سبق نمبر 44
کیا خدا کو سارے تہوار پسند ہیں؟
یہوواہ خدا چاہتا ہے کہ ہم زندگی کا مزہ لیں اور کبھی کبھار اپنوں کے ساتھ مل کر خوشی منائیں۔ لیکن کیا خدا ہر تقریب اور تہوار سے خوش ہوتا ہے؟ اِس معاملے میں ہم یہوواہ خدا کو خوش کیسے کر سکتے ہیں؟
1. یہوواہ خدا کو بہت سے تہوار پسند کیوں نہیں ہیں؟
شاید آپ یہ جان کر حیران ہوں کہ بہت سے تہوار اور رسمیں جھوٹے مذاہب سے نکلے ہیں یا اُن کے پیچھے ایسے نظریات ہیں جو بائبل سے ٹکراتے ہیں۔ شاید ایسے تہواروں اور رسموں کا تعلق بُرے فرشتوں سے ہو، توہمپرستی سے ہو، قسمت کے عقیدے سے ہو یا اِس نظریے سے ہو کہ مرنے کے بعد اِنسان کی روح زندہ رہتی ہے۔ یہوواہ خدا اپنے بندوں کو نصیحت کرتا ہے: ”الگ ہو جاؤ اور ناپاک چیز کو مت چُھوؤ۔“—2-کُرنتھیوں 6:17۔a
2. یہوواہ خدا ایسے تہواروں کو کیسا خیال کرتا ہے جن میں اِنسانوں کی بڑائی کی جاتی ہے؟
یہوواہ خدا نے ہمیں خبردار کِیا ہے کہ ہم ”اِنسان پر توکل“ یعنی بھروسا کرنے کے خطرے میں نہ پڑیں۔ (یرمیاہ 17:5 کو پڑھیں۔) کچھ تہوار حکمرانوں اور فوجیوں کو عزت دینے کے لیے منائے جاتے ہیں۔ کچھ تہواروں میں ملک کی قومی علامتوں کی تعظیم کی جاتی ہے یا جشنِآزادی منایا جاتا ہے۔ (1-یوحنا 5:21) کچھ تہواروں میں سیاسی یا سماجی تنظیموں کی بڑائی کی جاتی ہے۔ یہوواہ کو اُس وقت کیسا لگتا ہے جب ہم کسی اِنسان یا تنظیم کی بڑائی کرتے ہیں، خاص طور پر کسی ایسے اِنسان یا تنظیم کی جس کے نظریات یہوواہ کی مرضی کے خلاف ہیں؟
3. کچھ تہواروں میں ایسے کون سے کام کیے جاتے ہیں جن کی وجہ سے ہمیں وہ تہوار نہیں منانے چاہئیں؟
بائبل میں ’حد سے زیادہ شراب پینے، غیرمہذب دعوتوں اور شراب کی محفلوں میں شریک ہونے‘ سے منع کِیا گیا ہے۔ (1-پطرس 4:3) کچھ تہواروں میں لوگ بےقابو ہو کر اُلٹی سیدھی اور نامناسب حرکتیں کرتے ہیں۔ یہوواہ خدا کے ساتھ اپنی دوستی کو قائم رکھنے کے لیے ہمیں ایسے ناپاک کاموں سے دُور رہنا چاہیے۔
موضوع کی گہرائی میں جائیں
دیکھیں کہ آپ تہواروں کے سلسلے میں ایسے فیصلے کیسے کر سکتے ہیں جن سے یہوواہ خدا خوش ہو۔
4. ایسے تہواروں سے دُور رہیں جو یہوواہ خدا کو پسند نہیں ہیں
اِفسیوں 5:10 کو پڑھیں اور پھر اِن سوالوں پر باتچیت کریں:
کسی تہوار کو منانے کا فیصلہ کرنے سے پہلے ہمیں کس بات کا یقین کر لینا چاہیے؟
آپ کے علاقے میں کون سے تہوار منائے جاتے ہیں؟
آپ کے خیال میں کیا یہوواہ اِن تہواروں کو پسند کرتا ہے؟
مثال کے طور پر کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ خدا سالگرہ منانے کو کیسا خیال کرتا ہے۔ بائبل میں خدا کے کسی ایسے بندے کا ذکر نہیں کِیا گیا جس نے سالگرہ منائی ہو۔ لیکن اِس میں دو موقعوں کے بارے میں بتایا گیا ہے جب ایسے لوگوں نے سالگرہ منائی جو یہوواہ کی عبادت نہیں کرتے تھے۔ پیدایش 40:20-22 اور متی 14:6-10 کو پڑھیں اور پھر اِن سوالوں پر باتچیت کریں:
اِن دونوں موقعوں پر کیا ہوا؟
اِن واقعات کو پڑھنے کے بعد آپ کے خیال میں یہوواہ خدا سالگرہ منانے کو کیسا خیال کرتا ہے؟
لیکن شاید آپ سوچیں: ”اگر مَیں سالگرہ یا کوئی اَور ایسا تہوار مناتا ہوں جو بائبل کی تعلیمات سے ٹکراتا ہے تو کیا سچ میں یہوواہ کو فرق پڑتا ہے؟“ خروج 32:1-8 کو پڑھیں۔ پھر ویڈیو چلائیں اور اِن سوالوں پر باتچیت کریں:
ہمیں یہ معلوم کیوں کرنا چاہیے کہ یہوواہ کو کون سے کام پسند ہیں؟
ہم ایسا کیسے کر سکتے ہیں؟
ہم کیسے جان سکتے ہیں کہ خدا فلاں تہوار کو پسند کرتا ہے یا نہیں؟
کیا یہ تہوار بائبل کی تعلیمات سے ٹکراتا ہے؟یہ جاننے کے لیے پتہ لگائیں کہ وہ تہوار کیسے شروع ہوا تھا۔
کیا اِس تہوار میں اِنسانوں، تنظیموں یا قومی علامتوں کی بڑائی کی جاتی ہے؟ ہم سب سے زیادہ یہوواہ کی بڑائی کرتے ہیں اور اُس پر بھروسا رکھتے ہیں کہ وہ دُنیا کے مسئلوں کو حل کرے گا۔
کیا اِس تہوار میں ایسے کام کیے جاتے ہیں جو یہوواہ کے معیاروں کے خلاف ہیں؟ ہمیں ہر لحاظ سے پاک صاف رہنا چاہیے۔
5. احترام سے دوسروں کو بتائیں کہ آپ فلاں تہوار کیوں نہیں مناتے
جب دوسرے آپ کو کوئی ایسا تہوار منانے پر مجبور کرتے ہیں جس سے یہوواہ خوش نہیں ہوتا تو اُنہیں منع کرنا مشکل ہو سکتا ہے۔ صبر اور سمجھداری سے اُنہیں اپنے فیصلے کے بارے میں بتائیں۔ اِس حوالے سے ایک مثال دیکھنے کے لیے ویڈیو چلائیں۔
متی 7:12 کو پڑھیں اور پھر اِن سوالوں پر باتچیت کریں:
اگر آپ کے گھر والے یہوواہ کی عبادت نہیں کرتے تو اِس آیت کے مطابق کیا آپ کو اُنہیں یہ کہنا چاہیے کہ اُنہیں فلاں تہوار نہیں منانا چاہیے؟
آپ اپنے گھر والوں کو یہ یقین کیسے دِلا سکتے ہیں کہ چاہے آپ اُن کے ساتھ مل کر تہوار نہیں مناتے تو بھی آپ اُن سے بہت پیار کرتے ہیں؟
6. یہوواہ خدا چاہتا ہے کہ ہم خوش رہیں
یہوواہ چاہتا ہے کہ ہم اپنے گھر والوں اور دوستوں کے ساتھ خوشگوار وقت گزاریں۔ واعظ 8:15 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر باتچیت کریں:
اِس آیت سے کیسے ظاہر ہوتا ہے کہ یہوواہ چاہتا ہے کہ ہم خوش رہیں؟
یہوواہ چاہتا ہے کہ اُس کے بندے زندگی کا مزہ لیں اور آپس میں اچھا وقت گزاریں۔ ویڈیو چلائیں اور دیکھیں کہ ہمارے بینالاقوامی اِجتماعوں پر اِس بات کا ثبوت کیسے ملتا ہے۔
گلتیوں 6:10 کو پڑھیں اور پھر اِن سوالوں پر باتچیت کریں:
کیا دوسروں سے ”بھلائی“ کرنے کے لیے کسی تہوار کو منانا لازمی ہے؟
آپ کو کب زیادہ اچھا لگے گا، تب جب آپ کسی تہوار پر فرض سمجھ کر دوسروں کو تحفہ دیں گے یا تب جب آپ کسی بھی وقت اپنی خوشی سے دوسروں کو تحفہ دیں گے؟
بہت سے یہوواہ کے گواہ اپنے بچوں کی خوشی کے لیے کوئی نہ کوئی پروگرام بناتے رہتے ہیں یا پھر اُنہیں تحفے دیتے رہتے ہیں۔ اگر آپ کے بچے ہیں تو آپ اُن کی خوشی کے لیے کون سے خاص کام کر سکتے ہیں؟
کچھ لوگ کہتے ہیں: ”اِس بات سے کیا فرق پڑتا ہے کہ کوئی تہوار کیسے شروع ہوا تھا؟ تہوار تو بس گھر والوں اور دوستوں کے ساتھ اچھا وقت گزارنے کا موقع ہوتا ہے۔“
آپ اِس کے جواب میں کیا کہیں گے؟
خلاصہ
یہوواہ خدا چاہتا ہے کہ ہم اپنے گھر والوں اور دوستوں کے ساتھ خوشگوار وقت گزاریں۔ لیکن وہ یہ بھی چاہتا ہے کہ ہم ایسے تہوار نہ منائیں جو اُسے پسند نہیں ہیں۔
دُہرائی
کن سوالوں پر غور کرنے سے ہم یہ جان سکتے ہیں کہ خدا فلاں تہوار کو پسند کرتا ہے یا نہیں؟
ہم اپنے گھر والوں اور دوستوں کو کیسے سمجھا سکتے ہیں کہ ہم فلاں تہوار کیوں نہیں مناتے؟
آپ کو یہ یقین کیوں ہے کہ یہوواہ چاہتا ہے کہ ہم خوش رہیں اور زندگی کا مزہ لیں؟
مزید جانیں
چار باتوں پر غور کریں جن کی وجہ سے ہم مانتے ہیں کہ خدا نہیں چاہتا کہ ہم سالگرہ منائیں۔
”یہوواہ کے گواہ سالگرہ کیوں نہیں مناتے؟“ (ویبسائٹ پر مضمون)
اِس ویڈیو میں دیکھیں کہ جب کرسمس نہ منانے کی وجہ سے سکول میں ایک نوجوان کا مذاق اُڑایا جاتا ہے تو وہ سمجھداری سے اِس صورتحال سے کیسے نمٹتا ہے۔
لاکھوں مسیحی کرسمس نہیں مناتے۔ اِس مضمون میں پڑھیں کہ وہ اپنے اِس فیصلے کے بارے میں کیسا محسوس کرتے ہیں۔
”اُنہیں کرسمس سے بھی بہتر موقعے مل گئے“ (”مینارِنگہبانی“ کا مضمون)
a یہ جاننے کے لیے کہ جب دوسرے لوگ کوئی تہوار مناتے ہیں تو آپ کو کیا کرنا چاہیے، کتاب کے آخر میں نکتہ نمبر 5 کو دیکھیں۔