سبق نمبر 30
آپ اپنے اُن عزیزوں سے دوبارہ مل سکتے ہیں جو فوت ہو چُکے ہیں!
موت ایک ایسی حقیقت ہے جس کی وجہ سے اِنسانوں کو شدید تکلیف سے گزرنا پڑتا ہے۔ اِسی لیے بائبل میں موت کو ایک دُشمن کہا گیا ہے۔ (1-کُرنتھیوں 15:26) سبق نمبر 27 میں آپ نے سیکھا تھا کہ یہوواہ خدا اِس دُشمن کو ہرا دے گا اور پھر موت ختم ہو جائے گی۔ لیکن جو لوگ مر چُکے ہیں، اُن کا کیا ہوگا؟ اِس سبق میں آپ یہوواہ کے ایک اَور شاندار وعدے کے بارے میں سیکھیں گے۔ وہ وعدہ یہ ہے کہ خدا اربوں لوگوں کو زندہ کرے گا اور وہ ہمیشہ تک خوشیوں بھری زندگی گزاریں گے۔ کیا سچ میں ایسا ہو سکتا ہے؟ جن لوگوں کو زندہ کِیا جائے گا، وہ آسمان پر رہیں گے یا زمین پر؟
1. یہوواہ خدا ہمارے اُن عزیزوں کے لیے کیا کرنا چاہتا ہے جو فوت ہو چُکے ہیں؟
یہوواہ خدا اُن لوگوں کو زندہ کرنے کی شدید خواہش رکھتا ہے جو فوت ہو چُکے ہیں۔ خدا کے وفادار بندے ایوب کو پورا یقین تھا کہ خدا اُن کے مرنے کے بعد اُنہیں نہیں بھولے گا۔ اُنہوں نے خدا سے کہا: ”تُو مجھے پکارے گا اور مَیں تجھے [قبر سے] جواب دوں گا۔“—ایوب 14:13-15 کو فٹنوٹ سے پڑھیں۔a
2. ہم کیسے جانتے ہیں کہ مُردے زندہ ہوں گے؟
جب یسوع مسیح زمین پر تھے تو خدا نے اُنہیں مُردوں کو زندہ کرنے کی طاقت دی۔ یسوع نے 12 سال کی ایک لڑکی کو اور ایک بیوہ کے بیٹے کو زندہ کِیا۔ (مرقس 5:41، 42؛ لُوقا 7:12-15) بعد میں یسوع کے دوست لعزر فوت ہو گئے۔ حالانکہ لعزر کو فوت ہوئے اور قبر میں رکھے ہوئے چار دن ہو گئے تھے لیکن یسوع نے اُنہیں زندہ کر دیا۔ یسوع نے خدا سے دُعا کی اور پھر اُونچی آواز میں کہا: ”لعزر، باہر آ جائیں!“ بائبل میں لکھا ہے کہ ”اِس پر وہ آدمی جو مر چُکا تھا، قبر سے نکل آیا۔“ (یوحنا 11:43، 44) لعزر زندہ ہو گئے تھے! ذرا سوچیں کہ لعزر کو دوبارہ دیکھ کر اُن کے گھر والے اور دوست کتنے خوش ہوئے ہوں گے!
3. کیا آپ اپنے اُن عزیزوں سے دوبارہ مل پائیں گے جو فوت ہو چُکے ہیں؟
بائبل میں وعدہ کِیا گیا ہے کہ ”خدا نیکوں اور بدوں دونوں کو زندہ کرے گا۔“ (اعمال 24:15) جن لوگوں کو یسوع مسیح نے زندہ کِیا تھا، وہ آسمان پر نہیں گئے تھے۔ (یوحنا 3:13) وہ لوگ اِس بات سے بہت خوش تھے کہ اُنہیں زمین پر زندہ کِیا گیا ہے۔ اِسی طرح بہت جلد یسوع مسیح اربوں لوگوں کو خوبصورت زمین پر زندہ کریں گے تاکہ وہ اِس پر ہمیشہ تک خوشیوں بھری زندگی گزاریں۔ یسوع نے کہا کہ”سب لوگ جو یادگاری قبروں میں ہیں،“ زندہ ہو جائیں گے۔ (یوحنا 5:28، 29، فٹنوٹ) اِس کا مطلب ہے کہ وہ سب لوگ زندہ ہوں گے جنہیں خدا یاد رکھتا ہے پھر چاہے اِنسان اُنہیں بھول گئے ہوں۔
موضوع کی گہرائی میں جائیں
بائبل سے اِس بات کے ثبوت پر غور کریں کہ یسوع کے پاس مُردوں کو زندہ کرنے کی طاقت ہے اور وہ ایسا ضرور کریں گے۔ یہ بھی جانیں کہ مُردوں کے زندہ ہونے کی اُمید سے آپ کو تسلی کیسے مل سکتی ہے۔
4. یسوع مسیح نے ثابت کِیا کہ وہ مُردوں کو زندہ کر سکتے ہیں
اِس بارے میں مزید جانیں کہ جب یسوع کے دوست لعزر فوت ہو گئے تو یسوع نے کیا کِیا۔ یوحنا 11:14، 38-44 کو پڑھیں اور پھر اِن سوالوں پر باتچیت کریں:
ہم کیسے جانتے ہیں کہ لعزر واقعی مر چُکے تھے؟—39 آیت کو دیکھیں۔
اگر لعزر آسمان پر چلے گئے ہوتے تو کیا یسوع اُنہیں واپس زمین پر لا کر زندہ کرتے؟
ویڈیو چلائیں۔
5. بےشمار لوگوں کو زندہ کِیا جائے گا!
زبور 37:29 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر باتچیت کریں:
جن اربوں لوگوں کو زندہ کِیا جائے گا، وہ کہاں رہیں گے؟
یسوع مسیح بہت سے ایسے لوگوں کو بھی زندہ کریں گے جو یہوواہ خدا کی عبادت نہیں کرتے تھے۔ اعمال 24:15 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر باتچیت کریں:
آپ کسے مُردوں میں سے زندہ ہوتے دیکھنا چاہتے ہیں؟
جس طرح ایک باپ اپنے بچے کو نیند سے جگا سکتا ہے ویسے ہی یہوواہ خدا یسوع مسیح کے ذریعے مُردوں کو زندہ کر سکتا ہے۔
6. مُردوں کے زندہ ہونے کی اُمید سے آپ کو تسلی مل سکتی ہے
بائبل میں یائیر کی بیٹی کا جو واقعہ لکھا ہے، اُس سے ایسے بہت سے لوگوں کو تسلی اور حوصلہ ملا ہے جن کے عزیز فوت ہو چُکے ہیں۔ لُوقا 8:40-42، 49-56 میں اِس سچے واقعے کو پڑھیں۔
یائیر کی بیٹی کو زندہ کرنے سے پہلے یسوع نے اُس کے والد سے کہا: ”پریشان نہ ہوں بلکہ ایمان رکھیں۔“ (50 آیت کو دیکھیں۔) مُردوں کے زندہ ہونے کی اُمید سے آپ کو اُس وقت حوصلہ کیسے مل سکتا ہے . . .
جب آپ کا کوئی عزیز فوت ہو جاتا ہے؟
جب آپ کی زندگی خطرے میں ہوتی ہے؟
ویڈیو چلائیں اور پھر اِس سوال پر باتچیت کریں:
مُردوں کے زندہ ہونے کی اُمید سے فلیسٹی کے ماں باپ کو تسلی اور حوصلہ کیسے ملا؟
کچھ لوگ کہتے ہیں: ”مُردوں کو زمین پر نہیں بلکہ آسمان پر زندہ کِیا جائے گا۔“
آپ کا کیا خیال ہے؟
آپ کس آیت کے ذریعے یہ واضح کریں گے کہ زیادہتر مُردوں کو زمین پر زندہ کِیا جائے گا؟
خلاصہ
بائبل میں وعدہ کِیا گیا ہے کہ اربوں مُردوں کو زندہ کِیا جائے گا۔ یہوواہ چاہتا ہے کہ وہ لوگ دوبارہ جئیں جو مر چُکے ہیں اور اُس نے یسوع کو مُردوں کو زندہ کرنے کی طاقت دی ہے۔
دُہرائی
یہوواہ خدا اور یسوع مسیح مُردوں کو زندہ کرنے کے بارے میں کیسا محسوس کرتے ہیں؟
جن اربوں لوگوں کو زندہ کِیا جائے گا، وہ آسمان پر رہیں گے یا زمین پر؟ آپ نے جو جواب دیا ہے، اُس کی کیا وجہ ہے؟
آپ کو یہ اُمید کیوں ہے کہ آپ کے وہ عزیز زندہ ہوں گے جو فوت ہو چُکے ہیں؟
مزید جانیں
اِن مضامین میں پڑھیں کہ آپ کسی عزیز کی موت کے غم پر قابو پانے کے لیے کون سے قدم اُٹھا سکتے ہیں۔
”سوگواروں کے لیے غم سے نکلنے کا راستہ“ (جاگو! نمبر 3 2018ء)
کیا بائبل واقعی ایسے لوگوں کی مدد کر سکتی ہے جو کسی عزیز کی موت کے غم سے گزر رہے ہیں؟
اِس ویڈیو میں دیکھیں کہ بچے کسی عزیز کی موت کے صدمے سے کیسے نکل سکتے ہیں۔
کیا کچھ لوگوں کو آسمان پر بھی زندہ کِیا جائے گا؟ کن لوگوں کو زندہ نہیں کِیا جائے گا؟
”پاک کلام میں مُردوں کے دوبارہ زندہ ہونے کے حوالے سے کیا بتایا گیا ہے؟“ (ویبسائٹ پر مضمون)
a ایوب 14:13-15 (ترجمہ نئی دُنیا): ”کاش کہ تُو مجھے قبر میں چھپا دے اور تب تک چھپائے رکھے جب تک تیرا غصہ ٹھنڈا نہ ہو جائے! کاش کہ تُو میرے لیے ایک وقت مقرر کرے اور مجھے یاد فرمائے! اگر اِنسان مر جائے تو کیا وہ پھر سے جی سکتا ہے؟ مَیں اُن تمام دنوں کے دوران اِنتظار کروں گا جن میں مجھے زبردستی مشقت کرنی ہے اور مَیں تب تک ایسا کروں گا جب تک مجھے چھٹکارا نہیں مل جاتا۔ تُو مجھے پکارے گا اور مَیں تجھے جواب دوں گا۔ تجھے اپنے ہاتھوں کی بنائی ہوئی چیز کو دیکھنے کی شدید آرزو ہوگی۔“