زبور
موسیقار کے لیے۔ داؤد کا مشکیل۔* یہ گیت اُس وقت کا ہے جب دوئیگ ادومی نے ساؤل کے پاس جا کر اُنہیں بتایا کہ داؤد اخیمَلِک کے گھر گئے تھے۔
52 زورآور شخص! تُم اپنے بُرے کاموں پر شیخی کیوں مارتے ہو؟
کیا تمہیں نہیں پتہ کہ خدا کی اٹوٹ محبت دن بھر قائم رہتی ہے؟
2 تمہاری زبان اُسترے کی طرح تیز ہے؛
یہ سازشیں گھڑتی ہے اور دھوکادہی کرتی ہے۔
3 تُم اچھائی سے زیادہ بُرائی سے محبت کرتے ہو؛
تمہیں سچ بولنے سے زیادہ جھوٹ بولنا پسند ہے۔ (سِلاہ)
4 اَے دھوکادہی کرنے والی زبان!
تجھے ہر نقصاندہ بات سے محبت ہے۔
5 اِسی لیے خدا تجھے ہمیشہ کے لیے ڈھا دے گا؛
وہ تجھے پکڑ لے گا اور تجھے گھسیٹ کر تیرے خیمے سے باہر پھینک دے گا؛
وہ تجھے زمین* سے اُکھاڑ پھینکے گا۔ (سِلاہ)
6 نیک لوگ یہ دیکھیں گے اور عقیدت* سے بھر جائیں گے؛
وہ بُرے شخص پر ہنسیں گے اور کہیں گے:
7 ”دیکھو اِس شخص کو جس نے خدا کو اپنی پناہگاہ* نہیں بنایا تھا
بلکہ اپنی ڈھیر ساری دولت پر اِعتماد کِیا تھا
اور اپنے بُرے منصوبوں پر بھروسا کِیا تھا۔“*
8 لیکن مَیں خدا کے گھر میں زیتون کے ہرے بھرے درخت کی طرح ہوں گا؛
خدا کی اٹوٹ محبت پر میرا بھروسا ہمیشہ ہمیشہ تک قائم رہے گا۔
9 اَے خدا! مَیں ہمیشہ تیری بڑائی کروں گا کیونکہ تُو نے کارروائی کی ہے؛
مَیں تیرے وفادار بندوں کی موجودگی میں ظاہر کروں گا
کہ مَیں نے تیرے نام سے اُمید لگائی ہے کیونکہ یہ اچھا ہے۔