سبق نمبر43
بائبل میں شراب کے بارے میں کیا بتایا گیا ہے؟
پوری دُنیا میں شراب کے بارے میں لوگوں کی فرق فرق رائے ہے۔ کچھ لوگوں کو کبھی کبھار اپنے دوستوں کے ساتھ شراب پینا اچھا لگتا ہے۔ کچھ لوگ بالکل شراب نہیں پیتے اور کچھ لوگ اِتنی شراب پیتے ہیں کہ نشے میں دُھت ہو جاتے ہیں۔ بائبل میں شراب کے بارے میں کیا بتایا گیا ہے؟
1. کیا شراب پینا غلط ہے؟
بائبل میں شراب پینے سے منع نہیں کِیا گیا بلکہ اِس میں لکھا ہے: ”مے . . . اِنسان کے دل کو خوش کرتی ہے۔“ (زبور 104:14، 15) اِس کا مطلب ہے کہ شراب اُن اچھی چیزوں میں سے ایک ہے جو خدا نے ہمیں دی ہیں۔ بائبل میں خدا کی عبادت کرنے والے کچھ ایسے مردوں اور عورتوں کا ذکر کِیا گیا ہے جنہوں نے شراب پی۔—1-تیمُتھیُس 5:23۔
2. بائبل میں اُن لوگوں کو کیا نصیحت کی گئی ہے جو شراب پینے کا فیصلہ کرتے ہیں؟
یہوواہ خدا کو یہ بات بالکل پسند نہیں کہ ایک شخص حد سے زیادہ شراب پیئے یا شراب کا عادی بن جائے۔ (گلتیوں 5:21) بائبل میں لکھا ہے: ”شرابیوں میں شامل نہ ہو۔“ (امثال 23:20) اگر ہم دوسروں کے ساتھ یا اکیلے شراب پینے کا فیصلہ کرتے ہیں تو ہمیں اِتنی زیادہ شراب نہیں پینی چاہیے کہ ہم ٹھیک طرح سے سوچ سمجھ نہ سکیں، اُلٹی سیدھی باتیں یا حرکتیں کرنے لگیں یا ہماری صحت کو نقصان پہنچنے لگے۔ اگر ہمیں شراب پیتے وقت خود پر قابو رکھنا مشکل لگتا ہے تو ہمیں بالکل بھی شراب نہیں پینی چاہیے۔
3. ہم شراب کے سلسلے میں دوسروں کے فیصلے کا احترام کیسے کر سکتے ہیں؟
ہر شخص کو خود یہ فیصلہ کرنا چاہیے کہ وہ شراب پیئے گا یا نہیں۔ اگر کوئی شخص حد میں رہ کر شراب پینے کا فیصلہ کرتا ہے تو ہمیں اُس پر تنقید نہیں کرنی چاہیے۔ اور اگر کوئی شخص شراب نہ پینے کا فیصلہ کرتا ہے تو ہمیں اُسے شراب پینے پر مجبور نہیں کرنا چاہیے۔ (رومیوں 14:10) اگر ہمارے شراب پینے سے دوسروں کا ایمان کمزور پڑ سکتا ہے تو ہم شراب نہ پینے کا فیصلہ کر سکتے ہیں۔ (رومیوں 14:21 کو پڑھیں۔) ہمیں ’اپنے فائدے کا نہیں بلکہ دوسروں کے فائدے کا سوچنا چاہیے۔‘—1-کُرنتھیوں 10:23، 24 کو پڑھیں۔
موضوع کی گہرائی میں جائیں
بائبل کے کچھ اصولوں پر غور کریں جن کی مدد سے آپ یہ فیصلہ کر سکتے ہیں کہ آپ شراب پئیں گے یا نہیں اور اگر آپ شراب پئیں گے تو کتنی پئیں گے۔ یہ بھی جانیں کہ اگر آپ شراب کے عادی ہیں تو آپ کیا کر سکتے ہیں۔
4. فیصلہ کریں کہ آپ شراب پئیں گے یا نہیں
یسوع مسیح شراب پینے کو کیسا خیال کرتے تھے؟ اِس سوال کا جواب جاننے کے لیے یسوع مسیح کے پہلے معجزے پر غور کریں۔ یوحنا 2:1-11 کو پڑھیں اور پھر اِن سوالوں پر باتچیت کریں:
آپ کے خیال میں یسوع مسیح شراب اور شراب پینے والوں کو کیسا خیال کرتے تھے؟
یسوع مسیح نے شراب پینے کو غلط نہیں کہا۔ تو پھر مسیحیوں کو ایسے لوگوں کو کیسا خیال کرنا چاہیے جو شراب پینے کا فیصلہ کرتے ہیں؟
سچ ہے کہ مسیحیوں کو شراب پینے سے منع نہیں کِیا گیا لیکن ہر موقعے پر شراب پینا سمجھداری کی بات نہیں ہوتی۔ امثال 22:3 کو پڑھیں اور پھر غور کریں کہ کیا آپ کو اُس صورت میں شراب پینی چاہیے . . .
اگر آپ گاڑی یا مشین وغیرہ چلانے والے ہوں؟
اگر آپ حاملہ ہوں؟
اگر ڈاکٹر نے آپ کو شراب پینے سے منع کِیا ہو؟
اگر آپ کو حد میں رہ کر شراب پینا مشکل لگتا ہو؟
اگر آپ کے ملک میں شراب پینے کی اِجازت نہ ہو؟
اگر آپ کسی ایسے شخص کے ساتھ ہوں جو اِس لیے شراب سے دُور رہتا ہے کیونکہ اُسے ماضی میں شراب پینے کی عادت تھی؟
کیا آپ کو شادی کی تقریب یا کسی اَور دعوت وغیرہ پر مہمانوں کے لیے شراب کا اِنتظام کرنا چاہیے؟ ویڈیو چلائیں اور دیکھیں کہ اِس سلسلے میں آپ صحیح فیصلہ کیسے کر سکتے ہیں۔
رومیوں 13:13 اور 1-کُرنتھیوں 10:31، 32 کو پڑھیں۔ ہر حوالے کو پڑھنے کے بعد اِس سوال پر باتچیت کریں:
یہاں جو اصول دیا گیا ہے، اُس کے مطابق آپ ایسا فیصلہ کیسے کر سکتے ہیں جس سے یہوواہ خدا خوش ہو؟
5. طے کریں کہ آپ کتنی شراب پئیں گے
اگر آپ شراب پینے کا فیصلہ کرتے ہیں تو یہ بات یاد رکھیں: یہوواہ خدا شراب پینے سے منع نہیں کرتا لیکن وہ حد سے زیادہ شراب پینے سے منع کرتا ہے۔ اِس کی کیا وجہ ہے؟ ہوسیع 4:11، 18 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر باتچیت کریں:
اگر ایک شخص حد سے زیادہ شراب پیتا ہے تو کیا ہو سکتا ہے؟
آپ حد سے زیادہ شراب پینے سے کیسے بچ سکتے ہیں؟ ہمیں شراب پینے کے سلسلے میں اپنی حد کا پتہ ہونا چاہیے۔ امثال 11:2 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر باتچیت کریں:
ہمیں شراب پینے کے سلسلے میں ایک حد کیوں مقرر کرنی چاہیے؟
6. شراب پینے کی عادت پر قابو پائیں
دیکھیں کہ ایک شخص نے جو شراب کا عادی تھا، یہ عادت کیسے چھوڑی۔ ویڈیو چلائیں اور پھر اِن سوالوں پر باتچیت کریں:
شراب کا دمیتری کے رویے پر کیا اثر ہوتا تھا؟
کیا وہ ایک دم سے شراب چھوڑ پائے؟
اُنہوں نے شراب پینے کی عادت پر کیسے قابو پایا؟
پہلا کُرنتھیوں 6:10، 11 کو پڑھیں اور پھر اِن سوالوں پر باتچیت کریں:
شراب کے نشے میں دُھت ہونا کتنا سنگین معاملہ ہے؟
ہم کیوں کہہ سکتے ہیں کہ ایک شخص شراب پینے کی عادت چھوڑ سکتا ہے؟
متی 5:30 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر باتچیت کریں:
یہاں ہاتھ کاٹنے سے مُراد وہ قربانیاں ہیں جو ہمیں یہوواہ خدا کو خوش کرنے کے لیے دینی پڑ سکتی ہیں۔ اگر آپ شراب پینے کی عادت پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں تو آپ کیا کر سکتے ہیں؟a
پہلا کُرنتھیوں 15:33 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر باتچیت کریں:
اگر آپ ایسے لوگوں میں اُٹھتے بیٹھے ہیں جو بہت زیادہ شراب پیتے ہیں تو آپ پر کیا اثر ہو سکتا ہے؟
شاید کوئی شخص پوچھے: ”کیا شراب پینا غلط ہے؟“
آپ اِس سوال کے جواب میں کیا کہیں گے؟
خلاصہ
شراب خدا کی دی ہوئی اُن اچھی چیزوں میں سے ایک ہے جن سے اِنسانوں کو خوشی ملتی ہے۔ لیکن یہوواہ خدا حد سے زیادہ شراب پینے اور شراب کے نشے میں دُھت ہونے سے منع کرتا ہے۔
دُہرائی
بائبل میں شراب کے بارے میں کیا بتایا گیا ہے؟
حد سے زیادہ شراب پینے کے کون سے نقصان ہیں؟
ہم کیسے ظاہر کر سکتے ہیں کہ ہم شراب کے سلسلے میں دوسروں کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں؟
مزید جانیں
نوجوان شراب پینے کے سلسلے میں اچھے فیصلے کیسے کر سکتے ہیں؟
دیکھیں کہ آپ شراب پینے کی عادت پر قابو پانے کے لیے کون سے قدم اُٹھا سکتے ہیں۔
”شراب کے بارے میں مناسب نظریہ اپنائیں“ (مینارِنگہبانی، 1 فروری 2010ء)
کیا مسیحیوں کو ہوا میں گلاس سے گلاس ٹکرانا چاہیے؟
آپبیتی ”مَیں ایسا گڑھا تھا جو کبھی نہیں بھرتا تھا“ میں پڑھیں کہ ایک آدمی نے شراب پینے کی عادت کیسے چھوڑی۔
”پاک کلام کی تعلیم زندگی سنوارتی ہے“ (”مینارِنگہبانی“ کا مضمون)
a جو لوگ شراب کے عادی ہیں، اُنہیں اِس عادت کو چھوڑنے کے لیے ڈاکٹر کی مدد کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ بہت سے ڈاکٹر کہتے ہیں کہ جن لوگوں کو شراب پینے کی عادت تھی، اُنہیں اِس عادت کو چھوڑنے کے بعد بالکل شراب نہیں پینی چاہیے۔