2-تھسلُنیکیوں
3 بھائیو، دُعا کرتے رہیں کہ ہمارے ذریعے یہوواہ* کا کلام تیزی سے پھیلتا رہے اور لوگ اِس کی بڑائی کریں، بالکل ویسے ہی جیسے آپ کرتے ہیں۔ 2 یہ دُعا بھی کریں کہ خدا ہمیں بُرے اور غلط لوگوں سے بچائے کیونکہ سب لوگ ایمان نہیں رکھتے۔ 3 لیکن ہمارے مالک وعدے کے پکے* ہیں۔ وہ آپ کو طاقت دیں گے اور شیطان* سے محفوظ رکھیں گے۔ 4 مالک کے پیروکار ہونے کے ناتے ہمیں پورا بھروسا ہے کہ آپ ہماری ہدایتوں پر عمل کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ 5 دُعا ہے کہ ہمارے مالک آپ کے دلوں کی رہنمائی کرتے رہیں تاکہ آپ خدا سے محبت رکھیں اور مسیح کی خاطر ثابتقدم رہیں۔
6 بھائیو، اب ہم آپ کو اپنے مالک یسوع مسیح کے نام سے یہ ہدایت دے رہے ہیں کہ ایسے بہن بھائیوں کے ساتھ کوئی میل جول نہ رکھیں جو اپنی منمانی کر رہے ہیں اور اُن ہدایتوں* پر عمل نہیں کر رہے جو ہم نے آپ* کو دی ہیں۔ 7 آپ تو جانتے ہی ہیں کہ ہم نے آپ کے لیے کس طرح کی مثال قائم کی ہے۔ جب ہم آپ کے ساتھ تھے تو ہم نے نہ تو اپنی منمانی کی 8 اور نہ ہی کسی کے گھر سے مُفت کی روٹی کھائی بلکہ ہم نے دن رات محنت اور مشقت کی تاکہ آپ میں سے کسی پر مالی بوجھ نہ ڈالیں۔ 9 اِس کی وجہ یہ نہیں تھی کہ ہمیں آپ سے کچھ لینے کا حق نہیں تھا بلکہ اِس کی وجہ یہ تھی کہ ہم آپ کے لیے مثال قائم کرنا چاہتے تھے۔ 10 یاد ہے کہ جب ہم وہاں تھے تو ہم آپ سے کہا کرتے تھے کہ ”جو شخص کام نہیں کرنا چاہتا، وہ کھانا بھی نہ کھائے۔“ 11 لیکن ہم نے سنا ہے کہ آپ میں سے کچھ لوگ اپنی منمانی کر رہے ہیں۔ وہ کام کرنے کی بجائے ایسے معاملوں میں دخل دیتے ہیں جن سے اُن کا کوئی تعلق نہیں۔ 12 ایسے لوگوں کو ہم مالک یسوع مسیح کے نام سے حکم دیتے اور نصیحت کرتے ہیں کہ اپنے کام سے کام رکھیں اور اپنی کمائی سے روٹی کھائیں۔
13 بھائیو، جہاں تک آپ کا تعلق ہے، اچھے کام کرتے رہیں۔ 14 اگر کوئی شخص اِس خط میں لکھی باتوں پر عمل نہ کرے تو اُس سے خبردار رہیں* اور اُس سے میل جول رکھنا بند کر دیں تاکہ وہ شرمندہ ہو۔ 15 لیکن اُسے دُشمن نہ سمجھیں بلکہ بھائی ہونے کے ناتے نصیحت کرتے رہیں۔
16 دُعا ہے کہ اِطمینان* کا مالک آپ کو ہر معاملے میں اِطمینان عطا کرتا رہے اور آپ سب کے ساتھ رہے۔
17 مَیں پولُس، اپنے ہاتھ سے آپ کو سلام لکھ رہا ہوں۔ یہ میرے خطوں کی نشانی ہے اور مَیں اِسی طرح لکھتا ہوں۔
18 ہمارے مالک یسوع مسیح کی عظیم رحمت آپ سب کے ساتھ رہے۔