2-تھسلُنیکیوں
1 پولُس، سِلوانُس* اور تیمُتھیُس کی طرف سے تھسلُنیکے کی کلیسیا* کے نام جو ہمارے باپ خدا اور ہمارے مالک یسوع مسیح کے ساتھ متحد ہے:
2 ہمارا باپ خدا اور ہمارے مالک یسوع مسیح آپ کو عظیم رحمت اور سلامتی عطا کریں۔
3 بھائیو، ہمارا فرض ہے کہ ہمیشہ آپ کے لیے خدا کا شکر کریں۔ اور یہ مناسب بھی ہے کیونکہ آپ کے ایمان میں اِضافہ ہوتا جا رہا ہے اور آپ کے دل میں ایک دوسرے کے لیے محبت بڑھتی جا رہی ہے۔ 4 لہٰذا ہم خدا کی کلیسیاؤں میں فخر سے آپ کے بارے میں بات کرتے ہیں کیونکہ آپ اذیتوں اور مصیبتوں کا سامنا کرنے کے باوجود ثابتقدم رہے ہیں اور ایمان ظاہر کر رہے ہیں۔ 5 یہ اِس بات کا ثبوت ہے کہ خدا راست فیصلے کرتا ہے اور اِسی لیے اُس نے آپ کو اپنی بادشاہت میں داخل ہونے کے لیے بلایا ہے جس کے لیے آپ اذیت اُٹھا رہے ہیں۔
6 دراصل خدا کی نظر میں مناسب ہے کہ اُن لوگوں پر مصیبت لائے جو آپ پر مصیبت لاتے ہیں۔ 7 لیکن آپ لوگوں کو جو مصیبتوں کا سامنا کر رہے ہیں، اُس وقت ہمارے ساتھ آرام ملے گا جب مالک یسوع آسمان سے اپنے طاقتور فرشتوں کے ساتھ بھڑکتی ہوئی آگ میں ظاہر ہوں گے 8 اور اُن لوگوں سے بدلہ لیں گے جو خدا کو نہیں جانتے اور اُن لوگوں سے بھی جو مالک یسوع کے بارے میں خوشخبری کو قبول نہیں کرتے۔ 9 ہاں، مالک اُن لوگوں کو ہمیشہ کی ہلاکت کی سزا سنائیں گے اور اُنہیں اپنے سامنے سے دُور کر دیں گے اور اپنی عظیم قدرت سے محروم کر دیں گے۔ 10 یہ اُس وقت ہوگا جب ہمارے مالک اپنے مُقدسوں کے ساتھ آئیں گے تاکہ اُن پر ایمان رکھنے والے لوگ حیران ہوں اور اُن کی بڑائی کریں۔ آپ بھی اُن لوگوں میں شامل ہوں گے کیونکہ آپ اُس گواہی پر ایمان رکھتے ہیں جو ہم نے آپ کو دی ہے۔
11 اِس لیے ہم ہمیشہ دُعا کرتے ہیں کہ ہمارا خدا آپ کو اُس زندگی کے لائق ٹھہرائے جس کے لیے اُس نے آپ کو بلایا ہے اور اپنی طاقت سے وہ سب اچھے کام کرے جو اُس کو پسند ہیں اور اُن کاموں کو کامیاب بنائے جو آپ ایمان کی بِنا پر کرتے ہیں۔ 12 اِس طرح آپ کے ذریعے ہمارے مالک یسوع کے نام کی بڑائی ہوگی اور اُن کے ساتھ ساتھ آپ کی بھی بڑائی ہوگی۔ یہ سب ہمارے خدا اور ہمارے مالک یسوع مسیح کی عظیم رحمت کے مطابق ہوگا۔