1-تھسلُنیکیوں
3 جب ہم آپ کی جُدائی مزید برداشت نہ کر سکے تو ہم نے سوچا کہ بہتر ہوگا کہ ہم ایتھنز میں رہیں 2 لیکن اپنے بھائی تیمُتھیُس کو آپ کے پاس بھیجیں جو خدا کے خادم ہیں* اور مسیح کے بارے میں خوشخبری سناتے ہیں۔ کیونکہ ہم چاہتے ہیں کہ وہ آپ کے ایمان کو مضبوط کریں اور آپ کا حوصلہ بڑھائیں 3 تاکہ آپ میں سے کوئی بھی اِن اذیتوں کا سامنا کرتے وقت ڈگمگائے نہیں۔ آپ تو جانتے ہی ہیں کہ ہم ایسی اذیتوں سے بچ نہیں سکتے 4 کیونکہ جب ہم آپ کے ساتھ تھے تو ہم آپ کو بتایا کرتے تھے کہ ہمیں اذیتیں اُٹھانی پڑیں گی۔ اور ایسا ہوا بھی ہے جیسا کہ آپ کو معلوم ہے۔ 5 اِس لیے جب مجھے کافی عرصے سے آپ کی طرف سے کوئی خبر نہیں ملی تو مَیں نے تیمُتھیُس کو یہ پتہ کرنے کے لیے بھیجا کہ آپ کتنی وفاداری سے خدا کی خدمت کر رہے ہیں کیونکہ مجھے ڈر تھا کہ کہیں اِبلیس نے آپ کو ورغلا نہ لیا ہو اور ہماری محنت بےکار نہ ہو گئی ہو۔
6 اب جبکہ تیمُتھیُس آپ کے پاس سے واپس آ گئے ہیں، اُنہوں نے آپ کی وفاداری اور محبت کے بارے میں بڑی اچھی خبر دی ہے۔ اُنہوں نے ہمیں یہ بھی بتایا ہے کہ آپ ہمیں بڑا یاد کرتے ہیں اور اُتنی ہی بےتابی سے ہم سے ملنا چاہتے ہیں جتنی بےتابی سے ہم آپ سے ملنا چاہتے ہیں۔ 7 بھائیو، آپ ہی کی وجہ سے تو ہمیں تکلیفوں اور مصیبتوں کا سامنا کرتے وقت تسلی ملی ہے کیونکہ آپ وفاداری سے خدمت کر رہے ہیں۔ 8 ہاں، یہ سُن کر ہماری جان میں جان آ گئی ہے کہ آپ مالک کے وفادار ہیں۔ 9 ہمیں آپ کی وجہ سے خدا کے حضور بڑی خوشی حاصل ہوئی ہے اور ہمیں سمجھ نہیں آ رہا کہ ہم کس طرح خدا کا شکر ادا کریں! 10 ہم دن رات دلوجان سے خدا سے اِلتجا کرتے ہیں کہ آپ سے مل سکیں اور آپ کے ایمان کی کمی کو دُور کر سکیں۔
11 ہماری دُعا ہے کہ ہمارا باپ خدا اور ہمارے مالک یسوع کوئی راستہ نکالیں تاکہ ہم آپ کے پاس آ سکیں۔ 12 ہماری یہ بھی دُعا ہے کہ ہمارے مالک آپ کی مدد کریں تاکہ آپ ایک دوسرے سے بلکہ سب لوگوں سے اَور زیادہ محبت کریں، بالکل ویسے ہی جیسے ہم آپ سے کرتے ہیں۔ 13 اِس طرح ہمارے خدا اور باپ کے حضور آپ کے دل اُس وقت مضبوط، بےاِلزام اور پاک ہوں گے جب ہمارے مالک یسوع کی موجودگی اپنے سب مُقدسوں کے ساتھ ہوگی۔