زبور
موسیقار کے لیے۔ یہ گیت ماحلت* کے مطابق گایا جائے۔ داؤد کا مشکیل۔*
53 احمق* لوگ اپنے دل میں کہتے ہیں:
”کوئی یہوواہ نہیں ہے۔“
ایسے لوگوں کے کام بُرے اور گھناؤنے ہیں؛
کوئی بھی شخص اچھے کام نہیں کرتا۔
2 لیکن خدا آسمان سے اِنسان کے بیٹوں کو دیکھتا ہے؛
وہ دیکھتا ہے کہ کسی میں گہری سمجھ ہے یا نہیں
اور کوئی یہوواہ کی رہنمائی حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے یا نہیں۔
3 وہ سب بھٹک گئے ہیں؛
سب کے سب بُرے کام کرتے ہیں۔
کوئی بھی شخص اچھے کام نہیں کرتا،
ایک بھی نہیں۔
4 کیا گُناہگاروں میں سے کوئی بھی سمجھ نہیں رکھتا؟
وہ میرے بندوں کو روٹی کی طرح نگل جاتے ہیں۔
وہ یہوواہ کو نہیں پکارتے۔
5 لیکن اُن پر سخت دہشت طاری ہو جائے گی،
ایسی دہشت جس کا تجربہ اُنہوں نے پہلے کبھی نہیں کِیا ہوگا*
کیونکہ خدا تُم پر حملہ کرنے والوں* کی ہڈیاں بکھیر دے گا۔
تُم اُنہیں شرمندہ کرو گے کیونکہ یہوواہ نے اُنہیں ٹھکرا دیا ہے۔
6 کاش اِسرائیل کی نجات صِیّون سے آئے!
جب یہوواہ اپنے بندوں کو قید سے واپس لائے
تو یعقوب خوشی منائے اور اِسرائیل باغ باغ ہو۔