یسعیاہ
3 دیکھو! سچا مالک یعنی فوجوں کا خدا یہوواہ
یروشلم اور یہوداہ سے ہر قسم کا سہارا اور چیزیں دُور کر رہا ہے
یعنی روٹی اور پانی؛
2 طاقتور آدمی اور جنگجو؛
قاضی اور نبی، غیبدان اور بزرگ؛
3 50 آدمیوں کے سربراہ، مُعزز آدمی اور مُشیر؛
ماہر جادوگر اور ماہر سپیرے۔*
4 مَیں لڑکوں کو اُن کے حاکم بناؤں گا
اور ڈانوانڈول لوگ اُن پر حکمرانی کریں گے۔
5 لوگ ایک دوسرے پر،
ہاں، ہر کوئی اپنے ساتھی پر ظلم ڈھائے گا۔
لڑکے بوڑھے آدمیوں کے ساتھ بدسلوکی کریں گے
اور معمولی لوگ عزتداروں سے گستاخی کریں گے۔
6 ہر کوئی اپنے والد کے گھرانے میں اپنے بھائی کو پکڑ کر کہے گا:
”تمہارے پاس چوغہ ہے، تُم ہمارے حاکم بن جاؤ
اور کھنڈروں کے اِس ڈھیر کی ذمےداری سنبھالو۔“
7 لیکن وہ اُس دن اِنکار کرتے ہوئے کہے گا:
”مَیں تمہارے زخموں کی مرہمپٹی کرنے والا* نہیں بنوں گا؛
میرے گھر میں نہ تو کھانا ہے اور نہ ہی کپڑے۔
مجھے لوگوں کا حاکم نہ بناؤ۔“
8 یروشلم نے ٹھوکر کھائی ہے
اور یہوداہ گِر گیا ہے
کیونکہ وہ اپنی باتوں اور کاموں سے یہوواہ کی مخالفت کرتے ہیں؛
وہ اُس کی عالیشان موجودگی میں* گستاخی سے کام لیتے ہیں۔
9 اُن کے چہرے کے تاثرات اُن کے خلاف گواہی دیتے ہیں؛
وہ سدوم کی طرح اپنے گُناہ کا اِعلان کرتے ہیں؛
وہ اُسے چھپانے کی کوشش نہیں کرتے۔
اُن پر* افسوس کیونکہ وہ خود پر تباہی لا رہے ہیں!
10 نیک لوگوں کو بتاؤ کہ اُن کے ساتھ اچھا ہوگا؛
اُنہیں اُن کے کاموں کا اجر ملے گا۔*
11 بُرے شخص پر افسوس!
اُس پر تباہی آئے گی
کیونکہ اُس نے اپنے ہاتھوں سے جو کچھ کِیا ہے،
اُس کے ساتھ بھی وہی کِیا جائے گا۔
12 جہاں تک میرے لوگوں کی بات ہے،
اُن سے کام کروانے والے اُن کے ساتھ سختی سے پیش آتے ہیں
اور عورتیں اُن پر حکمرانی کرتی ہیں۔
میرے لوگو! تمہارے حاکم تمہیں گمراہ کر رہے ہیں
اور تمہیں اُلجھا کر تمہارے راستے سے بھٹکا رہے ہیں۔
13 یہوواہ مُقدمہ لڑنے کے لیے تیار ہو رہا ہے؛
وہ قوموں کو سزا سنانے کے لیے کھڑا ہو رہا ہے۔
14 یہوواہ اپنی قوم کے حاکموں اور بزرگوں کی عدالت کرے گا۔
وہ کہتا ہے: ”تُم نے انگور کا باغ جلا دیا ہے
اور تُم نے غریبوں سے جو کچھ لُوٹا ہے، وہ تمہارے گھروں میں ہے۔
15 حاکمِاعلیٰ یعنی فوجوں کا خدا یہوواہ فرماتا ہے:
”تمہاری جُرأت کیسے ہوئی کہ تُم میرے بندوں کو کچلو
اور غریبوں کے چہروں کو کیچڑ میں روندو؟“
16 یہوواہ فرماتا ہے: ”صِیّون کی بیٹیاں گھمنڈی ہیں؛
وہ گردن اکڑا کر چلتی ہیں، آنکھیں مٹکاتی ہیں
اور اپنی پائل چھنکاتی ہوئی مٹک مٹک کر چلتی ہیں۔
17 اِس لیے یہوواہ صِیّون کی بیٹیوں کے سر کُھرنڈوں* سے بھر دے گا
اور یہوواہ اُن کے ماتھے ننگے کر دے گا۔
18 اُس دن یہوواہ اُن کے بناؤسنگھار کی یہ سب چیزیں لے لے گا:
کڑے، ماتھاپٹی اور نئے چاند کی شکل کے زیور؛
19 جھمکے،* کنگن اور نقاب؛
20 دوپٹے، پائل اور سینہبند؛
21 انگوٹھیاں اور نتھ؛
22 نفیس چوغے، کُرتے، چادریں اور بٹوے؛
23 ہاتھ والے شیشے اور لینن کے کپڑے*
اور پگڑیاں اور بُرقعے۔
24 بلسان کے تیل کی جگہ بدبُو ہوگی؛
کمربند کی جگہ رسی ہوگی؛
خوبصورتی سے بنے بالوں کی جگہ گنجاپن ہوگا؛
نفیس لباس کی جگہ ٹاٹ کا لباس ہوگا
اور خوبصورتی کی جگہ داغ ہوگا۔
25 تیرے آدمی تلوار سے گِر جائیں گے
اور تیرے زورآور آدمی جنگ میں مارے جائیں گے۔
26 شہر کے داخلی دروازے ماتم کریں گے اور روئیں گے
اور وہ لُٹ کر زمین پر بیٹھ جائے گا۔“