یسعیاہ
9 لیکن یہ تاریکی ویسی نہیں ہوگی جیسی اُس زمانے میں تھی جب ملک میں پریشانی تھی، ہاں، اُس پُرانے زمانے جیسی جب زِبُولون کے علاقے اور نفتالی کے علاقے سے حقارت بھرا سلوک کِیا جاتا تھا۔لیکن بعد میں خدا اِسے عزت بخشے گا جو سمندر کی طرف جانے والا راستہ، اُردن کا علاقہ اور غیرقوموں کا گلیل ہے۔
2 جو لوگ اندھیرے میں چل رہے تھے،
اُنہوں نے بڑی روشنی دیکھی ہے۔
جو لوگ گہرے سائے کے ملک میں رہ رہے تھے،
اُن پر روشنی چمکی ہے۔
3 تُو نے اِس قوم کی آبادی بڑھائی ہے؛
تُو نے اِن لوگوں کی خوشی میں بہت اِضافہ کِیا ہے۔
وہ تیرے حضور خوشی مناتے ہیں،
بالکل ویسے ہی جیسے لوگ کٹائی کے موسم میں خوش ہوتے ہیں،
جیسے لوگ لُوٹ کا مال بانٹتے ہوئے خوشی مناتے ہیں
4 کیونکہ تُو نے اُن کے بھاری جُوئے کو، اُن کے کندھوں پر رکھے ڈنڈے کو
اور اُن سے کام کرانے والے کی چھڑی کو ٹکڑے ٹکڑے کر دیا ہے
جیسے تُو نے مِدیان کی شکست کے دن کِیا تھا۔
5 اپنی دھمک سے زمین کو لرزا دینے والا ہر جُوتا
اور خون سے لتپت ہر کپڑا
آگ کے لیے ایندھن بن جائے گا
6 کیونکہ ہمارے لیے ایک بچہ پیدا ہوا ہے؛
ہمیں ایک لڑکا دیا گیا ہے۔
حکمرانی اُس کے کندھے پر ہوگی۔
اُس کا نام شاندار مُشیر، طاقتور خدا، ابدی باپ اور امن کا شہزادہ ہوگا۔
7 اُس کی حکمرانی کے پھیلاؤ
اور امن کی کوئی حد نہیں ہوگی۔
وہ داؤد کے تخت پر بیٹھے گا اور اُس کی بادشاہت سنبھالے گا
تاکہ اِسے اِنصاف اور نیکی کے ذریعے
اب سے ہمیشہ تک
مضبوطی سے قائم کرے اور برقرار رکھے۔
فوجوں کا خدا یہوواہ اپنی غیرت کی وجہ سے ایسا کرے گا۔
8 یہوواہ نے یعقوب کے خلاف پیغام بھیجا ہے؛
یہ پیغام اِسرائیل کے خلاف آیا ہے۔
9 سب لوگ یہ جانیں گے
یعنی اِفرائیم اور سامریہ کے باشندے
جو غرور اور ڈھیٹھ دل کے ساتھ کہتے ہیں:
10 ”اینٹوں کا گھر گِر گیا ہے
لیکن ہم تراشے ہوئے پتھروں سے اِسے دوبارہ بنائیں گے۔
گُولر* کے درختوں کو کاٹ دیا گیا ہے
لیکن ہم اِن کی جگہ دیودار کے درخت لگائیں گے۔“
11 یہوواہ رِضین کے مخالفوں کو اُس کے خلاف کھڑا کرے گا
اور اُس کے دُشمنوں کو حملہ کرنے کے لیے اُبھارے گا
12 یعنی مشرق سے سُوریہ کو اور مغرب سے* فِلسطینیوں کو۔
وہ مُنہ پھاڑ کر اِسرائیل کو ہڑپ جائیں گے۔
اِس سب کی وجہ سے اُس کا غصہ ٹھنڈا نہیں ہوا ہے
بلکہ اُس کا ہاتھ سزا دینے کے لیے ابھی بھی بڑھا ہوا ہے
13 کیونکہ لوگ اُس ہستی کے پاس نہیں لوٹے جو اُنہیں سزا دیتی ہے؛
اُنہوں نے فوجوں کے خدا یہوواہ کی رہنمائی حاصل کرنے کی کوشش نہیں کی۔
14 یہوواہ ایک ہی دن میں اِسرائیل سے
سر اور دُم اور شاخ اور لمبی گھاس* کاٹ دے گا۔
15 بزرگ اور اِنتہائی مُعزز شخص سر ہے
اور جھوٹی تعلیم دینے والا نبی دُم ہے۔
16 اِس قوم کی پیشوائی کرنے والے اِسے گمراہ کر رہے ہیں
اور جن کی پیشوائی کی جا رہی ہے، وہ اُلجھن میں ہیں۔
17 اِس لیے یہوواہ اُن کے جوان آدمیوں سے خوش نہیں ہوگا
اور اُن کے یتیموں اور اُن کی بیواؤں پر بالکل رحم نہیں کرے گا
کیونکہ وہ سب برگشتہ اور بُرے ہیں
اور ہر مُنہ سے بےتُکی باتیں نکلتی ہیں۔
اِس سب کی وجہ سے اُس کا غصہ ٹھنڈا نہیں ہوا ہے
بلکہ اُس کا ہاتھ سزا دینے کے لیے ابھی بھی بڑھا ہوا ہے
18 کیونکہ بُرائی آگ کی طرح بھڑکتی ہے
اور کانٹےدار جھاڑیوں اور جنگلی پودوں کو بھسم کر دیتی ہے۔
یہ جنگل کی گھنی جھاڑیوں کو جلا دے گی
اور وہ دُھوئیں کے بادل بن کر اُڑ جائیں گی۔
19 فوجوں کے خدا یہوواہ کے قہر سے
ملک میں آگ لگ گئی ہے
اور لوگ اِس آگ کا ایندھن بن جائیں گے۔
کوئی بھی شخص اپنے بھائی تک کو نہیں بخشے گا۔
20 کوئی اپنی دائیں طرف سے گوشت کاٹے گا
لیکن پھر بھی بھوکا رہے گا
اور کوئی اپنی بائیں طرف سے گوشت کھائے گا
لیکن پھر بھی اُس کی بھوک نہیں مٹے گی۔
ہر شخص اپنے ہی بازو کا گوشت کھائے گا۔
21 منسّی اِفرائیم کو ہڑپ جائے گا
اور اِفرائیم منسّی کو۔
وہ دونوں یہوداہ کے خلاف ہو جائیں گے۔
اِس سب کی وجہ سے اُس کا غصہ ٹھنڈا نہیں ہوا ہے
بلکہ اُس کا ہاتھ سزا دینے کے لیے ابھی بھی بڑھا ہوا ہے۔