تواریخ کی پہلی کتاب
6 لاوی کے بیٹے یہ تھے: جیرسون، قہات اور مِراری۔ 2 قہات کے بیٹے یہ تھے: عمرام، اِضہار، حِبرون اور عُزّیایل۔ 3 عمرام کے بچے* یہ تھے: ہارون، موسیٰ اور مریم۔ ہارون کے بیٹے یہ تھے: ندب، ابیہُو، اِلیعزر اور اِتمر۔ 4 اِلیعزر سے فینحاس پیدا ہوئے؛ فینحاس سے ابیسُوع پیدا ہوئے؛ 5 ابیسُوع سے بُقّی پیدا ہوئے؛ بُقّی سے عُزّی پیدا ہوئے؛ 6 عُزّی سے زِراخیاہ پیدا ہوئے؛ زِراخیاہ سے مِرایوت پیدا ہوئے؛ 7 مِرایوت سے امریاہ پیدا ہوئے؛ امریاہ سے اخیطُوب پیدا ہوئے؛ 8 اخیطُوب سے صدوق پیدا ہوئے؛ صدوق سے اخیمعض پیدا ہوئے؛ 9 اخیمعض سے عزریاہ پیدا ہوئے؛ عزریاہ سے یوحنان پیدا ہوئے 10 اور یوحنان سے عزریاہ پیدا ہوئے جنہوں نے اُس گھر میں کاہن کے طور پر خدمت کی جسے سلیمان نے یروشلم میں بنایا تھا۔
11 عزریاہ سے امریاہ پیدا ہوئے؛ امریاہ سے اخیطُوب پیدا ہوئے؛ 12 اخیطُوب سے صدوق پیدا ہوئے؛ صدوق سے سلّوم پیدا ہوئے؛ 13 سلّوم سے خِلقیاہ پیدا ہوئے؛ خِلقیاہ سے عزریاہ پیدا ہوئے؛ 14 عزریاہ سے سِرایاہ پیدا ہوئے اور سِرایاہ سے یہوصدق پیدا ہوئے۔ 15 یہوصدق اُس وقت قید میں چلے گئے جب یہوواہ نے یہوداہ اور یروشلم کو نبوکدنضر کے ہاتھوں قید میں بھیج دیا۔
16 لاوی کے بیٹے یہ تھے: جیرسوم،* قہات اور مِراری۔ 17 جیرسوم کے بیٹوں کے نام یہ تھے: لِبنی اور سِمعی۔ 18 قہات کے بیٹے یہ تھے: عمرام، اِضہار، حِبرون اور عُزّیایل۔ 19 مِراری کے بیٹے یہ تھے: محلی اور مُوشی۔
لاویوں کے آبائی سربراہوں کے گھرانے یہ تھے: 20 جیرسوم کے بیٹے یہ تھے: لِبنی، لِبنی کے بیٹے یحت، یحت کے بیٹے زِمّہ، 21 زِمّہ کے بیٹے یوآخ، یوآخ کے بیٹے اِدّو، اِدّو کے بیٹے زارح اور زارح کے بیٹے یتری۔ 22 قہات کے بیٹے* یہ تھے: عمینداب، عمینداب کے بیٹے قورح، قورح کے بیٹے اسیر، 23 اسیر کے بیٹے اِلقانہ، اِلقانہ کے بیٹے ابیآسَف، ابیآسَف کے بیٹے اسیر، 24 اسیر کے بیٹے تاحت، تاحت کے بیٹے اُوریایل، اُوریایل کے بیٹے عُزّیاہ اور عُزّیاہ کے بیٹے شاؤل۔ 25 اِلقانہ کے بیٹے یہ تھے: عماسی اور اخیموت۔ 26 ایک اَور اِلقانہ تھے جن کے بیٹے یہ تھے: ضوفی، ضوفی کے بیٹے نحت، 27 نحت کے بیٹے اِلیاب، اِلیاب کے بیٹے یروحام اور یروحام کے بیٹے اِلقانہ۔ 28 سموئیل کے بیٹے یہ تھے: پہلوٹھے بیٹے یُوایل اور دوسرے بیٹے ابییاہ۔ 29 مِراری کے بیٹے* یہ تھے: محلی، محلی کے بیٹے لِبنی، لِبنی کے بیٹے سِمعی، سِمعی کے بیٹے عُزّہ، 30 عُزّہ کے بیٹے سِمعا، سِمعا کے بیٹے حجیاہ اور حجیاہ کے بیٹے عسایاہ۔
31 جب یہوواہ کے گھر میں عہد کا صندوق رکھا گیا تو اِس کے بعد داؤد نے وہاں گیت گانے والوں کی پیشوائی کرنے کے لیے کچھ آدمیوں کو مقرر کِیا۔ 32 جب تک سلیمان نے یروشلم میں یہوواہ کا گھر نہیں بنایا تب تک اُن آدمیوں نے مُقدس خیمے یعنی خیمۂاِجتماع میں گیتوں کے حوالے سے اپنی ذمےداری نبھائی۔ اُنہوں نے یہ خدمت ہدایتوں کے مطابق انجام دی۔ 33 جن آدمیوں نے اپنے بیٹوں کے ساتھ یہ خدمت انجام دی، اُن کے نام یہ ہیں: قہاتیوں میں سے گلوکار ہیمان جو یُوایل کے بیٹے تھے جو سموئیل کے بیٹے تھے 34 جو اِلقانہ کے بیٹے تھے جو یروحام کے بیٹے تھے جو اِلیایل کے بیٹے تھے جو توح کے بیٹے تھے 35 جو صُوف کے بیٹے تھے جو اِلقانہ کے بیٹے تھے جو محت کے بیٹے تھے جو عماسی کے بیٹے تھے 36 جو اِلقانہ کے بیٹے تھے جو یُوایل کے بیٹے تھے جو عزریاہ کے بیٹے تھے جو صِفَنیاہ کے بیٹے تھے 37 جو تاحت کے بیٹے تھے جو اسیر کے بیٹے تھے جو ابیآسَف کے بیٹے تھے جو قورح کے بیٹے تھے 38 جو اِضہار کے بیٹے تھے جو قہات کے بیٹے تھے جو لاوی کے بیٹے تھے جو اِسرائیل کے بیٹے تھے۔
39 ہیمان کے بھائی آسَف اُن کی دائیں طرف کھڑے ہوتے تھے۔ آسَف بِرکیاہ کے بیٹے تھے جو سِمعا کے بیٹے تھے 40 جو میکائیل کے بیٹے تھے جو بعسیاہ کے بیٹے تھے جو مَلکیاہ کے بیٹے تھے 41 جو اِتنائی کے بیٹے تھے جو زارح کے بیٹے تھے جو عدایاہ کے بیٹے تھے 42 جو اِیتان کے بیٹے تھے جو زِمّہ کے بیٹے تھے جو سِمعی کے بیٹے تھے 43 جو یحت کے بیٹے تھے جو جیرسوم کے بیٹے تھے جو لاوی کے بیٹے تھے۔
44 اُن کے بھائی یعنی مِراری کی اولاد ہیمان کی بائیں طرف کھڑی ہوتی تھی۔ اُن میں اِیتان شامل تھے جو قِیسی کے بیٹے تھے جو عبدی کے بیٹے تھے جو مَلّوک کے بیٹے تھے 45 جو حسَبیاہ کے بیٹے تھے جو اَمصیاہ کے بیٹے تھے جو خِلقیاہ کے بیٹے تھے 46 جو اَمصی کے بیٹے تھے جو بانی کے بیٹے تھے جو سمر کے بیٹے تھے 47 جو محلی کے بیٹے تھے جو مُوشی کے بیٹے تھے جو مِراری کے بیٹے تھے جو لاوی کے بیٹے تھے۔
48 اُن کے بھائیوں یعنی دوسرے لاویوں کو مُقدس خیمے یعنی سچے خدا کے گھر میں ساری خدمات انجام دینے کے لیے مقرر کِیا گیا تھا۔* 49 ہارون اور اُن کے بیٹے بھسم ہونے والی قربانیوں کی قربانگاہ پر قربانیاں پیش کرتے تھے تاکہ اُن کا دُھواں اُٹھے، بخور کی قربانگاہ پر بخور جلاتے تھے اور مُقدسترین چیزوں سے تعلق رکھنے والی ذمےداریاں نبھاتے تھے تاکہ اِسرائیل کے لیے کفارہ ادا ہو۔ وہ یہ سب کام بالکل اُن ہدایتوں کے مطابق کرتے تھے جو سچے خدا کے بندے موسیٰ نے دی تھیں۔ 50 ہارون کی اولاد یہ تھے: ہارون کے بیٹے اِلیعزر، اِلیعزر کے بیٹے فینحاس، فینحاس کے بیٹے ابیسُوع، 51 ابیسُوع کے بیٹے بُقّی، بُقّی کے بیٹے عُزّی، عُزّی کے بیٹے زِراخیاہ، 52 زِراخیاہ کے بیٹے مِرایوت، مِرایوت کے بیٹے امریاہ، امریاہ کے بیٹے اخیطُوب، 53 اخیطُوب کے بیٹے صدوق اور صدوق کے بیٹے اخیمعض۔
54 لاوی اپنے علاقے میں اپنی بستیوں میں اپنی خیمہگاہوں* میں رہتے تھے۔ ہارون کی اولاد میں سے قہاتیوں کے گھرانے کے نام سب سے پہلا قُرعہ نکلا 55 جنہیں یہوداہ میں حِبرون اور اُس کے آسپاس کی چراگاہیں دی گئیں۔ 56 لیکن شہر کا کھیت اور اُس کی بستیاں یفُنّہ کے بیٹے کالِب کو دی گئیں۔ 57 ہارون کی اولاد کو پناہ کے شہر* دیے گئے یعنی حِبرون۔ اِس کے علاوہ اُنہیں لِبناہ اور اُس کی چراگاہیں، یتّیر، اِستموع اور اُس کی چراگاہیں، 58 حیلان اور اُس کی چراگاہیں، دبیر اور اُس کی چراگاہیں، 59 عسن اور اُس کی چراگاہیں اور بیتشمس اور اُس کی چراگاہیں دی گئیں۔ 60 اور بِنیامین کے قبیلے نے اُنہیں جبع اور اُس کی چراگاہیں، عَلِمت اور اُس کی چراگاہیں اور عنتوت اور اُس کی چراگاہیں دیں۔ اُن کے گھرانوں کو کُل 13 شہر دیے گئے۔
61 باقی قہاتیوں کو قبیلے کے گھرانے، آدھے قبیلے اور منسّی کے آدھے قبیلے کے دس شہر دیے گئے۔*
62 جیرسومیوں کو اُن کے گھرانوں کے حساب سے اِشّکار کے قبیلے، آشر کے قبیلے، نفتالی کے قبیلے اور بسن میں رہنے والے منسّی کے قبیلے کے 13 شہر دیے گئے۔
63 مِراریوں کو اُن کے گھرانوں کے حساب سے قُرعہ ڈال کر رُوبِن کے قبیلے، جد کے قبیلے اور زِبُولون کے قبیلے کے 12 شہر دیے گئے۔
64 اِس طرح اِسرائیلیوں نے لاویوں کو یہ شہر اور اُن کی چراگاہیں دے دیں۔ 65 اِس کے علاوہ اُنہوں نے قُرعہ ڈال کر یہوداہ کے قبیلے، شمعون کے قبیلے اور بِنیامین کے قبیلے کے وہ شہر دیے جن کے ناموں کا ذکر کِیا گیا ہے۔
66 قہاتیوں کے کچھ گھرانوں کو اِفرائیم کے قبیلے کے کچھ شہر اُن کے علاقے کے طور پر ملے۔ 67 اُنہوں نے اُنہیں پناہ کے شہر* دیے یعنی اِفرائیم کے پہاڑی علاقے میں سِکم اور اُس کی چراگاہیں۔ اِس کے علاوہ اُنہیں جِزر اور اُس کی چراگاہیں، 68 یُقمعام اور اُس کی چراگاہیں، بیتحورون اور اُس کی چراگاہیں، 69 ایالون اور اُس کی چراگاہیں اور جاترِمّون اور اُس کی چراگاہیں دی گئیں۔ 70 قہاتیوں کے باقی گھرانوں کو منسّی کے آدھے قبیلے سے عانیر اور اُس کی چراگاہیں اور بِلعام اور اُس کی چراگاہیں دی گئیں۔
71 جیرسومیوں کو منسّی کے آدھے قبیلے کے گھرانے سے بسن میں جولان اور اُس کی چراگاہیں اور عشتاروت اور اُس کی چراگاہیں دی گئیں؛ 72 اِشّکار کے قبیلے سے قادِس اور اُس کی چراگاہیں، دبرت اور اُس کی چراگاہیں، 73 رامات اور اُس کی چراگاہیں اور عانیم اور اُس کی چراگاہیں دی گئیں؛ 74 آشر کے قبیلے سے مسل اور اُس کی چراگاہیں، عبدون اور اُس کی چراگاہیں، 75 حقوق اور اُس کی چراگاہیں اور رِحوب اور اُس کی چراگاہیں دی گئیں 76 اور نفتالی کے قبیلے سے گلیل میں قادِس اور اُس کی چراگاہیں، حمون اور اُس کی چراگاہیں اور قِریتائم اور اُس کی چراگاہیں دی گئیں۔
77 باقی مِراریوں کو زِبُولون کے قبیلے سے رِمّونو اور اُس کی چراگاہیں اور تبور اور اُس کی چراگاہیں دی گئیں؛ 78 رُوبِن کے قبیلے سے اُردن* کے علاقے میں یریحو کے پاس یعنی اُردن کے مشرق میں ویرانے میں بصر اور اُس کی چراگاہیں، یہض اور اُس کی چراگاہیں، 79 قدیمات اور اُس کی چراگاہیں اور مِفَعت اور اُس کی چراگاہیں دی گئیں 80 اور جد کے قبیلے سے جِلعاد میں رامات اور اُس کی چراگاہیں، محنایم اور اُس کی چراگاہیں، 81 حِسبون اور اُس کی چراگاہیں اور یعزیر اور اُس کی چراگاہیں دی گئیں۔