زبور
موسیقار کے لیے۔ داؤد کا نغمہ۔
20 یہوواہ مصیبت کے دن تمہاری دُعا کا جواب دے؛
یعقوب کے خدا کا نام تمہاری حفاظت کرے؛
2 وہ مُقدس جگہ سے تمہارے لیے مدد بھیجے
اور صِیّون سے تمہیں سنبھالے۔
3 وہ تمہارے سب نذرانوں کو یاد رکھے
اور تمہاری بھسم ہونے والی قربانی کو خوشی سے قبول فرمائے۔* (سِلاہ)
4 وہ تمہارے دل کی مُرادیں پوری کرے
اور تمہارے سب منصوبے* کامیاب کرے۔
5 ہم تیرے نجاتبخش کاموں کی وجہ سے خوشی سے للکاریں گے؛
ہم اپنے خدا کے نام کے جھنڈے لہرائیں گے۔
یہوواہ تمہاری ساری درخواستیں پوری کرے۔
6 اب مَیں جان گیا ہوں کہ یہوواہ اپنے مسحشُدہ* بندے کو بچاتا ہے۔
وہ اُسے اپنے مُقدس آسمان سے جواب دیتا ہے
اور اپنے دائیں ہاتھ سے اُسے زبردست طریقے سے نجات* دِلاتا ہے۔
7 کچھ لوگ رتھوں پر بھروسا کرتے ہیں اور کچھ گھوڑوں پر
لیکن ہم مدد کے لیے اپنے خدا یہوواہ کا نام پکارتے ہیں۔
8 وہ لڑکھڑا کر گِر گئے ہیں
لیکن ہم اُٹھ کر دوبارہ کھڑے ہو گئے ہیں۔
9 اَے یہوواہ! بادشاہ کو بچا!
جب ہم مدد کے لیے پکاریں گے تو خدا ہمیں جواب دے گا۔