باب 45
یسوع مسیح—بُرے فرشتوں سے زیادہ طاقتور
متی 8:28-34 مرقس 5:1-20 لُوقا 8:26-39
یسوع مسیح نے بُرے فرشتے سؤروں میں بھیج دیے
جب شاگرد جھیل پار کر کے آخرکار گِراسینیوں کے علاقے میں پہنچے تو ایک ایسی بات ہوئی جس سے وہ ڈر گئے۔ دو بہت ہی خطرناک آدمی جن پر بُرے فرشتوں کا سایہ تھا، پاس ہی کے ایک قبرستان سے نکلے اور یسوع کی طرف بھاگنے لگے۔ مرقس اور لُوقا کی اِنجیل میں صرف ایک آدمی کا ذکر کِیا گیا ہے۔ شاید اِس کی وجہ یہ ہے کہ وہ آدمی زیادہ خطرناک تھا اور زیادہ عرصے سے بُرے فرشتوں کے قبضے میں تھا۔
اُس آدمی نے بڑے عرصے سے کپڑے نہیں پہنے تھے۔ ”وہ دن رات قبرستان اور پہاڑوں میں چلّاتا پھرتا تھا اور اپنے آپ کو پتھروں سے زخمی کرتا تھا۔“ (مرقس 5:5) وہ آدمی اِتنا وحشی تھا کہ لوگ اُس قبرستان والے راستے سے گزرنے کی ہمت نہیں کرتے تھے جہاں وہ رہتا تھا۔ کچھ لوگوں نے اُسے زنجیروں اور بیڑیوں میں جکڑنے کی کوشش کی تھی لیکن وہ زنجیروں کو توڑ دیتا تھا اور بیڑیوں کے ٹکڑے ٹکڑے کر دیتا تھا۔ کسی میں اِتنی طاقت نہیں تھی کہ وہ اُس آدمی پر قابو پا سکے۔
جب اُس آدمی نے یسوع کو دیکھا تو وہ اُن کے سامنے گھٹنوں کے بل گِر گیا اور بُرے فرشتے کے اثر میں آ کر چلّانے لگا: ”یسوع! خدا تعالیٰ کے بیٹے! میرا آپ سے کیا تعلق؟ مَیں آپ کو خدا کی قسم دیتا ہوں کہ مجھے سزا نہ دیں!“ اِس پر یسوع مسیح نے بُرے فرشتوں کو حکم دیا کہ ”اِس آدمی سے نکل آؤ!“ جس سے ظاہر ہوا کہ یسوع بُرے فرشتوں پر اِختیار رکھتے ہیں۔—مرقس 5:7، 8۔
دراصل اُس آدمی پر بہت سے بُرے فرشتوں کا سایہ تھا۔ جب یسوع مسیح نے پوچھا: ”تمہارا نام کیا ہے؟“ تو اُنہیں یہ جواب ملا: ”میرا نام لشکر ہے کیونکہ ہم بہت سارے ہیں۔“ (مرقس 5:9) بائبل کی اصلی زبان میں ”لشکر“ کے لیے جو لفظ اِستعمال ہوا ہے، اِس سے مُراد ہزاروں فوجیوں کا دستہ ہے۔ لہٰذا اِس آدمی پر واقعی بہت زیادہ بُرے فرشتوں نے قبضہ کِیا ہوا تھا اور وہ اُسے تکلیف پہنچا کر مزہ لیتے تھے۔ اِن بُرے فرشتوں نے یسوع سے اِلتجا کی کہ وہ ”اُن کو اتھاہ گڑھے میں جانے کا حکم نہ دیں۔“ اِس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بُرے فرشتوں کو معلوم ہے کہ اُن کا اور اُن کے حاکم شیطان کا کیا انجام ہوگا۔—لُوقا 8:31۔
وہاں ایک پہاڑ پر سؤروں کا ایک بڑا ریوڑ چر رہا تھا جس میں 2000 سے زیادہ سؤر تھے۔ شریعت کے مطابق سؤر ناپاک جانور تھے اور یہودیوں کے لیے اِنہیں پالنا جائز نہیں تھا۔ بُرے فرشتوں نے یسوع سے اِلتجا کی کہ ”ہمیں اُن سؤروں میں جانے دیں۔“ (مرقس 5:12) یسوع مسیح نے اُنہیں اِجازت دے دی اور بُرے فرشتے اُس آدمی سے نکل کر سؤروں میں چلے گئے۔ اِس پر سارے سؤر دوڑنے لگے اور چٹان سے چھلانگ لگا کر جھیل میں ڈوب گئے۔
جب سؤروں کے چرواہوں نے یہ دیکھا تو اُنہوں نے بھاگ کر شہر اور دیہات میں اِس واقعے کی خبر پھیلا دی۔ اِس پر لوگ یہ دیکھنے کے لیے یسوع مسیح کے پاس آئے کہ کیا ہوا ہے۔ جب وہ وہاں پہنچے تو اُنہوں نے دیکھا کہ جس آدمی میں بُرے فرشتے ہوا کرتے تھے، وہ ہوشوحواس میں ہے، اُس نے کپڑے پہنے ہوئے ہیں اور وہ یسوع مسیح کے قدموں میں بیٹھا ہوا ہے۔
اُس علاقے کے لوگ اِس واقعے کی وجہ سے بہت ڈر گئے۔ وہ پریشان تھے کہ پتہ نہیں یسوع مسیح اُن کے علاقے میں اَور کیا کیا کرنے والے ہیں۔ اِس لیے وہ یسوع کی مِنت کرنے لگے کہ وہ اُن کے علاقے سے چلے جائیں۔ جب یسوع کشتی میں سوار ہو رہے تھے تو وہ آدمی جس میں بُرے فرشتے ہوا کرتے تھے، اُن سے اِلتجا کرنے لگا کہ ”مجھے اپنے ساتھ لے چلیں۔“ لیکن یسوع نے اُس سے کہا: ”اپنے گھر جائیں اور اپنے رشتےداروں کو بتائیں کہ یہوواہ نے آپ کے لیے کیا کچھ کِیا ہے اور آپ پر کتنا رحم کِیا ہے۔“—مرقس 5:19۔
عام طور پر یسوع مسیح کسی شخص کو شفا دینے کے بعد اُس سے کہتے تھے کہ وہ دوسروں کو اِس معجزے کے بارے میں نہ بتائے کیونکہ وہ نہیں چاہتے تھے کہ لوگ بس سنی سنائی خبروں کی وجہ سے اُن پر ایمان لے آئیں۔ لیکن اِس بار اُنہوں نے ایسا نہیں کِیا کیونکہ جس آدمی سے اُنہوں نے بُرے فرشتوں کو نکالا تھا، وہ اُن کی طاقت کا جیتا جاگتا ثبوت تھا اور ایسے لوگوں کو گواہی دے سکتا تھا جنہیں یسوع خود گواہی نہیں دے سکے۔ اِس کے علاوہ جو لوگ سؤروں کے ڈوبنے کی وجہ سے یسوع سے ناراض تھے، وہ اِس آدمی کی گواہی سے ٹھنڈے ہو سکتے تھے۔ لہٰذا اُس آدمی نے جا کر دِکاپُلِس کے سارے علاقے میں اُس معجزے کا چرچا کِیا جو یسوع نے اُس کے لیے کِیا تھا۔