خروج
11 پھر یہوواہ نے موسیٰ سے کہا: ”مَیں فِرعون اور مصر پر ایک اَور آفت بھیجنے والا ہوں۔ اِس کے بعد وہ تمہیں یہاں سے جانے دے گا بلکہ وہ تمہیں یہاں سے بھگائے گا۔ 2 اب جا کر لوگوں سے کہو کہ سب مرد اور عورتیں اپنے پڑوسیوں سے سونے اور چاندی کی چیزیں مانگیں۔“ 3 یہوواہ نے مصریوں کے دل میں اِسرائیلیوں کے لیے مہربانی پیدا کی۔ اِس کے علاوہ مصر میں فِرعون کے خادم اور دوسرے لوگ موسیٰ کی بہت عزت کرنے لگے تھے۔
4 موسیٰ نے فِرعون سے کہا: ”یہوواہ نے فرمایا ہے: ”آدھی رات کو مَیں مصر میں سے گزروں گا 5 اور اِس ملک میں ہر پہلوٹھا مارا جائے گا یعنی تخت پر بیٹھے فِرعون کے پہلوٹھے سے لے کر چکّی* پیسنے والی غلام عورت کے پہلوٹھے تک اور مویشیوں کے پہلوٹھے بھی۔ 6 پورے مصر میں اِتنا زیادہ رونا پیٹنا ہوگا جتنا نہ تو پہلے کبھی ہوا ہے اور نہ آئندہ کبھی ہوگا۔ 7 لیکن اِسرائیلیوں پر، ہاں، اِسرائیلی لوگوں اور اُن کے مویشیوں پر ایک کُتا بھی نہیں بھونکے گا تاکہ تُم جان جاؤ کہ یہ یہوواہ کے ہاتھ میں ہے کہ جو مصریوں کے ساتھ ہو، وہ اِسرائیلیوں کے ساتھ نہ ہو۔“ 8 اِس کے بعد آپ کے سب خادم میرے پاس آئیں گے اور میرے سامنے زمین پر مُنہ کے بل لیٹ جائیں گے اور کہیں گے: ”آپ اور آپ کے سب لوگ یہاں سے چلے جائیں۔“ تب مَیں اِس ملک سے چلا جاؤں گا۔“ یہ کہہ کر موسیٰ طیش میں فِرعون کے پاس سے چلے گئے۔
9 پھر یہوواہ نے موسیٰ سے کہا: ”فِرعون تمہاری بات نہیں سنے گا کیونکہ مجھے مصر میں ابھی اَور بھی معجزے دِکھانے ہیں۔“ 10 موسیٰ اور ہارون نے فِرعون کے سامنے یہ سارے معجزے کیے۔ لیکن یہوواہ نے فِرعون کو* ڈھیٹھ بننے دیا اور اُس نے بنیاِسرائیل کو اپنے ملک سے نہیں جانے دیا۔