سبق نمبر 21
بادشاہت کی خوشخبری کی مُنادی کیسے کی جا رہی ہے؟
بہت جلد یہوواہ خدا اپنی بادشاہت کے ذریعے ہمارے سارے مسئلے ختم کر دے گا۔ یہ اِتنی اچھی خبر ہے کہ سب کو اِس کے بارے میں پتہ ہونا چاہیے۔ یسوع مسیح چاہتے تھے کہ اُن کے پیروکار ہر شخص کو یہ خوشخبری سنائیں۔ (متی 28:19، 20) یہوواہ کے گواہ یسوع کے حکم پر کیسے عمل کرتے ہیں؟
1. متی 24:14 میں لکھی بات کیسے پوری ہو رہی ہے؟
یسوع مسیح نے پہلے سے بتا دیا تھا کہ ”بادشاہت کی خوشخبری کی مُنادی ساری دُنیا میں کی جائے گی۔“ (متی 24:14) یہوواہ کے گواہ بڑ ی خوشی سے یہ اہم کام کر رہے ہیں۔ ہم پوری دُنیا میں 1000 سے زیادہ زبانوں میں لوگوں کو بادشاہت کی خوشخبری سنا رہے ہیں۔ اِتنے بڑے کام کو انجام دینے کے لیے بہت زیادہ کوشش کرنے اور کام کو اچھی طرح منظم کرنے کی ضرورت ہے۔ بےشک یہ کام یہوواہ کی مدد کے بغیر نہیں کِیا جا سکتا۔
2. ہم لوگوں تک بادشاہت کی خوشخبری پہنچانے کے لیے کیا کچھ کرتے ہیں؟
ہم ہر اُس جگہ مُنادی کرتے ہیں جہاں لوگ موجود ہوتے ہیں۔ پہلی صدی عیسوی کے مسیحیوں کی طرح ہم ”گھر گھر جا کر“ لوگوں کو خدا کا پیغام سناتے ہیں۔ (اعمال 5:42) اِس طرح مُنادی کرنے سے ہم ہر سال لاکھوں لوگوں کو خوشخبری سنا پاتے ہیں۔ کبھی کبھی لوگ گھر پر نہیں ملتے اِس لیے ہم بہت سی ایسی جگہوں پر بھی مُنادی کرتے ہیں جہاں لوگوں کا آنا جانا ہوتا ہے۔ ہم ہمیشہ ایسے موقعے ڈھونڈتے ہیں جب ہم لوگوں کو یہوواہ خدا اور اُس کے مقصد کے بارے میں بتا سکیں۔
3. لوگوں کو خوشخبری سنانا کس کی ذمےداری ہے؟
تمام سچے مسیحیوں کی ذمےداری ہے کہ وہ دوسروں کو بادشاہت کی خوشخبری سنائیں۔ ہم اپنی ذمےداری کو سنجیدہ خیال کرتے ہیں۔ ہم اپنے حالات کے مطابق بادشاہت کی مُنادی کرنے کی ہر ممکن کوشش کرتے ہیں کیونکہ ہم جانتے ہیں کہ اِس کام کی وجہ سے لوگوں کی زندگیاں بچ سکتی ہیں۔ (1-تیمُتھیُس 4:16 کو پڑھیں۔)ہمیں اِس کام کے لیے کوئی پیسے نہیں ملتے کیونکہ یسوع مسیح نے کہا کہ ”آپ نے مُفت پایا ہے اِس لیے مُفت دیں۔“ (متی 10:7، 8) ہر کوئی ہمارے پیغام کو قبول نہیں کرتا۔ لیکن ہم پھر بھی مُنادی کا کام کرتے رہتے ہیں کیونکہ یہ کام ہماری عبادت کا حصہ ہے اور اِس سے یہوواہ خدا خوش ہوتا ہے۔
موضوع کی گہرائی میں جائیں
اِس بارے میں مزید جانیں کہ یہوواہ کے گواہ پوری دُنیا میں مُنادی کا کام کرنے کے لیے کیا کچھ کرتے ہیں اور یہوواہ خدا اُن کی مدد کیسے کرتا ہے۔
4. ہم لوگوں تک پہنچنے کے لیے کڑی محنت کرتے ہیں
یہوواہ کے گواہ ہر جگہ لوگوں کو خوشخبری سنانے کی سخت کوشش کرتے ہیں۔ ویڈیو چلائیں اور پھر اِس سوال پر باتچیت کریں:
یہوواہ کے گواہ مُنادی کا کام کرنے کے لیے جو کچھ کرتے ہیں، اُس کے حوالے سے آپ کو کون سی بات اچھی لگتی ہے؟
متی 22:39 اور رومیوں 10:13-15 کو پڑھیں اور پھر اِن سوالوں پر باتچیت کریں:
ہمارے مُنادی کے کام سے کیسے ظاہر ہوتا ہے کہ ہم اپنے پڑوسی سے محبت کرتے ہیں؟
یہوواہ خدا اُن لوگوں کے بارے میں کیسا محسوس کرتا ہے جو خوشخبری کی مُنادی کرتے ہیں؟—15 آیت کو دیکھیں۔
5. ہم خدا کے ساتھ کام کرتے ہیں
بہت سے واقعات سے پتہ چلتا ہے کہ یہوواہ خدا مُنادی کے کام میں ہماری رہنمائی کرتا ہے۔ ذرا نیو زیلینڈ کے ایک واقعے پر غور کریں۔ ایک دن پال نامی ایک بھائی گھر گھر مُنادی کے دوران ایک عورت سے ملا۔ اُسی دن صبح کے وقت اُس عورت نے خدا کا نام یہوواہ لے کر دُعا کی تھی اور کہا تھا کہ کوئی اُس کے پاس آئے اور اُسے خدا کے بارے میں بتائے۔ پال نے کہا: ”تین گھنٹے بعد ہی مَیں نے اُس کے دروازے پر دستک دی۔“
پہلا کُرنتھیوں 3:9 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر باتچیت کریں:
ہم نے ابھی جس واقعے پر غور کِیا ہے، اُس جیسے واقعات سے کیسے ظاہر ہوتا ہے کہ یہوواہ مُنادی کے کام میں ہماری رہنمائی کرتا ہے؟
اعمال 1:8 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر باتچیت کریں:
ہمیں مُنادی کا کام کرنے کے لیے یہوواہ کی مدد کی ضرورت کیوں ہے؟
کیا آپ جانتے ہیں؟
ہر ہفتے مسیحی زندگی اور خدمت والے اِجلاس میں ہمیں مُنادی کا کام کرنے کی تربیت دی جاتی ہے۔ اگر آپ اِس اِجلاس میں گئے ہیں تو آپ کو وہاں ملنے والی تربیت کیسی لگی؟
6. ہم مُنادی کرنے سے خدا کے حکم پر عمل کرتے ہیں
پہلی صدی عیسوی میں مخالفوں نے یسوع کے پیروکاروں کو مُنادی کرنے سے روکنے کی کوشش کی۔ اِبتدائی مسیحیوں نے خوشخبری سنانے کے اپنے حق کا دِفاع کِیا اور اِسے ”قانونی حیثیت“ دی۔ (فِلپّیوں 1:7) آج یہوواہ کے گواہ بھی ایسا ہی کرتے ہیں۔a
ویڈیو چلائیں۔
اعمال 5:27-42 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر باتچیت کریں:
ہم مُنادی کرنا بند کیوں نہیں کرتے؟—29، 38 اور 39 آیتوں کو دیکھیں۔
شاید کوئی شخص پوچھے:”یہوواہ کے گواہ گھر گھر کیوں جاتے ہیں؟“
آپ اِس سوال کے جواب میں کیا کہیں گے؟
خلاصہ
یسوع مسیح نے اپنے پیروکاروں کو حکم دیا کہ وہ سب قوموں کے لوگوں کو خوشخبری سنائیں۔ یہوواہ خدا اِس کام میں اپنے بندوں کی مدد کر رہا ہے۔
دُہرائی
پوری دُنیا میں خوشخبری کی مُنادی کیسے کی جا رہی ہے؟
ہمارے مُنادی کے کام سے کیسے ظاہر ہوتا ہے کہ ہم اپنے پڑوسی سے محبت کرتے ہیں؟
کیا آپ کو لگتا ہے کہ مُنادی کا کام کرنے سے خوشی مل سکتی ہے؟ آپ کو ایسا کیوں لگتا ہے؟
مزید جانیں
اِس ویڈیو میں دیکھیں کہ یہوواہ کے گواہ بڑے شہروں میں مُنادی کا کام کیسے کرتے ہیں۔
پیرس کی مصروفترین عوامی جگہوں پر گواہی دینے کی مہم (11:5)
اِس ویڈیو میں دیکھیں کہ یہوواہ کے گواہوں نے پناہگزینوں تک بادشاہت کی خوشخبری پہنچانے کے لیے کیا کِیا ہے۔
اِس ویڈیو میں دیکھیں کہ ایک بہن کو کُلوقتی طور پر مُنادی کا کام کر کے کتنی خوشی ملی ہے۔
a مُنادی کرنے کا حکم خدا نے دیا ہے۔ اِس لیے یہوواہ کے گواہوں کو مُنادی کرنے کے لیے اِنسانی حکمرانوں سے اِجازت لینے کی ضرورت نہیں ہے۔