یُوایل
3 ”کیونکہ دیکھو! اُن دنوں اور اُس وقت
جب مَیں یہوداہ اور یروشلم کے لوگوں کو قید سے واپس لاؤں گا
2 تو مَیں ساری قوموں کو بھی جمع کروں گا
اور اُنہیں نیچے وادیِیہوسفط* میں لاؤں گا؛
وہاں مَیں اپنے بندوں اور اپنی وراثت اِسرائیل کی خاطر
اُن کی عدالت کروں گا
کیونکہ اُنہوں نے میرے بندوں کو قوموں میں تتربتر کر دیا
اور میرے ملک کو آپس میں بانٹ لیا۔
3 اُنہوں نے میرے بندوں پر قُرعہ ڈالا؛
اُنہوں نے جسمفروش عورتوں کے بدلے لڑکوں کو بیچا
اور مے پینے کے لیے لڑکیوں کو۔
4 اَے صور اور صیدا اور فِلسطیہ کے سب علاقو!
تمہاری جُرأت کیسے ہوئی کہ تُم میرے ساتھ ایسا کرو ؟
کیا تُم مجھ سے کسی بات کا بدلہ لے رہے ہو؟
اگر تُم مجھ سے بدلہ لے رہے ہو
تو مَیں فوراً تمہارا کِیا تمہارے سامنے لاؤں گا۔
5 تُم نے میرا سونا چاندی لے لیا
اور میرے بہترین خزانے اپنے مندروں میں لے گئے؛
6 تُم نے یہوداہ اور یروشلم کے لوگوں کو یونانیوں کے ہاتھ بیچ دیا
تاکہ اُنہیں اُن کے علاقے سے دُور کر دو
7 اِس لیے مَیں اُنہیں اُس جگہ سے واپس لاؤں گا جہاں تُم نے اُنہیں بیچ دیا تھا
اور تمہارا کِیا تمہارے سامنے لاؤں گا۔
8 مَیں تمہارے بیٹے بیٹیوں کو یہوداہ کے لوگوں کے ہاتھ بیچ دوں گا
اور وہ اُنہیں دُوردراز رہنے والی قوم یعنی سبا کے لوگوں کو بیچ دیں گے
کیونکہ یہوواہ نے خود یہ فرمایا ہے۔
9 قوموں میں یہ اِعلان کرو:
”جنگ کی تیاری کرو!* زورآور آدمیوں کو جوش دِلاؤ!
سارے فوجی آگے بڑھیں اور حملہ کریں!
10 اپنے پھالوں* کو پِیٹ کر تلواریں اور اپنی درانتیوں کو پِیٹ کر نیزے بناؤ۔
کمزور شخص کہے: ”مَیں طاقتور ہوں۔“
11 اِردگِرد کی سب قومو! آ کر جمع ہو جاؤ اور مدد کرو!““
اَے یہوواہ! اپنے زورآوروں* کو وہاں بھیج دے۔
12 ”قوموں کو جوش دِلاؤ اور وہ وادیِیہوسفط میں آئیں
کیونکہ مَیں وہاں بیٹھ کر اِردگِرد کی سب قوموں کی عدالت کروں گا۔
13 درانتی چلاؤ کیونکہ فصل پک چُکی ہے؛
نیچے آؤ اور انگور روندو کیونکہ انگور روندنے کا حوض بھر گیا ہے؛
رس جمع کرنے کا حوض لبالب بھر گیا ہے کیونکہ اُن کی بُرائی بہت بڑھ گئی ہے۔
14 فیصلے کی وادی میں بِھیڑ ہی بِھیڑ ہے
کیونکہ فیصلے کی وادی میں یہوواہ کا دن قریب ہے۔
15 سورج اور چاند تاریک ہو جائیں گے
اور ستاروں کی روشنی بجھ جائے گی۔
16 یہوواہ صِیّون سے گرجے گا؛
وہ یروشلم سے آواز بلند کرے گا
اور آسمان اور زمین لرز جائیں گے
مگر یہوواہ اپنے بندوں کی پناہگاہ ہوگا
اور اِسرائیل کے لوگوں کا قلعہ۔
17 تُم جان جاؤ گے کہ مَیں تمہارا خدا یہوواہ ہوں جو اپنے مُقدس پہاڑ صِیّون پر رہتا ہوں؛
یروشلم ایک مُقدس جگہ بن جائے گا
اور اجنبی* اُس میں سے پھر کبھی نہیں گزریں گے۔
18 اُس دن پہاڑوں سے میٹھی مے ٹپکے گی؛
پہاڑیوں سے دودھ بہے گا
اور یہوداہ کی سب ندیاں پانی سے بھر جائیں گی؛
یہوواہ کے گھر سے ایک چشمہ بہے گا
جس سے کیکر کے درختوں کی وادی سیراب ہوگی۔
19 لیکن مصر اُجڑ جائے گا
اور ادوم اُجڑا ہوا ویرانہ بن جائے گا
کیونکہ اُنہوں نے یہوداہ کے لوگوں پر ظلم ڈھایا
اور اُن کے ملک میں بےگُناہوں کا خون بہایا۔
20 مگر یہوداہ ہمیشہ آباد رہے گا
اور یروشلم نسلدرنسل۔
21 مَیں اُن کے خون کو بےقصور خیال کروں گا
جسے مَیں نے بےقصور خیال نہیں کِیا تھا
اور مَیں یہوواہ صَیّون پر رہوں گا۔“