سرِورق کا موضوع | آپ کے لیے خدا کا بیشقیمت تحفہ
خدا کے بیشقیمت تحفے کے لیے آپ کیسا ردِعمل ظاہر کریں گے؟
”ہمیں اُس محبت سے ترغیب ملتی ہے جو مسیح ہم سے کرتا ہے . . . وہ شخص ہم سب کے لیے مرا تاکہ ہم آئندہ اپنے لیے نہ جئیں بلکہ اُس کے لیے جس نے ہمارے لیے جان دے دی۔“—2-کُرنتھیوں 5:14، 15۔
جب ایک شخص ہمیں کوئی قیمتی تحفہ دیتا ہے تو ہمیں اُس کا شکریہ ادا کرنے کی ترغیب ملتی ہے۔ یسوع مسیح نے بھی اِس بات کو واضح کِیا۔ اُنہوں نے دس آدمیوں کو ایک ایسی سنگین بیماری سے شفا دی جس کا اُس زمانے میں کوئی علاج نہیں تھا۔ اُن میں سے ایک آدمی ”اُونچی آواز میں خدا کی بڑائی کرتا ہوا واپس آیا۔“ یسوع مسیح نے اُس سے پوچھا: ”کیا دس کوڑھی ٹھیک نہیں ہوئے؟ تو پھر باقی نو کہاں ہیں؟“ (لُوقا 17:12-17) اِس واقعے سے پتہ چلتا ہے کہ ہم بڑی آسانی سے دوسروں کی اُن نیکیوں کو بھول سکتے ہیں جو وہ ہمارے ساتھ کرتے ہیں۔
بےشک فدیہ ایک منفرد تحفہ ہے۔ تاریخ میں کبھی کسی کو اِتنا عظیم تحفہ نہیں دیا گیا۔ لیکن خدا کے اِس بیشقیمت تحفے کے بارے میں جاننے کے بعد اب آپ کو کیا کرنا چاہیے؟
تحفہ دینے والے کے بارے میں جانیں۔ فدیے کی بدولت اِنسانوں کو خودبخود ہمیشہ کی زندگی نہیں ملتی۔ یسوع مسیح نے خدا سے دُعا کرتے ہوئے کہا: ”ہمیشہ کی زندگی صرف وہ لوگ پائیں گے جو تجھے یعنی واحد اور سچے خدا کو اور یسوع مسیح کو قریب سے جانیں گے جسے تُو نے بھیجا ہے۔“ (یوحنا 17:3) فرض کریں کہ آپ کو پتہ چلتا ہے کہ بچپن میں ایک آدمی نے آپ کی جان بچائی تھی۔ کیا آپ یہ جاننا نہیں چاہیں گے کہ وہ آدمی کون ہے اور اُس نے آپ کی جان کیوں بچائی تھی؟ یہوواہ خدا نے ہمیں فدیے کی نعمت سے نوازا ہے جس کے ذریعے ہماری جان بچ سکتی ہے۔ وہ چاہتا ہے کہ آپ اُس کے بارے میں جانیں اور اُس کی قربت حاصل کریں۔ پاک کلام میں نصیحت کی گئی ہے: ”خدا کے قریب جائیں تو وہ آپ کے قریب آئے گا۔“—یعقوب 4:8۔
فدیے پر ایمان ظاہر کریں۔ پاک کلام میں لکھا ہے: ”جو بیٹے پر ایمان ظاہر کرتا ہے، اُسے ہمیشہ کی زندگی ملے گی۔“ (یوحنا 3:36) ہم ایمان کیسے ظاہر کر سکتے ہیں؟ اپنے کاموں سے۔ اگر ہم فدیے پر ایمان رکھتے ہیں تو ہم اِسے بھی اپنے کاموں سے ظاہر کریں گے۔ (یعقوب 2:17) ایک تحفہ اُسی صورت میں آپ کا ہوتا ہے جب آپ ہاتھ بڑھا کر اِسے قبول کرتے ہیں۔ فدیے کے سلسلے میں بھی آپ کو ایسا ہی کرنا چاہیے۔ لیکن آپ ایسا کیسے کر سکتے ہیں؟ خدا کے حکموں کے بارے میں جانیں اور اُن کے مطابق زندگی گزاریں۔a خدا سے اپنے گُناہوں کی معافی مانگیں اور یہ درخواست کریں کہ وہ آپ کو صاف ضمیر عطا کرے۔ خدا سے دُعا کرتے وقت اِس بات پر پورا یقین رکھیں کہ فدیہ اِس بات کی ضمانت ہے کہ اُن لوگوں کا مستقبل خوشحال اور پُرامن ہوگا جو اِس پر ایمان ظاہر کرتے ہیں۔—عبرانیوں 11:1۔
یسوع مسیح کی موت کی یادگاری تقریب میں جائیں۔ یسوع مسیح نے ایک سالانہ تقریب رائج کی جو ہمیں اُس فدیے کی یاد دِلاتی ہے جو اُنہوں نے ہمارے لیے دیا۔ اِس تقریب کے سلسلے میں اُنہوں نے کہا: ”میری یاد میں ایسا کِیا کریں۔“ (لُوقا 22:19) یہوواہ کے گواہ منگل، 11 اپریل 2017ء کو سورج غروب ہونے کے بعد یہ تقریب منائیں گے۔ یہ تقریب تقریباً ایک گھنٹے کی ہوگی اور اِس میں ایک تقریر کے ذریعے بتایا جائے گا کہ یسوع مسیح کی قربانی کیوں اہم ہے اور اِس کی بدولت ہمیں آج اور مستقبل میں کون سے فائدے ہوں گے۔ پچھلے سال پوری دُنیا میں اِس تقریب میں تقریباً 2 کروڑ لوگ آئے۔ ہم آپ کو دعوت دیتے ہیں کہ اِس تقریب میں آئیں اور یوں اُس بیشقیمت تحفے کے لیے قدر ظاہر کریں جو خدا نے ہمیں دیا ہے۔
a خدا کو جاننے اور اُس کی قربت حاصل کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ اُس کے پاک کلام یعنی بائبل کی تعلیم حاصل کی جائے۔ اِس سلسلے میں کسی یہوواہ کے گواہ سے بات کریں یا پھر ہماری ویبسائٹ www.jw.org کو دیکھیں۔