کرتے ہیں تو یہ کتنی افسوسناک بات ہوگی!
دوسروں کے لئے حقیقی محبت ظاہر کریں
۱۱، ۱۲. کن طریقوں سے محبت اور احترام ایک شخص کو جنسی بداخلاقی میں پڑنے سے باز رکھیں گے؟
۱۱ ساتھی انسانوں کے لئے محبت آپ کو جنسی بداخلاقی میں پڑنے سے باز رکھے گی۔ (متی ۲۲:۳۹) ایسی محبت آپ کو اپنے دل کی خوب حفاظت کرنے کی تحریک دے گی تاکہ یہ آپ کو کسی دوسرے کے بیاہتا ساتھی میں دلچسپی لینے اور اپنے ساتھی کے لئے اُس کی محبت کو چھیننے کیلئے نہ اُکسائے۔ ایسا کرنا زناکاری جیسے سنگین گُناہ کا باعث بن سکتا ہے۔ (امثال ۴:۲۳؛ یرمیاہ ۴:۱۴؛ ۱۷:۹، ۱۰) خدا کے راستباز بندے ایوب کی مانند بنیں۔ اُس نے کبھی کسی عورت پر بُری نگاہ نہیں ڈالی تھی۔—ایوب ۳۱:۱۔
۱۲ شادی کے مُقدس بندھن کے لئے احترام آپ کو سنگین گُناہ کرنے سے بچنے میں مدد دے سکتا ہے۔ خدا کا مقصد تھا کہ باعزت شادی اور جنسی تعلقات افزائشِنسل کا ذریعہ ہوں۔ (پیدایش ۱:۲۶-۲۸) یاد رکھیں کہ جنسی اعضا کا تعلق زندگی سے ہے جوکہ خدا کی نظر میں پاک ہے۔ حرامکار اور زناکار خدا کی نافرمانی کرتے، جنسی تعلقات کی تحقیر کرتے، شادی کے مُقدس بندھن کے لئے احترام کی کمی ظاہر کرتے اور اپنے جسم کے خلاف گُناہ کرتے ہیں۔ (۱-کرنتھیوں ۶:۱۸) لیکن خدا اور پڑوسی کیلئے محبت کے ساتھ ساتھ خدا کی فرمانبرداری کرنا بھی ایک شخص کو ایسے چالچلن سے بچنے میں مدد دے گا، جس کی وجہ سے اُسے مسیحی کلیسیا سے خارج کِیا جا سکتا ہے۔
۱۳. ایک بداخلاق شخص کس طرح اپنا ”مال اُڑاتا“ ہے؟
۱۳ ہمیں گنہگارانہ خیالات کو کچلنے کی ضرورت ہے تاکہ ہم اپنے عزیزوں کو تکلیف نہ پہنچائیں۔ امثال ۲۹:۳ بیان کرتی ہے: ”جو کسبیوں سے صحبت رکھتا ہے اپنا مال اُڑاتا“ ہے۔ اپنے گُناہ کو تسلیم نہ کرنے والا زناکار شخص خدا کے ساتھ اپنے رشتے کو تباہ کر لیتا اور خاندانی بندھن کو نقصان پہنچاتا ہے۔ ایسے شخص کی بیوی اُس سے طلاق لے سکتی ہے۔ (متی ۱۹:۹) خواہ ایک شوہر گنہگار ہے یا بیوی دونوں صورتوں میں خاندان کے ٹوٹ جانے کی صورت میں دوسرے ساتھی، بچوں اور دیگر لوگوں کو تکلیف پہنچ سکتی ہے۔ کیا آپ اس بات سے متفق نہیں کہ بداخلاق چالچلن تباہی کا باعث بن سکتا ہے تو کیا پھر ہمیں اس آزمائش کا مقابلہ کرنے کی تحریک نہیں ملنی چاہئے؟
۱۴. امثال ۶:۳۰-۳۵ سے ہم گُناہ کے متعلق کونسا سبق سیکھ سکتے ہیں؟
۱۴ جب ایک شخص یہ جانتا ہے کہ زناکاری جیسے گُناہ کی تلافی نہیں ہو سکتی تو اِس بات کو اُسے اس بُرے اور خودغرضانہ کام سے باز رہنے کی تحریک دینی چاہئے۔ امثال ۶:۳۰-۳۵ ظاہر کرتی ہے کہ اپنی بھوک کو مٹانے کے لئے چوری کرنے والے شخص پر تو لوگ رحم کھا سکتے ہیں لیکن ایک زناکار شخص کی بُری حرکت کی وجہ سے اُس سے نفرت کرتے ہیں۔ ایسا شخص ”اپنی جان کو ہلاک کرنا چاہتا ہے۔“ موسوی شریعت کے تحت ایسے شخص کو جان سے مار دیا جاتا تھا۔ (احبار ۲۰:۱۰) ایک زناکار شخص اپنی تسکین کے لئے دوسروں کو تکلیف پہنچاتا ہے اور اپنے گُناہ کو تسلیم نہ کرنے والا زناکار شخص خدا کی محبت میں قائم نہیں رہتا، اس لئے اُسے مسیحی کلیسیا سے نکال دیا جاتا ہے۔
اپنے ضمیر کو صاف رکھیں
۱۵. ’گرم لوہے سے داغے‘ جانے والے ضمیر کی حالت کیسی ہوتی ہے؟
۱۵ خدا کی محبت میں قائم رہنے کیلئے ہم اپنے ضمیر کو گُناہ کے سلسلے میں بےحس یا مُردہ نہیں ہونے دیں گے۔ ہمیں دُنیا کے اخلاق سے گرے ہوئے معیاروں کو قبول نہیں کرنا چاہئے۔ اس کے علاوہ ہمیں اپنی رفاقت، پڑھائی کے مواد اور تفریح جیسے معاملات کا انتخاب بھی سوچسمجھ کر کرنا چاہئے۔ پولس رسول نے آگاہ کِیا: ”آیندہ زمانوں میں بعض لوگ گمراہ کرنے والی رُوحوں اور شیاطین کی تعلیم کی طرف متوجہ ہوکر ایمان سے برگشتہ ہو جائیں گے۔ یہ اُن جھوٹے آدمیوں کی ریاکاری کے باعث ہوگا جن کا دل گویا گرم لوہے سے داغا گیا ہے۔“ (۱-تیمتھیس ۴:۱، ۲) ”گرم لوہے سے داغا“ جانے والا دل یا ضمیر ایسے زخم کی مانند ہوتا ہے جو بھر تو جاتا ہے مگر زخم کی جگہ بےحس ہو جاتی ہے۔ ایسا ضمیر ہمیں ریاکار یعنی برگشتہ اشخاص سے دُور رہنے کے بارے میں آگاہ نہیں کرتا اور یہ ہمارے ایمان سے گمراہ ہو جانے کا باعث بھی بن سکتا ہے۔
۱۶. صاف ضمیر رکھنا اتنا ضروری کیوں ہے؟
۱۶ ہماری نجات کا انحصار صاف ضمیر رکھنے پر ہے۔ (۱-پطرس ۳:۲۱) یسوع مسیح کے بہائے ہوئے خون پر ایمان رکھنے سے ہمارا ضمیر مُردہ کاموں سے پاک ہو گیا ہے ”تاکہ زندہ خدا کی عبادت“ کر سکیں۔ (عبرانیوں ۹:۱۳، ۱۴) اگر ہم جانبوجھ کر گُناہ کرتے ہیں تو ہمارا ضمیر گُناہآلودہ ہو جائے گا اور ہم خدا کی عبادت کرنے کے لئے پاک نہیں ہوں گے۔ (ططس ۱:۱۵) لیکن یہوواہ خدا کی مدد سے ہم صاف ضمیر حاصل کر سکتے ہیں۔
بُرے چالچلن سے بچنے کے دیگر طریقے
۱۷. ’پورے طور پر یہوواہ خدا کی پیروی‘ کرنے کا کیا فائدہ ہے؟
۱۷ اسرائیلی شخص کالب کی طرح ’پورے طور پر یہوواہ خدا کی پیروی کریں۔‘ (استثنا ۱:۳۴-۳۶) خدا کی مرضی پر چلیں اور ”شیاطین کے دسترخوان“ پر شریک نہ ہوں۔ (۱-کرنتھیوں ۱۰:۲۱) برگشتگی کو رد کریں۔ یہوواہ خدا کے دسترخوان پر ملنے والی روحانی خوراک کے لئے قدردانی ظاہر کریں اور اس میں شریک ہوں۔ ایسا کرنے سے آپ جھوٹے اُستادوں یا شیاطین کی تعلیمات سے گمراہ نہیں ہوں گے۔ (افسیوں ۶:۱۲؛ یہوداہ ۳، ۴) بائبل مطالعے، عبادت اور منادی جیسے روحانی کاموں پر توجہ دیں۔ اگر آپ پورے طور پر یہوواہ خدا کی پیروی کرتے اور خداوند کے کام میں افزائش کرتے رہتے ہیں تو آپ یقیناً خوشی حاصل کریں گے۔—۱-کرنتھیوں ۱۵:۵۸۔
۱۸. یہوواہ خدا کا خوف آپ کے چالچلن پر کیسے اثرانداز ہوگا؟
۱۸ ”خدا کی عبادت خداترسی اور خوف کے ساتھ“ کرنے کا عزم کریں۔ (عبرانیوں ۱۲:۲۸) یہوواہ خدا کا خوشگوار خوف آپ کو بُری روش کو ترک کرنے کی تحریک دے گا۔ یہ ممسوح مسیحیوں کو دی گئی پطرس رسول کی مشورت کے موافق چالچلن رکھنے میں آپ کی بھی مدد کرے گا۔ اُس نے کہا: ”تُم باپ کہہ کر اُس سے دُعا کرتے ہو جو ہر ایک کے کام کے موافق بغیر طرفداری کے انصاف کرتا ہے تو اپنی مسافرت کا زمانہ خوف کے ساتھ گذارو۔“—۱-پطرس ۱:۱۷۔
۱۹. آپ کو خدا کے کلام سے سیکھی جانے والی باتوں پر کیوں عمل کرنا چاہئے؟
۱۹ آپ خدا کے کلام سے جوکچھ سیکھ رہے ہیں اُس پر عمل کرتے رہیں۔ ایسا کرنے سے آپ سنگین گُناہ کرنے سے بچ جائیں گے اور اُن لوگوں میں شامل ہو جائیں گے ”جن کے حواس کام کرتے کرتے نیکوبد میں امتیاز کرنے کے لئے تیز ہو گئے ہیں۔“ (عبرانیوں ۵:۱۴) اپنی گفتگو اور چالچلن میں لاپرواہی برتنے کی بجائے دانشمند بنیں تاکہ آپ ایک دانا شخص کی مانند ان بُرے دنوں میں ’وقت کو غنیمت‘ جان سکیں۔ ’یہوواہ کی مرضی کو سمجھیں‘ اور اس کے مطابق عمل کرتے رہیں۔—افسیوں ۵:۱۵-۱۷؛ ۲-پطرس ۳:۱۷۔
۲۰. ہمیں لالچ سے کیوں بچنا چاہئے؟
۲۰ دوسروں کی چیزوں کا لالچ نہ کریں۔ دس حکموں میں سے ایک بیان کرتا ہے: ”تُو اپنے پڑوسی کے گھر کا لالچ نہ کرنا۔ تُو اپنے پڑوسی کی بیوی کا لالچ نہ کرنا اور نہ اُس کے غلام اور اُس کی لونڈی اور اُس کے بیل اور اُس کے گدھے کا اور نہ اپنے پڑوسی کی کسی اَور چیز کا لالچ کرنا۔“ (خروج ۲۰:۱۷) اس حکم کے ذریعے ایک شخص کا گھر، بیوی، غلام یا لونڈی، جانور اور دیگر چیزیں محفوظ رہتی تھیں۔ مگر سب سے زیادہ اہم یسوع کا یہ بیان ہے کہ لالچ ایک شخص کو ناپاک کرتا ہے۔—مرقس ۷:۲۰-۲۳۔
۲۱، ۲۲. ایک مسیحی گُناہ سے بچنے کے لئے کونسی حفاظتی تدابیر اختیار کر سکتا ہے؟
۲۱ پہلے سے حفاظتی تدابیر اختیار کرنے سے اپنی خواہش میں پھنس کر گُناہ کی طرف مائل ہونے سے بچیں۔ یعقوب شاگرد نے لکھا: ”ہر شخص اپنی ہی خواہشوں میں کھنچ کر اور پھنس کر آزمایا جاتا ہے۔ پھر خواہش حاملہ ہو کر گُناہ کو جنتی ہے اور گُناہ جب بڑھ چکا تو موت پیدا کرتا ہے۔“ (یعقوب ۱:۱۴، ۱۵) مثال کے طور پر، اگر ایک شخص ماضی میں شرابنوشی کرتا تھا مگر اب یہ فیصلہ کرتا ہے کہ وہ آئندہ اپنے گھر میں شراب نہیں لائے گا۔ یا پھر ایک مسیحی کو مخالفِجنس کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کی آزمائش سے بچنے کے لئے اپنی ملازمت بدلنے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔—امثال ۶:۲۳-۲۸۔
۲۲ گُناہ کے راستے پر پہلا قدم ہی نہ اُٹھائیں۔ فلرٹ (شادی کے ارادے کے بغیر عشقبازی) کرنا اور بداخلاقی کی بابت سوچنا بھی حرامکاری یا زناکاری کا باعث بن سکتا ہے۔ چھوٹے چھوٹے جھوٹ بولنا کسی شخص کو بڑے جھوٹ بولنے کے لئے اُبھار سکتا ہے اور وہ جھوٹ بولنے کی عادت میں پڑ سکتا ہے۔ اسی طرح چھوٹی چھوٹی چیزوں کی چوری کسی شخص کے ضمیر کو اتنا مُردہ کر سکتی ہے کہ وہ بڑی بڑی چوریاں کرنے لگتا ہے۔ ایسے ہی معمولی سی برگشتہ سوچ بھی کسی شخص کو برگشتگی کی طرف لے جا سکتی ہے۔—امثال ۱۱:۹؛ مکاشفہ ۲۱:۸۔
اگر آپ سے گُناہ ہو جاتا ہے؟
۲۳، ۲۴. دوسری تواریخ ۶:۲۹، ۳۰ اور امثال ۲۸:۱۳ سے کونسی تسلی حاصل کی جا سکتی ہے؟
۲۳ ہم سب ناکامل ہیں۔ (واعظ ۷:۲۰) اگر آپ سے کوئی سنگین گُناہ ہو گیا ہے تو آپ بادشاہ سلیمان کی ہیکل کے افتتاح کے موقع پر کی جانے والی دُعا سے تسلی حاصل کر سکتے ہیں۔ سلیمان نے خدا سے دُعا کی: ”جو دُعا اور مناجات کسی ایک شخص یا تیری ساری قوم اؔسرائیل کی طرف سے ہو جن میں سے ہر شخص اپنے دُکھ اور رنج کو جانکر اپنے ہاتھ اس گھر کی طرف پھیلائے۔ تو تُو آسمان پر سے جو تیری سکونتگاہ ہے سُن کر معاف کر دینا اور ہر شخص کو جس کے دل کو تُو جانتا ہے اُس کی سب روِش کے مطابق بدلہ دینا کیونکہ فقط تُو ہی بنیآدم کے دلوں کو جانتا ہے۔“—۲-تواریخ ۶:۲۹، ۳۰۔
۲۴ خدا دلوں کو جانتا اور معاف کرتا ہے۔ امثال ۲۸:۱۳ بیان کرتی ہے: ”جو اپنے گُناہوں کو چھپاتا ہے کامیاب نہ ہوگا لیکن جو اُن کا اقرار کرکے اُن کو ترک کرتا ہے اُس پر رحمت ہوگی۔“ ایک شخص سچے دل سے توبہ کرنے اور گُناہ کو ترک کرنے سے خدا کے رحم سے مستفید ہو سکتا ہے۔ تاہم، اگر آپ روحانی طور پر کمزور ہو گئے ہیں تو اَور کونسی چیز خدا کی محبت میں قائم رہنے میں آپ کی مدد کر سکتی ہے؟
آپ کیسے جواب دیں گے؟
• ہم خدا کی محبت میں کیسے قائم رہ سکتے ہیں؟
• خدا اور مسیح کی محبت گنہگارانہ روش کو ترک کرنے میں ہماری مدد کیسے کرتی ہے؟
• دوسروں کے لئے حقیقی محبت ہمیں جنسی بداخلاقی میں پڑنے سے باز کیوں رکھتی ہے؟
• بُرے چالچلن سے بچنے کے چند طریقے کیا ہیں؟
[صفحہ ۴ پر تصویر]
شاگرد یہوداہ نے بیان کِیا کہ ہم خدا کی محبت میں کیسے قائم رہ سکتے ہیں
[صفحہ ۶ پر تصویر]
خاندان کے ٹوٹ جانے کی صورت میں بےقصور ساتھی اور بچوں کو تکلیف پہنچ سکتی ہے
[صفحہ ۷ پر تصویر]
کیا آپ کالب کی طرح ’پورے طور پر یہوواہ خدا کی پیروی‘ کرنے کے لئے پُرعزم ہیں؟
[صفحہ ۸ پر تصویر]
گُناہ کی آزمائش کا مقابلہ کرنے کے لئے باقاعدگی سے دُعا کریں