باب 22
چار مچھیروں نے اپنا پیشہ چھوڑ دیا
متی 4:13-22 مرقس 1:16-20 لُوقا 5:1-11
یسوع مسیح نے چار شاگردوں کو مستقل طور پر اُن کی پیروی کرنے کو کہا
اِن مچھیروں کو مچھلیوں کی بجائے اِنسانوں کو جمع کرنا تھا
جب ناصرت کے لوگوں نے یسوع مسیح کو جان سے مارنے کی کوشش کی تو یسوع وہاں سے چلے گئے اور شہر کفرنحوم میں رہنے لگے جو ”گنیسرت کی جھیل“ یعنی گلیل کی جھیل کے کنارے واقع تھا۔ (لُوقا 5:1) یوں یسعیاہ نبی کی کتاب میں درج یہ پیشگوئی پوری ہوئی کہ گلیل کے لوگ بڑی روشنی دیکھیں گے۔—یسعیاہ 9:1، 2۔
یسوع مسیح گلیل میں بھی لوگوں کو یہ پیغام سنانے لگے کہ ”توبہ کرو کیونکہ آسمان کی بادشاہت نزدیک ہے۔“ (متی 4:17) اِس دوران وہ اپنے چار شاگردوں سے ملنے گئے جو اُن کے ساتھ یہودیہ سے گلیل آئے تھے۔ گلیل آتے ہی یہ چاروں پھر سے مچھلیاں پکڑنے لگے جو کہ اُن کا پیشہ تھا۔ (یوحنا 1:35-42) یسوع چاہتے تھے کہ یہ چاروں مستقل طور پر اُن کی پیروی کریں تاکہ وہ مُنادی کے کام میں تربیت پا سکیں اور یسوع کے جانے کے بعد اِس کام کو جاری رکھ سکیں۔
جب یسوع مسیح گلیل کی جھیل کے کنارے چل رہے تھے تو اُنہوں نے شمعون پطرس اور اُن کے بھائی اندریاس کو اپنے کچھ ساتھیوں کے ساتھ جال صاف کرتے دیکھا۔ یسوع مسیح پطرس کی کشتی پر سوار ہو گئے اور پطرس سے کہا کہ وہ کشتی کو کنارے سے تھوڑا دُور لے جائیں۔ پھر یسوع اُن لوگوں کو بادشاہت کے بارے میں تعلیم دینے لگے جو جھیل کے کنارے جمع ہو گئے تھے۔
اِس کے بعد یسوع مسیح نے پطرس سے کہا: ”آپ لوگ کشتی کو گہرے پانی کی طرف لے چلیں اور وہاں مچھلیاں پکڑنے کے لیے جال ڈالیں۔“ اِس پر پطرس نے کہا: ”اُستاد، ہم نے ساری رات محنت کی لیکن ہمارے ہاتھ کچھ نہیں آیا۔ مگر آپ کے کہنے پر مَیں پھر سے جال ڈالتا ہوں۔“—لُوقا 5:4، 5۔
جب پطرس اور اُن کے ساتھیوں نے جال ڈالے تو اِن میں اِتنی مچھلیاں پھنس گئیں کہ جال پھٹنے لگے۔ یہ دیکھ کر اُنہوں نے پاس والی کشتیوں میں اپنے ساتھیوں کو اِشارہ کِیا کہ وہ اُن کی مدد کرنے کے لیے آئیں۔ جلد ہی دونوں کشتیاں مچھلیوں سے اِتنی بھر گئیں کہ ڈوبنے لگیں۔ جب پطرس نے یہ دیکھا تو وہ یسوع کے قدموں پر گِر کر کہنے لگے: ”مالک، مَیں آپ کے ساتھ رہنے کے لائق نہیں کیونکہ مَیں بڑا گُناہگار ہوں۔“ مگر یسوع نے اُن سے کہا: ”ڈریں مت، اب سے آپ مچھلیوں کی بجائے اِنسانوں کو جمع کریں گے۔“—لُوقا 5:8، 10۔
یسوع مسیح نے پطرس اور اندریاس سے کہا: ”میری پیروی کریں۔ مَیں آپ کو ایک اَور طرح کا مچھیرا بناؤں گا۔ آپ مچھلیوں کی بجائے اِنسانوں کو جمع کریں گے۔“ (متی 4:19) پھر یسوع نے یہی بات دو اَور مچھیروں یعنی یعقوب اور یوحنا سے کہی جو زبدی کے بیٹے تھے۔ اِن چاروں نے فوراً یسوع کی بات مان لی اور اپنا پیشہ چھوڑ کر مستقل طور پر اُن کی پیروی کرنے لگے۔