سبق نمبر 31
خدا کی بادشاہت کیا ہے؟
بائبل کا سب سے اہم موضوع خدا کی بادشاہت ہے۔ یہوواہ خدا اِس بادشاہت کے ذریعے اِس زمین کو پھر سے ویسا بنا دے گا جیسی یہ شروع میں تھی۔ لیکن خدا کی بادشاہت کیا ہے؟ ہم کیسے جانتے ہیں کہ یہ بادشاہت قائم ہو چُکی ہے اور کام کر رہی ہے؟ اِس بادشاہت نے اب تک کیا کچھ کِیا ہے اور یہ مستقبل میں کیا کچھ کرے گی؟ اِس سبق میں اور اگلے دو اسباق میں اِن سوالوں کے جواب دیے جائیں گے۔
1. خدا کی بادشاہت کیا ہے اور اِس کا بادشاہ کون ہے؟
خدا کی بادشاہت ایک حکومت ہے جسے یہوواہ خدا نے قائم کِیا ہے۔ اِس کے بادشاہ یسوع مسیح ہیں جو آسمان سے حکمرانی کرتے ہیں۔ (متی 4:17؛ یوحنا 18:36) بائبل میں یسوع مسیح کے بارے میں لکھا ہے: ’وہ ہمیشہ تک بادشاہ کے طور پر حکمرانی کریں گے۔‘ (لُوقا 1:32، 33) خدا کی بادشاہت کے بادشاہ کے طور پر یسوع مسیح کی حکمرانی پوری زمین پر ہوگی۔
2. یسوع مسیح کے ساتھ کون حکمرانی کرتے ہیں؟
یسوع مسیح اکیلے حکمرانی نہیں کر رہے۔ بائبل میں لکھا ہے: ’ہر قبیلے، زبان، نسل اور قوم میں سے لوگ بادشاہوں کے طور پر زمین پر حکمرانی کریں گے۔‘ (مکاشفہ 5:9، 10) یسوع مسیح کے ساتھ کتنے لوگ حکمرانی کریں گے؟ جب یسوع مسیح زمین پر آئے تھے تب سے اب تک لاکھوں لوگ اُن کے پیروکار بنے ہیں۔ لیکن اُن میں سے صرف 1 لاکھ 44 ہزار لوگ آسمان سے یسوع مسیح کے ساتھ حکمرانی کریں گے۔ (مکاشفہ 14:1-4 کو پڑھیں۔) باقی سب مسیحی زمین پر خدا کی بادشاہت کے شہریوں کے طور پر رہیں گے۔—زبور 37:29۔
3. خدا کی بادشاہت اِنسانوں کی حکومتوں سے بہتر کیوں ہے؟
اِنسانی حکمرانوں کے پاس اِتنی طاقت نہیں ہے کہ وہ اپنی عوام کے سارے مسئلے حل کر سکیں۔ اِسی لیے اگر ایک اِنسانی حکمران اچھے کام کرنے کی کوشش بھی کرے تو وہ اپنی عوام کے لیے وہ سب کچھ نہیں کر پاتا جو وہ کرنا چاہتا ہے۔ پھر اُس کی جگہ کوئی دوسرا حکمران آ جاتا ہے جسے شاید عوام کے فائدے کی کوئی خاص پرواہ نہ ہو۔ لیکن خدا کی بادشاہت کے حکمران یسوع مسیح کی جگہ کوئی نہیں لے گا۔ جو بادشاہت خدا نے قائم کی ہے، وہ ”تاابد نیست نہ ہوگی“ یعنی کبھی تباہ نہیں ہوگی۔ (دانیایل 2:44) یسوع مسیح پوری زمین پر حکمرانی کریں گے اور کسی کی بھی طرفداری نہیں کریں گے۔ وہ پیار کرنے والے، مہربان اور اِنصافپسند حکمران ہیں۔ اور وہ اپنی عوام کو بھی یہی سکھائیں گے کہ وہ دوسروں کے ساتھ پیار، مہربانی اور اِنصاف سے پیش آئیں۔—یسعیاہ 11:9۔
موضوع کی گہرائی میں جائیں
دیکھیں کہ خدا کی بادشاہت اِنسانوں کی کسی بھی حکومت سے بہتر کیوں ہے۔
4. پوری زمین پر ایک طاقتور حکومت کا راج ہوگا
یسوع مسیح کے پاس اُن سب حکمرانوں سے زیادہ طاقت ہے جو آج تک دُنیا میں آئے ہیں۔ متی 28:18 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر باتچیت کریں:
یسوع مسیح کے پاس جو اِختیار ہے اور اِنسانی حکمرانوں کے پاس جو اِختیار ہے، اُس میں کیا فرق ہے؟
اِنسانی حکومتیں بدلتی رہتی ہیں اور ہر حکومت کا اِختیار صرف زمین کے ایک خاص حصے پر ہوتا ہے۔ لیکن خدا کی بادشاہت کے سلسلے میں ایسا نہیں ہے۔ دانیایل 7:14 کو پڑھیں اور پھر اِن سوالوں پر باتچیت کریں:
یہ خوشی کی بات کیوں ہے کہ خدا کی بادشاہت کبھی ختم نہیں ہوگی؟
یہ خوشی کی بات کیوں ہے کہ خدا کی بادشاہت کا راج پوری زمین پر ہوگا؟
5. اِنسانوں کی حکومتوں کو ختم ہونا چاہیے
خدا کی بادشاہت کو اِنسانی حکومتوں کی جگہ کیوں لینی چاہیے؟ ویڈیو چلائیں اور پھر اِس سوال پر باتچیت کریں:
اِنسانوں کی حکمرانی کا کیا نتیجہ نکلا ہے؟
واعظ 8:9 کو پڑھیں اور پھر اِن سوالوں پر باتچیت کریں:
آپ کے خیال میں کیا خدا کی بادشاہت کو اِنسانی حکومتوں کی جگہ لینی چاہیے؟ آپ نے جو جواب دیا ہے، اُس کی کیا وجہ ہے؟
6. خدا کی بادشاہت کے حکمران ہمارے احساسات کو سمجھتے ہیں
ہمارے بادشاہ یسوع مسیح نے اِنسان کے طور پر زندگی گزاری ہے۔ اِس لیے وہ ’ہماری کمزوریوں کو سمجھتے‘ ہیں۔ (عبرانیوں 4:15) جو 1 لاکھ 44 ہزار مرد اور عورتیں یسوع کے ساتھ حکمرانی کریں گے، اُنہیں یہوواہ خدا نے ”ہر قبیلے، زبان، نسل اور قوم میں سے“ چُنا ہے۔—مکاشفہ 5:9۔
کیا آپ کو یہ جان کر تسلی ملتی ہے کہ یسوع مسیح اور اُن کے ساتھ حکمرانی کرنے والے لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ اِنسان کے طور پر زندگی گزارنا کیسا ہوتا ہے؟
7. خدا کی بادشاہت کے قوانین اِنسانوں کی حکومتوں کے قوانین سے کہیں بہتر ہیں
حکومتیں اپنے شہریوں کے فائدے اور اُن کی حفاظت کے لیے قوانین بناتی ہیں۔ خدا کی بادشاہت کے بھی کچھ قوانین ہیں جو اِس کے شہریوں کو ماننے چاہئیں۔ 1-کُرنتھیوں 6:9-11 کو پڑھیں اور پھر اِن سوالوں پر باتچیت کریں:
آپ کے خیال میں اُس وقت دُنیا کیسی ہوگی جب ہر کوئی خدا کے قوانین کو مانے گا؟a
آپ کے خیال میں کیا یہوواہ کو اپنی بادشاہت کے شہریوں سے یہ توقع کرنی چاہیے کہ وہ اُس کے قوانین کا احترام کریں؟ آپ نے جو جواب دیا ہے، اُس کی وجہ کیا ہے؟
ہم یہ کیوں کہہ سکتے ہیں کہ جو لوگ خدا کے قوانین کو نہیں مانتے، وہ بھی بدل سکتے ہیں؟—11 آیت کو دیکھیں۔
کچھ لوگ کہتے ہیں: ”خدا کی بادشاہت تو ہمارے دل میں ہے۔“
آپ اِس کے جواب میں کیا کہیں گے؟
خلاصہ
خدا کی بادشاہت ایک حقیقی حکومت ہے۔ یہ بادشاہت آسمان پر قائم ہے اور پوری زمین پر حکومت کرے گی۔
دُہرائی
خدا کی بادشاہت کے حکمران کون ہیں؟
خدا کی بادشاہت اِنسانوں کی حکومتوں سے بہتر کیوں ہے؟
یہوواہ اپنی بادشاہت کے شہریوں سے کن باتوں کی توقع کرتا ہے؟
مزید جانیں
اِس مضمون میں پڑھیں کہ یسوع مسیح کی تعلیمات کے مطابق بادشاہت کہاں ہے۔
”کیا خدا کی بادشاہت ہمارے دل میں ہے؟“ (ویبسائٹ پر مضمون)
اِس ویڈیو میں دیکھیں کہ یہوواہ کے گواہوں کی نظر میں خدا کی بادشاہت کے وفادار رہنا اِنسانی حکومتوں کے وفادار رہنے سے زیادہ اہم کیوں ہے۔
اِس مضمون میں پڑھیں کہ بائبل میں اُن 1 لاکھ 44 ہزار لوگوں کے بارے میں کیا بتایا گیا ہے جنہیں یہوواہ خدا یسوع مسیح کے ساتھ حکمرانی کرنے کے لیے چُنتا ہے۔
اِس مضمون میں پڑھیں کہ ایک عورت کو جیل میں یہ یقین کیسے ہوا کہ خدا ایک ایسی دُنیا قائم کرے گا جہاں اِنصاف کا بولبالا ہوگا۔
”مجھے نااِنصافی کا مستقل حل مل گیا!“ (”جاگو!“ کا مضمون)