چوکس رہیں!
زمین کو تباہ کِیا جا رہا ہے—پاک کلام میں اِس حوالے سے کیا بتایا گیا ہے؟
”ہم ماحولیاتی تباہی کے دروازے پر دستک دے رہے ہیں۔ بہت جلد بڑے بڑے شہر پانی میں ڈوب جائیں گے، اچانک سے شدید گرمی پڑے گی، خوف ناک طوفان آئیں گے، پانی کی شدید کمی ہوگی اور پودوں او ر جانوروں کی لاکھوں قسمیں ختم ہو جائیں گی۔ ایسا نہیں ہے کہ ہم مسئلے کو بڑھا چڑھا کر بتا رہے ہیں۔ سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ ہم جس طرح سے توانائی کو پیدا کر رہے اور اِستعمال کر رہے ہیں، اُس کا یہی نتیجہ نکلے گا۔“—اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوئترس کی تقریر جو اُنہوں نے 4 اپریل 2022ء کو شائع ہونے والی”بین الحکومتی کمیٹی برائے ماحولیاتی تبدیلی“ کی ایک رپورٹ کے حوالے سے کی۔
”سائنس دانوں نے خبردار کِیا ہے کہ اگلے کچھ سالوں میں [امریکہ کے] 423 نیشل پارکس یعنی تقریباً تمام نیشل پارکس کو ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ سے بہت نقصان پہنچے گا، خاص طور پر بڑھتے ہوئے درجۂ حرارت کی وجہ سے۔ ہمیں ایسی آفتوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جیسی بائبل میں بتائی گئی ہیں جیسے کہ آگ لگنا، سیلاب آنا، برف پگھلنا، سطحِ سمندر بلند ہونا اور شدید گرمی پڑنا۔“—ییلو سٹون میں سیلاب کی تباہ کاریاں—آنے والی مشکلوں کی ایک نشانی، دی نیو یارک ٹائمز، 15 جون 2022ء۔
کیا زمین کے ماحولیاتی مسائل حل ہو سکتے ہیں؟ اگر ہاں تو کون اِنہیں حل کرے گا؟ آئیے، دیکھیں کہ پاک کلام میں اِس حوالے سے کیا بتایا گیا ہے۔
ماحولیاتی تباہی کی پیش گوئی
پاک کلام میں بتایا گیا ہے کہ خدا ’اُن کو تباہ کر دے گا جو زمین کو تباہ کر رہے ہیں۔‘ (مکاشفہ 11:18) اِس آیت سے تین باتیں پتہ چلتی ہیں:
1. اِنسانوں کی وجہ سے زمین کو بہت زیادہ نقصان ہوگا۔
2. زمین کو تباہ کرنے کا سلسلہ رُک جائے گا۔
3. کوئی اِنسان نہیں بلکہ خدا زمین کے ماحولیاتی مسائل کو حل کرے گا۔
زمین کا مستقبل بہت اچھا ہوگا!
پاک کلام میں لکھا ہے کہ ”زمین ہمیشہ قائم رہتی ہے۔“ (واعظ 1:4) زمین ہمیشہ آباد رہے گی۔
”صادق زمین کے وارث ہوں گے اور اُس میں ہمیشہ بسے رہیں گے۔“—زبور 37:29۔
خدا اُس نقصان کو پوری طرح سے ٹھیک کر دے گا جو زمین کو پہنچا ہے۔
”بیابان اور ویرانہ خوش ہوں گے؛ صحرا بھی خوش ہوگا اور پھولے گا۔ زعفران کی مانند اُس میں بہار آئے گی: وہ نہایت شادمان ہوگا اور خوشی سے چلّا اُٹھے گا۔“—یسعیاہ 35:1، نیو اُردو بائبل ورشن۔