زبور
97 یہوواہ بادشاہ بن گیا ہے!
زمین خوشی منائے۔
سارے جزیرے باغ باغ ہوں۔
2 خدا بادلوں اور گہری تاریکی سے گِھرا ہوا ہے؛
نیکی اور اِنصاف اُس کے تخت کی بنیاد ہیں۔
3 آگ اُس کے آگے آگے چلتی ہے
اور چاروں طرف اُس کے مخالفوں کو بھسم کرتی جاتی ہے۔
4 اُس کی بجلی کی چمک سے زمین روشن ہو جاتی ہے
اور اِسے دیکھ کر زمین کانپنے لگتی ہے۔
5 یہوواہ کے سامنے، ہاں، پوری زمین کے مالک کے سامنے
پہاڑ موم کی طرح پگھل جاتے ہیں۔
6 آسمان اُس کی نیکی کا اِعلان کرتا ہے
اور سب لوگ اُس کی شان دیکھتے ہیں۔
7 وہ سب جو کسی تراشی ہوئی مورت کو پوجتے ہیں
اور اپنے فضول خداؤں پر شیخی مارتے ہیں، شرمندہ ہوں۔
سب خداؤ! اُس کے سامنے جھکو۔*
8 اَے یہوواہ! تیرے فیصلوں کے بارے میں سُن کر صِیّون خوشیاں مناتا ہے؛
یہوداہ کے قصبے* باغ باغ ہوتے ہیں
9 کیونکہ اَے یہوواہ! تُو پوری زمین کے اُوپر سب سے بلند ہے؛
تیرا مرتبہ باقی سب خداؤں سے کہیں زیادہ اُونچا ہے۔
10 یہوواہ سے محبت کرنے والو! بُرائی سے نفرت کرو۔
وہ اپنے وفادار بندوں کی جانوں کی حفاظت کرتا ہے؛
وہ اُنہیں بُرے لوگوں کے ہاتھ سے چھڑاتا ہے۔
11 نیک لوگوں کے لیے روشنی چمکی ہے؛
نیکدل لوگوں کے لیے خوشیوں کی بہار آئی ہے۔
12 نیک لوگو! یہوواہ کی وجہ سے خوش ہو
اور اُس کے پاک نام* کی تعظیم کرو۔