باب 58
ہزاروں لوگوں کے لیے روٹیاں
متی 15:32–16:12 مرقس 8:1-21
یسوع مسیح نے 4000 آدمیوں کو کھانا کھلایا
اُنہوں نے فریسیوں کے خمیر سے خبردار کِیا
یسوع مسیح گلیل کی جھیل کے علاقے میں تھے۔ وہاں ہزاروں لوگ اُن کی باتیں سننے اور اُن سے شفا پانے کے لیے آئے۔ وہ اپنے ساتھ بڑے بڑے ٹوکرے لائے جن میں کھانے پینے کا سامان تھا۔
کچھ دنوں بعد یسوع مسیح نے اپنے شاگردوں سے کہا: ”مجھے اِن لوگوں پر ترس آ رہا ہے کیونکہ یہ تین دن سے میرے ساتھ ہیں اور اِن کے پاس کھانے کو کچھ نہیں ہے۔ اگر مَیں اِنہیں خالی پیٹ گھر بھیج دوں تو شاید وہ کمزوری کی وجہ سے راستے میں گِر جائیں کیونکہ کچھ لوگ دُور سے آئے ہیں۔“ لیکن شاگردوں نے جواب دیا: ”اِس سنسان جگہ پر ہم اِتنے لوگوں کا پیٹ بھرنے کے لیے روٹی کہاں سے لائیں؟“—مرقس 8:2-4۔
اِس پر یسوع نے کہا: ”آپ کے پاس کتنی روٹیاں ہیں؟“ شاگردوں نے جواب دیا: ”ہمارے پاس سات روٹیاں اور کچھ چھوٹی مچھلیاں ہیں۔“ (متی 15:34) پھر یسوع مسیح نے لوگوں سے کہا کہ وہ زمین پر بیٹھ جائیں۔ اِس کے بعد اُنہوں نے روٹیاں اور مچھلیاں لیں، دُعا کی اور شاگردوں کو دیں تاکہ وہ اِنہیں لوگوں میں تقسیم کریں۔ حیرانی کی بات ہے کہ وہاں موجود سب لوگوں نے پیٹ بھر کر کھانا کھایا۔ بعد میں جب شاگردوں نے روٹیوں کے بچے ہوئے ٹکڑے جمع کیے تو اِن سے سات ٹوکرے بھر گئے حالانکہ اُس موقعے پر 4000 آدمیوں کے علاوہ عورتوں اور بچوں نے بھی کھانا کھایا۔
اِس کے بعد یسوع مسیح نے لوگوں کو بھیج دیا اور خود شاگردوں کے ساتھ کشتی پر سوار ہو کر مگدن کے علاقے میں گئے جو گلیل کی جھیل کے مغربی کنارے پر تھا۔ وہاں فریسی فرقے اور صدوقی فرقے کے کچھ رُکن یسوع مسیح کے پاس آئے۔ وہ یسوع کا اِمتحان لینا چاہتے تھے اِس لیے اُنہوں نے اُن سے کہا: ”ہمیں آسمان سے کوئی نشانی دِکھاؤ۔“
یسوع مسیح اِن لوگوں کی نیت سے اچھی طرح واقف تھے اِس لیے اُنہوں نے اُن سے کہا: ”جب شام ہوتی ہے تو آپ کہتے ہیں کہ ”موسم اچھا رہے گا کیونکہ آسمان لال سُرخ ہے“ اور جب صبح ہوتی ہے تو آپ کہتے ہیں کہ ”آج ٹھنڈ ہوگی اور بارش ہوگی کیونکہ آسمان لال سُرخ ہے لیکن بادل بھی ہیں۔“ آپ آسمان کو دیکھ کر پہچان لیتے ہیں کہ موسم کیسا ہوگا لیکن آپ زمانے کی نشانیاں نہیں پہچان پاتے۔“ (متی 16:2، 3) پھر یسوع مسیح نے فریسیوں اور صدوقیوں سے کہا کہ اُنہیں یُوناہ والی نشانی کے سوا کوئی اَور نشانی نہیں دِکھائی جائے گی۔
اِس کے بعد یسوع اپنے شاگردوں کے ساتھ ایک کشتی میں سوار ہو گئے اور بیتصیدا کو روانہ ہوئے جو گلیل کی جھیل کے شمال مشرقی کنارے پر تھا۔ راستے میں شاگردوں کو احساس ہوا کہ اُن کے پاس سفر کے لیے صرف ایک ہی روٹی ہے۔ یسوع مسیح ابھی بھی فریسیوں اور صدوقیوں (جو کہ ہیرودیس کے حامی تھے) کے ساتھ ہونے والی باتچیت کے بارے میں سوچ رہے تھے۔ اِس لیے اُنہوں نے شاگردوں سے کہا: ”اپنی آنکھیں کُھلی رکھیں اور فریسیوں کے خمیر اور ہیرودیس کے خمیر سے خبردار رہیں۔“ مگر شاگرد اُن کی بات نہیں سمجھے۔ اُنہیں لگا کہ یسوع مسیح نے اِس لیے خمیر کا ذکر کِیا کیونکہ وہ سفر کے لیے روٹی ساتھ لانا بھول گئے تھے۔ یہ جان کر یسوع نے اُن سے کہا: ”آپ لوگ اِس بات پر کیوں بحث کر رہے ہیں کہ آپ کے پاس روٹیاں نہیں ہیں؟“—مرقس 8:15-17۔
یسوع نے حال ہی میں معجزانہ طور پر ہزاروں لوگوں کے لیے روٹی مہیا کی تھی۔ لہٰذا شاگردوں کو معلوم ہونا چاہیے تھا کہ یسوع مسیح روٹی نہ ہونے کی وجہ سے پریشان نہیں تھے۔ یسوع نے اُن سے پوچھا: ”کیا آپ کو یاد ہے کہ جب مَیں نے پانچ روٹیوں سے 5000 آدمیوں کو کھانا کھلایا تو آپ نے بچے ہوئے ٹکڑوں سے کتنے ٹوکرے بھرے تھے؟“ اُنہوں نے جواب دیا: ”بارہ۔“ پھر یسوع مسیح نے پوچھا: ”اور جب مَیں نے سات روٹیوں سے 4000 آدمیوں کو کھانا کھلایا تو آپ نے بچے ہوئے ٹکڑوں سے کتنے ٹوکرے بھرے تھے؟“ اُنہوں نے جواب دیا: ”سات۔“—مرقس 8:18-20۔
یسوع مسیح نے آگے کہا: ”پھر آپ یہ کیوں نہیں سمجھے کہ مَیں روٹیوں کے بارے میں بات نہیں کر رہا تھا بلکہ یہ کہہ رہا تھا کہ فریسیوں اور صدوقیوں کے خمیر سے خبردار رہیں؟“—متی 16:11۔
آخرکار شاگرد یسوع مسیح کی بات کا مطلب سمجھ گئے۔ وہ جانتے تھے کہ خمیر آٹے میں پھیل جاتا ہے اور اِسے پُھلا دیتا ہے۔ اِس موقعے پر یسوع مسیح خمیر کو ایک ایسی چیز کی علامت کے طور پر اِستعمال کر رہے تھے جو دوسری چیزوں کو بگاڑ دیتی ہے۔ وہ شاگردوں کو ”فریسیوں اور صدوقیوں کی تعلیم“ سے خبردار کر رہے تھے جو لوگوں کی سوچ کو بگاڑ دیتی تھی۔—متی 16:12۔