مطالعے کا مضمون نمبر 29
اپنے نگہبان یسوع مسیح کا ساتھ دیں
”آسمان اور زمین کا سارا اِختیار مجھے دیا گیا ہے۔“—متی 28:18۔
گیت نمبر 13: مسیح کی عمدہ مثال
مضمون پر ایک نظرa
1. آج یہوواہ کیا چاہتا ہے؟
آج یہوواہ چاہتا ہے کہ بادشاہت کی خوشخبری کی مُنادی پوری دُنیا میں کی جائے۔ (مر 13:10؛ 1-تیم 2:3، 4) یہوواہ اِس کام کو اِتنا ضروری سمجھتا ہے کہ اُس نے اپنے پیارے بیٹے یسوع مسیح کو اِس کام کی نگہبانی کے لیے مقرر کِیا ہے۔ یسوع مسیح بہت قابل نگہبان ہیں۔ اِس لیے ہم اِس بات کا پکا یقین رکھ سکتے ہیں کہ اِس دُنیا کے خاتمے سے پہلے جس حد تک یہوواہ چاہتا ہے کہ مُنادی کا کام ہو، یہ ہو جائے گا۔—متی 24:14۔
2. اِس مضمون میں ہم کن باتوں پر غور کریں گے؟
2 اِس مضمون میں ہم دیکھیں گے کہ یسوع مسیح ”وفادار اور سمجھدار غلام“ کے ذریعے ہمیں روحانی کھانا کیسے دے رہے ہیں اور تاریخ کی سب سے اہم مہم یعنی مُنادی کی مہم کے لیے اپنے پیروکاروں کو کیسے منظم کر رہے ہیں۔ (متی 24:45) ہم یہ بھی دیکھیں گے کہ ہم میں سے ہر ایک یسوع مسیح اور وفادار غلام کا ساتھ دینے کے لیے کیا کر سکتا ہے۔
یسوع مسیح مُنادی کے کام کی نگہبانی کر رہے ہیں
3. یہوواہ خدا نے یسوع مسیح کو کیا اِختیار دیا ہے؟
3 یسوع مسیح مُنادی کے کام کی نگہبانی کر رہے ہیں۔ ہم یہ بات اِتنے یقین سے کیوں کہہ سکتے ہیں؟ آسمان پر جانے سے کچھ دیر پہلے یسوع مسیح گلیل کے پہاڑ پر اپنے کچھ پیروکاروں سے ملے۔ یسوع نے اُنہیں بتایا: ”آسمان اور زمین کا سارا اِختیار مجھے دیا گیا ہے۔“ اِسی لیے اُنہوں نے یہ حکم دیا: ”جائیں، سب قوموں کے لوگوں کو شاگرد بنائیں۔“ (متی 28:18، 19) بہت سی اَور چیزوں پر اِختیار رکھنے کے ساتھ ساتھ یسوع مسیح مُنادی کے کام کی نگہبانی کرنے کا اِختیار بھی رکھتے ہیں۔
4. ہم پورے یقین سے کیوں کہہ سکتے ہیں کہ یسوع مسیح آج بھی مُنادی کے کام میں اپنے پیروکاروں کی رہنمائی کر رہے ہیں؟
4 یسوع مسیح نے کہا تھا کہ مُنادی کرنے اور شاگرد بنانے کا کام ”سب قوموں کے لوگوں“ میں کِیا جائے گا اور وہ ”دُنیا کے آخری زمانے تک ہر وقت“ اپنے پیروکاروں کے ساتھ رہیں گے۔ (متی 28:20) اِن باتوں سے پتہ چلتا ہے کہ یسوع مسیح نے ہمارے زمانے تک مُنادی کے کام میں اپنے پیروکاروں کی رہنمائی کرنی تھی۔
5. ہم زبور 110:3 میں لکھی پیشگوئی کے پورا ہونے میں کیا کردار ادا کر رہے ہیں؟
5 یسوع مسیح اِس بات کی وجہ سے بالکل بھی پریشان نہیں تھے کہ آخری زمانے میں مُنادی کا کام کرنے کے لیے لوگوں کی کمی ہوگی۔ وہ جانتے تھے کہ زبور میں لکھی یہ پیشگوئی ضرور پوری ہوگی کہ ”لشکرکشی کے دن تیرے لوگ خوشی سے اپنے آپ کو پیش“ کریں گے۔ (زبور 110:3) اگر آپ بھی مُنادی کا کام کرتے ہیں تو آپ یسوع مسیح اور وفادار غلام کا ساتھ دے رہے ہیں اور اِس پیشگوئی کے پورا ہونے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ سچ ہے کہ آج پوری دُنیا میں خوشخبری کی مُنادی ہو رہی ہے لیکن اِس کے ساتھ ساتھ ہمیں کچھ مشکلوں کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔
6. بادشاہت کی مُنادی کرتے وقت کچھ بہن بھائیوں کو کس مشکل کا سامنا کرنا پڑتا ہے؟
6 خدا کی بادشاہت کی مُنادی کرنے والوں کو جس ایک مشکل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، وہ ہے مخالفت۔ خدا سے برگشتہ لوگ، مذہبی رہنما اور سیاستدان لوگوں کو ہمارے کام کے بارے میں جھوٹی باتیں بتاتے ہیں۔ اور جب ہمارے رشتےدار، جان پہچان والے اور ساتھ کام کرنے والے اُن کی باتوں میں آ جاتے ہیں تو شاید وہ ہم پر دباؤ ڈالیں کہ ہم یہوواہ کی عبادت کرنا اور مُنادی کرنا چھوڑ دیں۔ کچھ ملکوں میں ہمارے دُشمن ہمیں ڈراتے دھمکاتے ہیں، ہم پر حملہ کرتے ہیں یا ہمارے بہن بھائیوں کو گِرفتار کر لیتے ہیں، یہاں تک کہ اُنہیں جیل میں ڈال دیتے ہیں۔ لیکن اِس سب کی وجہ سے ہم حیران نہیں ہوتے کیونکہ یسوع مسیح نے پہلے سے اپنے پیروکاروں کو بتایا دیا تھا کہ ”میرے نام کی خاطر سب قومیں آپ سے نفرت کریں گی۔“ (متی 24:9) ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ ہمارے لیے قوموں کی نفرت تو اِس بات کا ثبوت ہے کہ یہوواہ ہم سے خوش ہے۔ (متی 5:11، 12) قوموں کی اِس نفرت کے پیچھے شیطان کا ہاتھ ہے۔ لیکن یسوع مسیح کی طاقت کے آگے شیطان کی طاقت کچھ بھی نہیں! یسوع مسیح کی مدد سے ہم ساری قوموں کے لوگوں تک بادشاہت کی خوشخبری پہنچا رہے ہیں۔ آئیں، اِس کے کچھ ثبوتوں پر غور کریں۔
7. اِس بات کے کیا ثبوت ہیں کہ مکاشفہ 14:6، 7 میں لکھی پیشگوئی پوری ہو رہی ہے؟
7 مُنادی کرتے وقت ہمیں ایک اَور مشکل کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔ اور وہ یہ کہ لوگ فرق فرق زبانیں بولتے ہیں۔ یسوع مسیح نے یوحنا رسول کو جو مکاشفہ دیا، اُس میں اُنہوں نے اِس بات کو واضح کِیا کہ ہمارے زمانے میں خوشخبری سنانے کی راہ میں زبان کوئی رُکاوٹ نہیں رہے گی۔ (مکاشفہ 14:6، 7 کو پڑھیں۔) اور ایسا سچ میں ہوا ہے۔ ہم بادشاہت کی خوشخبری زیادہ سے زیادہ لوگوں کو سنا رہے ہیں۔ ہماری ویبسائٹ jw.org پر بائبل سے تیار کی گئی کتابیں اور ویڈیوز 1000 سے بھی زیادہ زبانوں میں دستیاب ہیں۔ گورننگ باڈی نے کتاب ”اب اور ہمیشہ تک خوشیوں بھری زندگی!“ کا 700 سے زیادہ زبانوں میں ترجمہ کرنے کی اِجازت دی ہے کیونکہ یہ کتاب شاگرد بنانے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ اِس کے علاوہ بہرے افراد کے لیے اِشاروں والی زبان میں ویڈیوز اور نابینا افراد کے لیے بریل میں کتابیں تیار کرنے سے اُن تک بھی روحانی کھانا پہنچایا جا رہا ہے۔ آج ہم اپنی آنکھوں سے بائبل کی پیشگوئیوں کو پورا ہوتے ہوئے دیکھ رہے ہیں۔”مختلف اہلِلغت“ یعنی فرق فرق زبانوں کے لوگ ”خالص زبان“ بولنا سیکھ رہے ہیں جس کا مطلب ہے کہ وہ پاک کلام کی تعلیمات حاصل کر رہے ہیں۔ (زک 8:23؛ صفن 3:9، ترجمہ نئی دُنیا) یہ سارے کام ہمارے نگہبان یسوع مسیح کی رہنمائی میں ہی ہو رہے ہیں۔
8. مُنادی کرنے کے اب تک کون سے نتیجے نکلے ہیں؟
8 آج 240 ملکوں سے 80 لاکھ سے بھی زیادہ لوگ یہوواہ کی تنظیم کا حصہ ہیں اور ہر سال ہزاروں لوگ بپتسمہ لے رہے ہیں۔ لیکن یہ اِتنا اہم نہیں ہے کہ کتنے زیادہ لوگ یہوواہ کی تنظیم کا حصہ بن رہے ہیں۔ زیادہ اہم بات یہ ہے کہ یسوع مسیح کے یہ نئے شاگرد ”نئی شخصیت کو پہن“ رہے ہیں اور خود میں ایسی خوبیاں پیدا کر رہے ہیں جو یہوواہ کو پسند ہیں۔ (کُل 3:8-10) بہت سے لوگوں نے بدچلن زندگی گزارنا، دوسروں پر ظلم کرنا، تعصب کرنا اور قومپرستی چھوڑ دی ہے۔ اِس طرح یسعیاہ 2:4 میں لکھی یہ پیشگوئی پوری ہو رہی ہے: ”وہ پھر کبھی جنگ کرنا نہ سیکھیں گے۔“ جب ہم نئی شخصیت کو پہننے کی پوری کوشش کرتے ہیں تو ہم لوگوں کی مدد کرتے ہیں کہ وہ یہوواہ کی تنظیم میں آئیں۔ ہم یہ بھی ثابت کرتے ہیں کہ ہم اپنے نگہبان یسوع مسیح کی رہنمائی میں چل رہے ہیں۔ (یوح 13:35؛ 1-پطر 2:12) لیکن یہ سب کچھ کوئی بھی شخص اپنے بلبوتے پر نہیں کر پاتا۔ یہ سب یسوع مسیح کی مدد سے ہی ہو پا رہا ہے۔
یسوع مسیح نے ایک غلام کو مقرر کِیا ہے
9. متی 24:45-47 میں یسوع مسیح نے آخری زمانے کے بارے میں کون سی بات پہلے سے بتا دی تھی؟
9 متی 24:45-47 کو پڑھیں۔ یسوع مسیح نے کہا تھا کہ آخری زمانے میں وہ ایک وفادار اور سمجھدار غلام کو مقرر کریں گے تاکہ وہ اُن کے پیروکاروں کو روحانی کھانا دے۔ اِس کا مطلب تھا کہ اُس غلام کو ہمارے زمانے میں بہت سخت محنت کرنی تھی۔ اور وہ آج ایسا کر بھی رہا ہے۔ ہمارے نگہبان یسوع مسیح کچھ مسحشُدہ بھائیوں کے ذریعے خدا کے بندوں اور اُن لوگوں کو ”صحیح وقت پر کھانا دے“ رہے ہیں جو بائبل کی تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ یہ بھائی خود کو دوسروں کے ایمان کا مالک نہیں سمجھتے۔ (2-کُر 1:24) اِس کی بجائے وہ جانتے ہیں کہ یسوع مسیح ہمارے ”پیشوا اور فرمانروا“ ہیں۔—یسع 55:4۔
10. تصویر میں دِکھائی گئی کس کتاب کی مدد سے آپ نے یہوواہ کی عبادت کرنی شروع کی؟
10 سن 1919ء سے وفادار غلام نے ایسی بہت سی کتابیں تیار کی ہیں جن کے ذریعے لوگوں کے دل میں بائبل کی تعلیم حاصل کرنے کا شوق پیدا ہوا ہے۔ 1921ء میں وفادار غلام نے کتاب ”دی ہارپ آف گاڈ“ تیار کی تاکہ لوگ بائبل کی بنیادی تعلیمات حاصل کر سکیں۔ وقت کے ساتھ ساتھ اِس کام کے لیے اَور کتابیں بھی تیار کی گئیں۔ آپ نے اِن میں سے کس کتاب کی مدد سے اپنے آسمانی باپ یہوواہ کو قریب سے جانا اور اُس سے محبت کرنے لگے: ””خدا سچا ٹھہرے،““ ”سچائی جو باعثِابدی زندگی ہے،“ ”آپ زمین پر فردوس میں ہمیشہ زندہ رہ سکتے ہیں،“ ”علم جو ہمیشہ کی زندگی کا باعث ہے،“ ”پاک صحائف کی تعلیم حاصل کریں،“ ”پاک کلام کی تعلیم حاصل کریں“ یا پھر ہماری سب سے نئی کتاب ”اب اور ہمیشہ تک خوشیوں بھری زندگی!“؟ اِن میں سے ہر کتاب لوگوں کی ضرورت کے مطابق بالکل صحیح وقت پر شائع ہوئی تھی۔
11. ہم میں سے ہر ایک کے لیے روحانی کھانا کھانا ضروری کیوں ہے؟
11 صرف نئے لوگوں کو ہی یہوواہ اور بائبل کے بارے میں گہرا علم حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ ہم سب کو اِس کی ضرورت ہے۔ پولُس رسول نے لکھا تھا: ”ٹھوس غذا پُختہ لوگوں کے لیے ہوتی ہے۔“ اِس کے آگے پولُس نے بتایا کہ ہم بائبل سے جو باتیں سیکھتے ہیں، اُن پر عمل کرنے سے ہم ”اچھے اور بُرے میں تمیز“ کر سکتے ہیں۔ (عبر 5:14) لیکن کبھی کبھار ہمارے لیے یہوواہ کے اصولوں پر عمل کرنا مشکل ہو سکتا ہے کیونکہ آج بہت سے لوگ بدچلن زندگی گزار رہے ہیں۔ لیکن یسوع مسیح اِس بات کا پورا دھیان رکھتے ہیں کہ ہمیں وہ معلومات ملتی رہیں جن کی مدد سے ہمارا ایمان مضبوط رہ سکتا ہے۔ اِن معلومات کو وفادار غلام یسوع مسیح کی رہنمائی میں خدا کے کلام سے تیار کرتا اور ہم تک پہنچاتا ہے۔
12. یسوع مسیح کی طرح ہم نے خدا کے نام کے لیے احترام کیسے ظاہر کِیا ہے؟
12 یسوع مسیح کی طرح ہم نے بھی خدا کے نام کے لیے احترام ظاہر کِیا ہے۔ (یوح 17:6، 26) مثال کے طور پر 1931ء میں ہم نے نام یہوواہ کے گواہ اپنا لیا جو کہ بائبل سے لیا گیا تھا۔ ایسا کرنے سے ہم نے ثابت کِیا کہ ہمارے لیے ہمارے آسمانی باپ کا نام بہت اہم ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ ہم اُس کے نام سے پہچانے جائیں۔ (یسع 43:10-12) اُسی سال اکتوبر کے مہینے سے ہم اِس رسالے کے پہلے صفحے پر خدا کا نام چھاپ رہے ہیں۔ اِس کے علاوہ ”کتابِمُقدس—ترجمہ نئی دُنیا“ میں ہم نے خدا کا نام ہر اُس جگہ ڈالا ہے جہاں یہ اُن زبانوں میں آتا ہے جن میں بائبل لکھی گئی تھی۔ اِس طرح ہم نے ثابت کِیا ہے کہ ہم اُن مسیحی مذہبوں سے فرق ہیں جنہوں نے یہوواہ کا نام بائبل کے بہت سے ترجموں سے نکال دیا ہے۔
یسوع مسیح اپنے پیروکاروں کو منظم کرتے ہیں
13. کس وجہ سے آپ کو اِس بات کا پکا یقین ہے کہ یسوع مسیح ”وفادار اور سمجھدار غلام“ کے ذریعے کام کر رہے ہیں؟ (یوحنا 6:68)
13 یسوع مسیح نے ”وفادار اور سمجھدار غلام“ کے ذریعے زمین پر ایک زبردست تنظیم بنائی ہے جو لوگوں کو یہوواہ کی عبادت کی طرف لا رہی ہے۔ آپ اِس تنظیم کے بارے میں کیسا محسوس کرتے ہیں؟ اِس سوال کے جواب میں شاید آپ بھی وہی بات کہیں جو پطرس رسول نے یسوع مسیح سے کہی تھی۔ اُنہوں نے کہا تھا: ”ہم کس کے پاس جائیں؟ ہمیشہ کی زندگی کی باتیں تو آپ ہی کرتے ہیں۔“ (یوح 6:68) ذرا سوچیں کہ اگر آج ہمیں یہوواہ کی تنظیم کا پتہ نہ چلتا تو ہمارا کیا بنتا؟ اِس تنظیم کے ذریعے یسوع مسیح ہمیں وہ سب کچھ دے رہے ہیں جو یہوواہ کا وفادار رہنے میں ہماری مدد کر سکتا ہے۔ یسوع مسیح ہمیں اچھی طرح سے مُنادی کرنے کی ٹریننگ بھی دیتے ہیں۔ اِس کے علاوہ وہ ”نئی شخصیت“ کو پہننے میں بھی ہماری مدد کرتے ہیں تاکہ ہم یہوواہ کو خوش کر سکیں۔—اِفس 4:24۔
14. یہوواہ کی تنظیم کا حصہ ہونے کی وجہ سے آپ کو کورونا کی وبا کے دوران کیا فائدہ ہوا ہے؟
14 مشکل وقت کے دوران یسوع مسیح ایسی ہدایتیں دیتے ہیں جن سے اُن کے پیروکاروں کو فائدہ ہو۔ اِس کی ایک مثال وہ ہدایتیں ہیں جو اُنہوں نے اُس وقت دیں جب کورونا کی وبا پھیلنا شروع ہوئی۔ اُس وقت پوری دُنیا میں لوگوں کو سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ وہ کیا کریں۔ لیکن یسوع مسیح نے ہمیں واضح ہدایتیں دیں تاکہ ہم محفوظ رہیں۔ اُنہوں نے اپنی تنظیم کے ذریعے ہمیں ہدایت دی کہ جب ہم گھر سے باہر نکلیں تو ماسک پہنیں اور دوسروں سے سماجی فاصلہ رکھیں۔ اُنہوں نے کلیسیا کے بزرگوں کو ہدایت دی کہ وہ اپنی کلیسیا کے بہن بھائیوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں اور ایسے کام کرنے میں اُن کی مدد کریں جن سے وہ وبا سے محفوظ اور یہوواہ کے قریب رہ سکیں۔ (یسع 32:1، 2) یسوع مسیح نے گورننگ باڈی کی اپڈیٹس والی ویڈیوز سے بھی ہمیں ہدایتیں دیں اور ہمارا حوصلہ بڑھایا۔
15. یسوع مسیح نے وبا کے دوران اپنی تنظیم کے ذریعے اِجلاسوں اور مُنادی کے حوالے سے کون سی ہدایتیں دیں اور اِن ہدایتوں پر عمل کرنے کے کیا نتیجے نکلے ہیں؟
15 یسوع مسیح نے ہمیں واضح بتایا کہ ہم وبا کے دوران اِجلاس اور مُنادی کیسے کریں۔ ہم فوراً ہی اِنٹرنیٹ کے ذریعے اپنے اِجلاس اور اِجتماع کرنے لگے۔ ہم خطوں اور فون کے ذریعے لوگوں کو گواہی دینے لگے۔ اور یہوواہ نے ہماری کوششوں میں ہمیں کامیابی عطا کی۔ ہماری بہت سی برانچوں نے بتایا کہ اُن کے علاقے میں مبشروں کی تعداد میں اِضافہ ہوا ہے۔ بہت سے بہن بھائیوں کو تو مُنادی کرتے وقت بڑے اچھے نتیجے دیکھنے کو ملے ہیں۔—بکس ”یہوواہ نے مُنادی کے کام میں ہمیں کامیابی عطا کی ہے“ کو دیکھیں۔
16. ہم کس بات کا یقین رکھ سکتے ہیں؟
16 شاید کچھ بہن بھائیوں کو لگا ہو کہ وبا کے دوران ہماری تنظیم کچھ زیادہ ہی احتیاط برت رہی ہے۔ لیکن یہ بات بار بار ثابت ہوئی ہے کہ یسوع مسیح نے اپنی تنظیم کے ذریعے ہمیں جو ہدایتیں دیں، وہ بالکل صحیح تھیں۔ (متی 11:19) اور جب ہم اِس بات پر دھیان دیتے ہیں کہ یسوع مسیح کتنے پیار سے اپنے پیروکاروں کی رہنمائی کر رہے ہیں تو اِس بات پر ہمارا یقین اَور بڑھ جاتا ہے کہ چاہے آگے چل کر کچھ بھی ہو، یہوواہ خدا اور یسوع مسیح ہمارا ساتھ کبھی نہیں چھوڑیں گے۔—عبرانیوں 13:5، 6 کو پڑھیں۔
17. آپ کو یسوع مسیح کی رہنمائی میں کام کرنا کیسا لگتا ہے؟
17 یہ ہمارے لیے کتنی خوشی کی بات ہے کہ یسوع مسیح ہمارے نگہبان ہیں! ہم ایک ایسی تنظیم کا حصہ ہیں جو ثقافت، قومیت یا زبان کی وجہ سے بٹی نہیں ہوئی۔ ہمیں پیٹ بھر روحانی کھانا ملتا ہے اور مُنادی کرنے کی ٹریننگ ملتی ہے تاکہ ہم دوسروں کو اچھی طرح سے گواہی دے سکیں۔ یسوع مسیح ہم میں سے ہر ایک کی مدد کر رہے ہیں تاکہ ہم نئی شخصیت کو پہنیں اور ایک دوسرے سے محبت کرنا سیکھیں۔ بےشک ہمیں اِس بات پر فخر ہے کہ یسوع مسیح ہمارے نگہبان ہیں!
گیت نمبر 16: خدا کے مسحشُدہ بادشاہ کی ستائش ہو!
a آج لاکھوں مرد، عورتیں اور بچے لگن سے بادشاہت کی خوشخبری کی مُنادی کر رہے ہیں۔ کیا آپ بھی اِن لوگوں میں شامل ہیں؟ اگر ایسا ہے تو آپ ہمارے مالک یسوع مسیح کی نگہبانی میں کام کر رہے ہیں۔ اِس مضمون میں ہم کچھ ایسے ثبوتوں پر غور کریں گے جن سے پتہ چلتا ہے کہ آج یسوع مسیح مُنادی کے کام میں ہماری رہنمائی کر رہے ہیں۔ اِس معلومات پر غور کرنے سے ہمارا یہ عزم مضبوط ہوگا کہ ہم یسوع مسیح کی رہنمائی میں یہوواہ کی خدمت کرتے رہیں گے۔