پیدائش
16 اَبرام کی بیوی ساری کی کوئی اولاد نہیں تھی۔ لیکن ساری کی ایک مصری نوکرانی تھی جس کا نام ہاجرہ تھا۔ 2 اِس لیے ساری نے اَبرام سے کہا: ”میری بات سنیں! یہوواہ نے مجھے اولاد سے محروم رکھا ہے۔ آپ مہربانی سے میری نوکرانی سے جنسی تعلق قائم کریں۔ شاید اُس کے ذریعے مجھے اولاد مل جائے۔“ اَبرام نے ساری کی بات مان لی۔ 3 جب اَبرام کی بیوی ساری نے اپنے شوہر اَبرام کو اپنی مصری نوکرانی ہاجرہ دی کہ وہ اُن کی بیوی بنے تو اُنہیں ملک کنعان میں رہتے ہوئے دس سال ہو چُکے تھے۔ 4 اَبرام نے ہاجرہ سے جنسی تعلق قائم کِیا اور وہ حاملہ ہوئیں۔ جب اُنہیں پتہ چلا کہ وہ حاملہ ہیں تو وہ اپنی مالکن کو حقیر سمجھنے لگیں۔
5 اِس پر ساری نے اَبرام سے کہا: ”مجھ سے جو بُرا سلوک کِیا جا رہا ہے، اُس کے ذمےدار آپ ہیں۔ مَیں نے خود اپنی نوکرانی آپ کو دی تھی۔ لیکن جب اُسے پتہ چلا کہ وہ حاملہ ہے تو وہ مجھے حقیر سمجھنے لگی۔ اب یہوواہ ہی اِس بات کا فیصلہ کرے کہ آپ صحیح ہیں یا مَیں۔“ 6 تب اَبرام نے ساری سے کہا: ”دیکھو آپ اُس کی مالکن ہو۔ اِس لیے اُس کے ساتھ وہی کرو جو آپ کو صحیح لگے۔“ پھر ساری نے ہاجرہ کو بےعزت کِیا اور ہاجرہ اُن کے پاس سے بھاگ گئیں۔
7 بعد میں یہوواہ کا ایک فرشتہ ویرانے میں پانی کے ایک چشمے پر ہاجرہ سے ملا یعنی اُس چشمے پر جو شُور جانے والے راستے پر ہے۔ 8 اُس نے ہاجرہ سے پوچھا: ”ساری کی نوکرانی ہاجرہ! آپ کہاں سے آئی ہیں اور کہاں جا رہی ہیں؟“ ہاجرہ نے جواب دیا: ”مَیں اپنی مالکن ساری کے پاس سے بھاگ کر آئی ہوں“۔ 9 تب یہوواہ کے فرشتے نے اُن سے کہا: ”اپنی مالکن کے پاس لوٹ جائیں اور خاکساری سے اُن کی تابع رہیں۔“* 10 یہوواہ کے فرشتے نے یہ بھی کہا: ”مَیں آپ کی نسل کو اِتنا بڑھاؤں گا کہ اِسے گنا بھی نہیں جا سکے گا۔“ 11 یہوواہ کے فرشتے نے مزید کہا: ”آپ حاملہ ہیں اور آپ کا ایک بیٹا پیدا ہوگا۔ آپ اُس کا نام اِسماعیل* رکھنا کیونکہ یہوواہ نے آپ کا دُکھ سنا ہے۔ 12 اُس کی فطرت جنگلی گدھے* جیسی ہوگی۔ اُس کا ہاتھ ہر ایک کے خلاف ہوگا اور ہر ایک کا ہاتھ اُس کے خلاف ہوگا اور وہ اپنے سب بھائیوں کے مقابل آباد ہوگا۔“*
13 پھر ہاجرہ نے یہوواہ کا نام لیا جو اُس سے بات کر رہا تھا اور کہا: ”تُو وہ خدا ہے جو سب کچھ دیکھتا ہے“* کیونکہ اُنہوں نے اپنے آپ سے کہا: ”کیا مَیں نے واقعی یہاں اُسے دیکھا ہے جو مجھے دیکھتا ہے؟“ 14 اِسی لیے اُس کنوئیں کا نام بِیرلحیروئی* پڑ گیا۔ (یہ کنواں قادِس اور بِرد کے درمیان ہے۔) 15 بعد میں ہاجرہ سے اَبرام کا بیٹا پیدا ہوا اور اَبرام نے اُس کا نام اِسماعیل رکھا۔ 16 جب ہاجرہ نے اَبرام کے بیٹے اِسماعیل کو جنم دیا تو اَبرام 86 سال کے تھے۔