سبق نمبر 46
آپ کو خدا کے لیے اپنی زندگی وقف کر کے بپتسمہ کیوں لینا چاہیے؟
ہم اُس وقت اپنی زندگی یہوواہ خدا کے لیے وقف کرتے ہیں جب ہم دُعا میں اُس سے وعدہ کرتے ہیں کہ ہم صرف اور صرف اُس کی عبادت کریں گے اور اُس کی مرضی کو اپنی زندگی میں سب سے زیادہ اہمیت دیں گے۔ (زبور 40:8) اِس کے بعد ہم بپتسمہ لیتے ہیں۔ بپتسمہ لینے سے ہم سب کے سامنے یہ ظاہر کرتے ہیں کہ ہم نے اپنی زندگی یہوواہ کے لیے وقف کردی ہے۔ یہوواہ کے لیے اپنی زندگی وقف کرنا آپ کی زندگی کا سب سے اہم فیصلہ ہوگا اور اِس سے آپ کی زندگی بدل جائے گی۔ لیکن آپ کو کس وجہ سے یہ اہم فیصلہ کرنا چاہیے؟
1. ایک شخص کو کس وجہ سے یہوواہ خدا کے لیے اپنی زندگی وقف کرنی چاہیے؟
ہمیں یہوواہ سے محبت کی وجہ سے اُس کے لیے اپنی زندگی وقف کرنی چاہیے۔ (1-یوحنا 4:10، 19) بائبل میں لکھا ہے: ”یہوواہ اپنے خدا سے اپنے سارے دل، اپنی ساری جان، اپنی ساری عقل اور اپنی ساری طاقت سے محبت رکھو۔“ (مرقس 12:30) ہم صرف اپنی باتوں سے ہی نہیں بلکہ اپنے کاموں سے بھی خدا کے لیے محبت ظاہر کرتے ہیں۔ اگر ایک لڑکا اور لڑکی واقعی ایک دوسرے سے پیار کرتے ہیں تو وہ ضرور شادی کریں گے۔ اِسی طرح اگر ہم واقعی یہوواہ سے پیار کرتے ہیں تو ہم اپنی زندگی اُس کے لیے وقف کریں گے اور بپتسمہ لیں گے۔
2. جو لوگ بپتسمہ لیتے ہیں، یہوواہ خدا اُنہیں کون سی برکتیں دینے کا وعدہ کرتا ہے؟
جب آپ بپتسمہ لیں گے تو آپ یہوواہ کے خوشباش خاندان کا حصہ بن جائیں گے۔ آپ محسوس کریں گے کہ یہوواہ فرق فرق طریقوں سے آپ کے لیے محبت ظاہر کر رہا ہے اور آپ اُس کے اَور قریب ہو رہے ہیں۔ (ملاکی 3:16-18 کو پڑھیں۔) یہوواہ آپ کا باپ بن جائے گا اور ساتھ ہی ساتھ آپ کو پوری دُنیا میں ایسے بہن بھائی ملیں گے جو یہوواہ سے بھی پیار کرتے ہیں اور آپ سے بھی۔ (مرقس 10:29، 30 کو پڑھیں۔) ظاہر سی بات ہے کہ آپ کو بپتسمہ لینے سے پہلے کچھ ضروری قدم اُٹھانے ہوں گے۔ آپ کو یہوواہ خدا کے بارے میں سیکھنا ہوگا، اپنے دل میں اُس کے لیے محبت پیدا کرنی ہو گی اور اُس کے بیٹے پر ایمان لانا ہوگا۔ اِس کے بعد آپ کو اپنی زندگی یہوواہ کے لیے وقف کرنی ہوگی۔ اگر آپ یہ سارے قدم اُٹھائیں گے اور پھر بپتسمہ لیں تو آپ اب اور ہمیشہ تک خوشیوں بھری زندگی گزار سکیں گے۔ خدا کے کلام میں لکھا ہے: ”بپتسمہ . . . آپ کو بچا رہا ہے۔“—1-پطرس 3:21۔
موضوع کی گہرائی میں جائیں
غور کریں کہ آپ کو اپنی زندگی یہوواہ خدا کے لیے وقف کیوں کرنی چاہیے اور بپتسمہ کیوں لینا چاہیے۔
3. ہم سب کو فیصلہ کرنا چاہیے کہ ہم کس کی عبادت کریں گے
پُرانے زمانے میں کچھ اِسرائیلیوں کو لگتا تھا کہ وہ یہوواہ خدا کی عبادت کے ساتھ ساتھ جھوٹے دیوتا بعل کی بھی عبادت کر سکتے ہیں۔ یہوواہ خدا نے اپنے نبی ایلیاہ کے ذریعے اُنہیں سمجھایا کہ اُن کی یہ سوچ سراسر غلط ہے۔ 1-سلاطین 18:21 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر بات چیت کریں:
اِسرائیلیوں کو کیا فیصلہ کرنا تھا؟
اِسرائیلیوں کی طرح ہمیں بھی یہ فیصلہ کرنا ہے کہ ہم کس کی عبادت کریں گے؟ لُوقا 16:13 کو پڑھیں اور پھر اِن سوالوں پر بات چیت کریں:
ہم یہوواہ کے ساتھ ساتھ کسی اَور شخص یا چیز کی عبادت کیوں نہیں کر سکتے؟
ہم یہ کیسے ظاہر کر سکتے ہیں کہ ہم نے صرف اور صرف یہوواہ کی عبادت کرنے کا فیصلہ کِیا ہے؟
4. سوچ بچار کریں کہ یہوواہ خدا نے آپ کے لیے محبت کیسے ظاہر کی ہے
یہوواہ نے ہمیں بہت سے قیمتی تحفے دیے ہیں۔ ہم اُسے کیا دے سکتے ہیں؟ ویڈیو چلائیں۔
یہوواہ نے کن طریقوں سے آپ کے لیے محبت ظاہر کی ہے؟ زبور 104:14، 15 اور 1-یوحنا 4:9، 10 کو پڑھیں اور پھر اِن سوالوں پر باتچیت کریں:
آپ یہوواہ کی کن نعمتوں کے لیے خاص طور پر اُس کے شکر گزار ہیں؟
جب آپ اِن نعمتوں کے بارے میں سوچتے ہیں تو آپ کو کیسا لگتا ہے؟
جب کوئی شخص ہمیں کوئی تحفہ دیتا ہے اور ہمیں وہ تحفہ بہت پسند آتا ہے تو ہم اُسے یہ بتانا چاہتے ہیں کہ ہم اُس کی کتنی قدر کرتے ہیں۔ اِستثنا 16:17 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر باتچیت کریں:
جب آپ اُس سب کے بارے میں سوچتے ہیں جو یہوواہ نے آپ کے لیے کِیا ہے تو آپ کے دل میں اُس کے لیے کیا کرنے کی خواہش پیدا ہوتی ہے؟
5. یہوواہ کے لیے اپنی زندگی وقف کرنے سے ڈھیروں برکتیں ملتی ہیں
بہت سے لوگ سوچتے ہیں کہ شہرت، اچھا پیشہ یا پیسہ اُنہیں خوشی دے سکتا ہے۔ کیا یہ سچ ہے؟ ویڈیو چلائیں اور پھر اِن سوالوں پر باتچیت کریں:
اِس ویڈیو میں جس شخص کو دِکھایا گیا ہے، اُسے فٹبال کھیلنا بہت اچھا لگتا تھا۔ تو پھر اُس نے فٹبال کھیلنا کیوں چھوڑ دیا؟
اُس نے اپنی زندگی فٹبال کی بجائے یہوواہ خدا کے لیے وقف کر دی۔ آپ کے خیال میں کیا اُس نے صحیح فیصلہ کِیا؟ آپ نے جو جواب دیا ہے، اُس کی وجہ کیا ہے؟
پولُس رسول نے ایک مشہور عالم سے یہودی مذہب کی تعلیم حاصل کی تھی۔ اُن کے پاس یہ موقع تھا کہ وہ بھی ایک عالم بن کر دُنیا میں نام کمائیں۔ لیکن مسیحی بننے کے بعد اُنہوں نے یہ سب چھوڑ دیا۔ کیا پولُس کو کبھی اِس فیصلے پر پچھتاوا ہوا؟ فِلپّیوں 3:8 کو پڑھیں اور پھر اِن سوالوں پر باتچیت کریں:
پولُس مسیحی بننے سے پہلے جو کچھ کر رہے تھے، اُنہوں نے اُس کو ”کوڑا کرکٹ“ کیوں کہا؟
پولُس نے جو کچھ چھوڑا، اُنہیں اُس کے بدلے میں کیا کچھ ملا؟
اپنی زندگی کسی اَور مقصد کے لیے وقف کرنے کی بجائے یہوواہ کے لیے وقف کرنا کیوں بہتر ہے؟
کچھ لوگ کہتے ہیں: ”مجھے پتہ ہے کہ یہ سچائی ہے۔ لیکن مَیں خدا سے کوئی وعدہ نہیں کرنا چاہتا۔“
آپ کے خیال میں آپ کو اپنی زندگی یہوواہ کے لیے وقف کیوں کرنی چاہیے؟
خلاصہ
ہمیں یہوواہ خدا سے محبت کی وجہ سے اُس کے لیے اپنی زندگی وقف کرنی چاہیے اور بپتسمہ لینا چاہیے۔
دُہرائی
یہوواہ خدا یہ حق کیوں رکھتا ہے کہ ہم دلوجان سے اُس سے محبت کریں اور صرف اُس کی عبادت کریں؟
جو لوگ بپتسمہ لیتے ہیں، یہوواہ خدا اُنہیں کون سی برکتیں دینے کا وعدہ کرتا ہے؟
آپ اپنی زندگی یہوواہ خدا کے لیے وقف کیوں کرنا چاہتے ہیں؟
مزید جانیں
اِس ویڈیو میں دیکھیں کہ ایک گلوکارہ اور ایک کھلاڑی نے اپنی زندگی یہوواہ کے لیے وقف کیوں کی۔
نوجوانوں کا سوال—مَیں اپنی زندگی میں کیا کروں گا؟—ماضی پر ایک نظر (54:6)
خدا کے لیے اپنی زندگی وقف کرنے کی کچھ اَور وجوہات جانیں۔
”خود کو یہوواہ کے لئے وقف کرنا کیوں ضروری ہے؟“ (مینارِنگہبانی، 1 جنوری 2010ء)
اِس گانے میں دیکھیں کہ جو لوگ یہوواہ خدا کے لیے اپنی زندگی وقف کرتے ہیں، اُنہیں کتنی خوشی ملتی ہے۔
آپبیتی ”مَیں کئی سالوں تک یہ سوچتی رہی کہ ”ہماری زندگی کا مقصد کیا ہے؟““ میں پڑھیں کہ ایک عورت کو یہ سوچنے کی ترغیب کیسے ملی کہ اُسے اپنی زندگی میں سب سے زیادہ اہمیت کس بات کو دینی چاہیے۔
”پاک کلام کی تعلیم زندگی سنوارتی ہے“ (”مینارِنگہبانی“ کا مضمون)