ایوب
40 یہوواہ نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے ایوب سے کہا:
2 ”کیا کسی کو لامحدود قدرت کے مالک پر نکتہچینی کر کے اُس سے بحث کرنی چاہیے؟
اگر کوئی خدا کی اِصلاح کرنا چاہتا ہے تو جواب دے۔“
3 تب ایوب نے یہوواہ سے کہا:
4 ”دیکھ، مَیں بالکل ناچیز ہوں؛
مَیں تجھے کیا جواب دے سکتا ہوں؟
مَیں اپنا ہاتھ اپنے مُنہ پر رکھتا ہوں۔
5 مَیں ایک بار بلکہ دو بار بولا ہوں
مگر اب مَیں کچھ نہیں کہوں گا؛
اپنے مُنہ سے ایک لفظ بھی نہیں نکالوں گا۔“
6 پھر یہوواہ نے طوفان میں سے ایوب کو جواب دیا:
7 ”مہربانی سے مرد کی طرح اپنی کمر کَس لو؛
مَیں تُم سے سوال کروں گا اور تُم مجھے جواب دو۔
8 کیا تُم میرے اِنصاف پر اُنگلی اُٹھاؤ گے؟*
کیا تُم مجھے قصوروار ٹھہراؤ گے تاکہ خود کو صحیح ثابت کر سکو؟
9 کیا تمہارا بازو سچے خدا کے بازو جتنا مضبوط ہے؟
کیا تمہاری آواز میں اُس کی آواز جیسی گرج ہے؟
10 ذرا اپنے آپ کو طاقت اور شانوشوکت سے سجاؤ؛
عزت اور عظمت کا لباس پہنو۔
11 اپنا قہر اُگل دو؛
تمام مغروروں کو دیکھو اور اُن کا سر نیچا کرو؛
12 تمام مغروروں کو دیکھو اور اُنہیں پست کرو؛
بُرے لوگوں کو دیکھتے ہی کچل دو۔
13 اُن سب کو خاک میں چھپا دو؛
اُنہیں* پوشیدہ جگہ میں باندھ دو۔
14 اگر تُم یہ سب کر سکو تو مَیں بھی مان لوں گا*
کہ تمہارا دایاں ہاتھ تمہیں بچا سکتا ہے۔
15 بہیموتھ* کو دیکھو! جیسے مَیں نے تمہیں بنایا ہے، اُسے بھی بنایا ہے؛
وہ بیل کی طرح گھاس کھاتا ہے۔
16 دیکھو! اُس کے کُولھوں میں کتنی طاقت ہے
اور اُس کے پیٹ کے پٹھے کتنے مضبوط ہیں!
17 وہ اپنی دُم کو دیودار کی طرح اکڑا لیتا ہے؛
اُس کی رانوں کی نسیں ایک دوسرے کے ساتھ گُندھی ہوئی ہیں۔
18 اُس کی ہڈیاں تانبے کی نلکیاں ہیں؛
اُس کی ٹانگیں لوہے کے سریے ہیں۔
19 خدا نے اِس قسم کے جانوروں میں سب سے پہلے اُسے بنایا؛*
صرف اُس کا خالق ہی اُسے اپنی تلوار سے مار سکتا ہے۔
20 پہاڑوں پر اُس کے لیے خوراک پیدا ہوتی ہے
جہاں سب جنگلی جانور کھیلتے ہیں۔
21 وہ جھاڑیوں کے سائے میں لیٹتا ہے؛
وہ دَلدل کے سرکنڈوں کی پناہ میں آرام کرتا ہے۔
22 جھاڑیاں اُس پر سایہ کرتی ہیں
اور وادی کے پاپولر کے درخت اُسے گھیرے رہتے ہیں۔
23 چاہے دریا بپھر جائے، وہ گھبراتا نہیں؛
چاہے اُردن* کا پانی اُس کے مُنہ تک چڑھ آئے، وہ بےفکر رہتا ہے۔
24 جب وہ چوکنا ہوتا ہے تو کیا کوئی اُسے پکڑ سکتا ہے
یا اُس کی ناک میں نکیل* ڈال سکتا ہے؟