مُکاشفہ
1 یسوع مسیح کی طرف سے ایک مکاشفہ* جو خدا نے اُن کو دیا تاکہ اپنے غلاموں کو وہ باتیں دِکھائے جو جلد ہونے والی ہیں۔ اور اُنہوں نے اپنا فرشتہ بھیجا جس نے یہ باتیں اُن کے غلام یوحنا پر نشانیوں کے ذریعے ظاہر کیں۔ 2 اور یوحنا نے خدا کی باتوں کے بارے میں گواہی دی اور اُس گواہی کے بارے میں بھی جو یسوع مسیح نے دی تھی، ہاں، اُس نے اُن سب باتوں کے بارے میں گواہی دی جو اُس نے دیکھی تھیں۔ 3 وہ شخص خوش رہتا ہے جو اِس کتاب میں لکھے پیغام کو اُونچی آواز میں پڑھتا ہے اور وہ لوگ خوش رہتے ہیں جو اِس میں بتائی گئی باتوں کو سنتے ہیں اور اِن پر عمل کرتے ہیں کیونکہ مقررہ وقت نزدیک ہے۔
4 یوحنا کی طرف سے اُن سات کلیسیاؤں* کے نام پیغام جو صوبہ آسیہ میں ہیں:
آپ کو اُس کی طرف سے عظیم رحمت اور اِطمینان حاصل ہو ”جو ہے اور تھا اور آ رہا ہے“ اور اُن سات روحوں کی طرف سے جو اُس کے تخت کے سامنے ہیں 5 اور یسوع مسیح کی طرف سے جو ”وفادار گواہ“ اور ”مُردوں میں سے پہلوٹھے“ اور ”زمین کے بادشاہوں کے حاکم“ ہیں۔
یسوع جو ہم سے محبت کرتے ہیں اور جنہوں نے ہمیں اپنے خون کے ذریعے گُناہوں سے آزاد کرایا 6 اور جنہوں نے ہمیں بادشاہ بنایا اور اپنے خدا اور باپ کے لیے کاہن بھی بنایا، ہاں، اُن ہی کی بڑائی ہو اور اُن کا اِختیار ہمیشہ تک رہے۔ آمین۔
7 دیکھیں! وہ بادلوں میں آ رہے ہیں اور سب آنکھیں اُن کو دیکھیں گی اور جنہوں نے اُن کو چھیدا تھا، وہ بھی اُن کو دیکھیں گے۔ اور زمین کے تمام قبیلے اُن کی وجہ سے غم کے مارے چھاتی پیٹیں گے۔ آمین۔
8 یہوواہ* خدا کہتا ہے: ”مَیں الفا اور اومیگا ہوں،* وہ جو ہے اور تھا اور آ رہا ہے اور وہ جو لامحدود قدرت کا مالک ہے۔“
9 مَیں یوحنا، آپ لوگوں کی طرح یسوع مسیح کا ساتھی ہوں۔ اِس لیے مَیں آپ کا بھائی ہوں اور مصیبت، بادشاہت اور ثابتقدمی میں آپ کا شریک بھی ہوں۔ مَیں خدا اور یسوع کے بارے میں گواہی دینے کی وجہ سے اُس جزیرے پر تھا جسے پتمُس کہتے ہیں۔ 10 اور مَیں پاک روح کے اثر سے مالک کے دن میں پہنچ گیا اور مَیں نے اپنے پیچھے نرسنگے* جیسی زوردار آواز سنی 11 جو کہہ رہی تھی کہ ”جو باتیں آپ دیکھ رہے ہیں، اِن کو ایک کتاب* میں لکھ لیں اور اُن سات کلیسیاؤں کو بھیجیں جو اِفسس، سمِرنہ، پرگمن، تھواتیرہ، سردیس، فِلدلفیہ اور لودیکیہ میں ہیں۔“
12 مَیں یہ دیکھنے کے لیے مُڑا کہ مجھ سے کون بات کر رہا ہے۔ اور جب مَیں مُڑا تو مَیں نے سونے کے سات شمعدان دیکھے 13 اور اِن سات شمعدانوں کے بیچ میں ایک شخص تھا جو اِنسان کے ایک بیٹے کی طرح تھا۔ اُس نے ایک کُرتا پہنا ہوا تھا جس کی لمبائی پاؤں تک تھی اور اُس نے سینے کے گِرد سنہری پیٹی باندھی ہوئی تھی۔ 14 اُس کا سر اور اُس کے بال اُون اور برف کی طرح سفید تھے اور اُس کی آنکھیں بھڑکتے ہوئے شعلوں کی طرح تھیں۔ 15 اُس کے پاؤں بھٹی میں تمتماتے ہوئے خالص تانبے کی طرح تھے اور اُس کی آواز بہت سے پانیوں کی آواز کی طرح تھی۔ 16 اُس کے دائیں ہاتھ میں سات ستارے تھے اور اُس کے مُنہ سے ایک لمبی، تیز، دو دھاری تلوار نکلی ہوئی تھی اور اُس کا چہرہ پوری شدت سے چمکنے والے سورج کی طرح تھا۔ 17 جب مَیں نے اُسے دیکھا تو مَیں مُردہ سا ہو کر اُس کے پیروں میں گِر پڑا۔
تب اُس نے اپنا دایاں ہاتھ مجھ پر رکھا اور کہا: ”گھبرائیں مت۔ مَیں پہلا ہوں اور آخری بھی 18 اور مَیں وہ ہوں جو زندہ ہے اور مَیں مر گیا تھا مگر دیکھیں! مَیں ہمیشہ ہمیشہ تک زندہ ہوں اور میرے پاس موت اور قبر* کی چابیاں ہیں۔ 19 اِس لیے اُن باتوں کو لکھ لیں جو آپ نے دیکھی ہیں اور جو ابھی ہو رہی ہیں اور جو اِن کے بعد ہونے والی ہیں۔ 20 سات ستارے جو آپ نے میرے دائیں ہاتھ میں دیکھے اور سونے کے سات شمعدان، وہ ایک مُقدس راز ہیں جس کا مطلب یہ ہے: سات ستارے سات کلیسیاؤں کے فرشتے ہیں اور سات شمعدان سات کلیسیائیں ہیں۔