زبور
موسیقار کے لیے۔ اِس نغمے کو گِتّیت* کے مطابق گایا جائے۔قورح کے بیٹوں کا نغمہ۔
84 اَے فوجوں کے خدا یہوواہ!
تیرا عالیشان مُقدس خیمہ کتنا خوبصورت ہے!*
2 میرا روم روم* یہوواہ کے گھر کے صحنوں میں جانے کے لیے ترس رہا ہے؛
یہ طلب اِتنی شدید ہے کہ مَیں نڈھال ہو گیا ہوں؛
میرا دل اور میرا جسم زندہ خدا کے حضور خوشی سے للکارتا ہے۔
3 اَے فوجوں کے خدا یہوواہ! میرے بادشاہ اور میرے خدا!
پرندے تک تیری عالیشان قربانگاہ کے پاس اپنا گھر بناتے ہیں؛
ابابیل وہاں اپنا گھونسلا بناتی ہے اور اپنے بچوں کی دیکھبھال کرتی ہے۔
4 وہ لوگ خوش رہتے ہیں جو تیرے گھر میں بستے ہیں!
وہ تیری بڑائی کرتے رہتے ہیں۔ (سِلاہ)
5 وہ لوگ خوش رہتے ہیں جو تجھ سے طاقت پاتے ہیں؛
جن کا دھیان* تیرے گھر کی طرف جانے والی شاہراہوں پر رہتا ہے۔
6 جب وہ وادیِبکا* سے گزرتے ہیں
تو وہ اُسے چشموں کا علاقہ سمجھتے ہیں*
اور پہلی بارش اُس پر برکتوں کی بوچھاڑ کرتی ہے۔*
7 وہ چلتے جاتے ہیں اور اُن کی طاقت بڑھتی جاتی ہے؛
ہر کوئی صِیّون میں خدا کے سامنے حاضر ہوتا ہے۔
8 اَے فوجوں کے خدا یہوواہ! میری دُعا سُن؛
اَے یعقوب کے خدا! میری سُن۔ (سِلاہ)
10 کیونکہ تیرے گھر کے صحنوں میں ایک دن گزارنا کسی اَور جگہ ہزار دن گزارنے سے بہتر ہے!
مجھے بُرے لوگوں کے خیموں میں رہنے کی بجائے
اپنے خدا کے گھر کی دہلیز پر کھڑے رہنا پسند ہے
11 کیونکہ یہوواہ خدا ہمارا سورج اور ہماری ڈھال ہے؛
وہ ہم پر مہربانی کرتا ہے اور ہمیں عزت بخشتا ہے۔
یہوواہ اُن لوگوں کو کسی بھی اچھی چیز سے محروم نہیں رکھے گا
جو وفاداری کی راہ پر چلتے ہیں۔
12 اَے فوجوں کے خدا یہوواہ!
وہ شخص خوش رہتا ہے جو تجھ پر بھروسا رکھتا ہے۔